کیا فیس بک دوبارہ پرانی شکل میں آنے والا ہے؟
اشاعت کی تاریخ: 31st, January 2025 GMT
سان فرانسسکو:فیس بک صارفین کے لیے بڑی اور دلچسپ خبر ہے کہ میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ فیس بک میں جلد ہی بڑی تبدیلیاں کی جائیں گی تاکہ یہ پلیٹ فارم ایک بار پھر ماضی جیسا شاندار محسوس ہو۔
2024 کی آخری سہ ماہی کے دوران کمپنی کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے مارک زکربرگ نے کہا کہ فیس بک دنیا بھر میں 3 ارب سے زائد صارفین کی زندگیوں کا ایک اہم حصہ ہے اور اسے مزید بااثر بنانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح نہیں کیا کہ کون سی تبدیلیاں متوقع ہیں، مگر ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک پرجوش سال ہوگا، جب ہم پرانے بہترین فیس بک کو واپس لائیں گے۔
مارک زکربرگ نے عندیہ دیا کہ آئندہ سال کے دوران کمپنی کی توجہ فیس بک کو مکمل طور پر بہتر بنانے پر ہوگی۔ اس مقصد کے لیے میٹا کچھ کاروباری فوائد کی قربانی دینے کے لیے بھی تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ہم نے فیس بک کو بہتر بنانے پر زیادہ توجہ نہیں دی، مگر اب ہم اس پر وقت لگائیں گے۔
اگرچہ زکربرگ نے پرانے فیس بک کو بحال کرنے کی بات کی لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ پلیٹ فارم کو نئے فیچرز سے محروم کر دیا جائے گا۔ درحقیقت انہوں نے بتایا کہ فیس بک پر ویڈیوز دیکھنے کا وقت ایک سال کے دوران دوگنا ہو چکا ہے اور امید ہے کہ انسٹاگرام اور فیس بک پر ریلز کو دیکھنے کی شرح میں مزید اضافہ ہوگا۔
مارک زکربرگ کے اس اعلان سے یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا فیس بک کو اس کی اصل شکل میں واپس لایا جا رہا ہے یا اسے نئے فیچرز کے ساتھ مزید جدید بنایا جائے گا؟ صارفین کو اگلے 12 ماہ میں بڑی اپڈیٹس کا انتظار کرنا ہوگا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
شاہ محمود قریشی اسپتال منتقل، پی ٹی آئی پرانی قیادت کی ریلیز عمران خان تحریک چلانے کیلئے ملاقات
لاہور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو طبیعت ناساز ہونے پر پی کے ایل آئی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کےمطابق ذرائع نے بتایا کہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے پتے میں پتھری بتائی جا رہی ہے اور ان کے گال بلیڈر کی سرجری ہونی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی 28 اکتوبر سے پی کے ایل آئی میں موجود ہیں جہاں ڈاکٹر فیصل ان کا معائنہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی پرانی قیادت ریلیزعمران خان تحریک چلانے کے لیے تیار اور اس سلسلے میں شاہ محمود قریشی سے پی کے ایل آئی میں ملاقات بھی کی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک میں فواد چوہدری، اسد عمر، عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، سبطین خان اور دیگر رہنما موجود ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور محمود مولوی نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی پرانی قیادت عمران خان سے تحریک کی اجازت بھی لے گی، پی ٹی آئی کی پرانی قیادت سندھ، خیبرپختونخوا سے بھی اپنے پرانے سیاسی لوگوں کو ساتھ ملائے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی پرانی قیادت شاہ محمود قریشی کی رہائی کے بعد عملی طور پر کام کرتے دکھائی دے گی اور مذکورہ قیادت کا مؤقف ہے کہ پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت عمران خان کو باہر نہیں نکال سکتی۔