پختونخوا میں کرپشن کیخلاف انوکھا اقدام: سرکاری ملازمین سے حلف لیا جائے گا
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے خاتمے کے لیے منفرد حکمت عملی اپناتے ہوئے سرکاری ملازمین سے کرپشن نہ کرنے کا حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے صوبے کے 37 ضلعی ہیلتھ افسران (ڈی ایچ اوز) کو حلفیہ بیان دینے کی ہدایت کی ہے، جس میں وہ بدعنوانی سے مکمل اجتناب کا عہد کریں گے۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ افسران کو مشیر صحت کے دفتر طلب کیا جائے گا، جہاں انہیں تحریری حلف نامے دیے جائیں گے۔
منصوبے کے مطابق تمام افسران اور عملے سے یہ وعدہ لیا جائے گا کہ وہ قومی خزانے کا ناجائز استعمال نہیں کریں گے، ایمانداری سے فرائض سرانجام دیں گے اور صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے خلوص نیت سے کام کریں گے۔ اس حلف نامے میں واضح طور پر درج ہوگا کہ اگر کسی نے کرپشن کی تو وہ اللہ کے عذاب کا مستحق ہوگا۔
صوبائی مشیر صحت احتشام علی نے اس اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کوئی بھی شخص اس سے مستثنیٰ نہیں ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی کے خلاف کرپشن کی شکایت موصول ہوئی اور تحقیقات میں الزام ثابت ہوا تو سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
سرکاری حج ساڑھے 11 لاکھ سے ساڑھے 12 لاکھ روپے تک ہوگا، حج پالیسی منظور
—فائل فوٹواسلام آباد میں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہو گیا، جس میں کابینہ نے ایجنڈے پر موجود بہت سے دوسرے امور کی منظوری دی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2026ء اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس پالیسی 2025ء کی منظوری دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے حج کے لیے سرکاری کوٹہ 70 فیصد اور پرائیویٹ 30 فیصد کر دیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی وزارت کی کارکردگی خراب ہوئی تو تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ 2026ء میں سرکاری حج ساڑھے 11 لاکھ سے ساڑھے 12 لاکھ روپے تک ہو گا۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری کوٹہ 40 فیصد اور پرائیوٹ 60 فیصد کی سمری بھیجی تھی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سرکاری حج کا کوٹہ 70 فیصد اور پرائیویٹ حج کا کوٹہ 30 فیصد کر دیا ہے۔