پاک بحریہ کا بندرگاہوں پر خطرات سے نمٹنے کیلئے 2 روزہ مشقوں کا انعقاد
اشاعت کی تاریخ: 1st, June 2025 GMT
پاک بحریہ نے پاکستان کی بڑی بندرگاہوں پرکسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے دوروزہ مشقیں منعقد کی گئیں، جن کا مقصد اہم بحری تنصیبات کے تحفظ کومزید مؤثربنانا تھا۔ بندرگاہوں کی حفاظتی مشقوں کا انعقاد پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈ کے زیراہتمام کیا گیا ہے،،ان مشقوں میں پاک میرینز،ایس ایس جی، نیوی کے بحری اور فضائی اثاثوں نے حصہ لیا۔
ان مشقوں کا بنیادی مقصد اہم بحری تنصيات کے تحفظ کے لیے طریقہ کار، حربی حکمت عملی کو جانچنا اور مؤثر بنانا تھا۔ ان مشقوں میں پاک بحریہ کی مختلف یونٹس بشمول پاک میرینز، ایس ایس جی (این)، بحری اور فضائی اثاثہ جات نے مربوط كاروائیوں میں حصہ لیا۔
مشق میں مختلف غیر روایتی خطرات اور حملوں کی صورت میں شرکت کرنے والی فورسز کے درمیان باہمی رابطے اور فوری ردعمل کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی گئی۔
مشقوں کے دوران کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل فیصل امین نے مختلف بندر گاہوں کا دورہ کیا اورمشق کے مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے حصہ لینے والی یونٹس کی پیشہ ورانہ مہارت اور باہمی ہم آہنگی کو سراہا۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ملکی بندر گاہوں اور بحری تنصیبات کا تحفظ نہ صرف قومی سلامتی بلکہ اقتصادی ترقی کے لیے بھی بے حد ضروری ہے۔
یہ مشقیں اس امر کی عکاس ہیں کہ پاک بحریہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنی صلاحیتوں میں بتدریج جدت لا رہی ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پاک بحریہ کیلئے مقامی گن بوٹ پی این ایس ساہیوال کی لانچنگ تقریب
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کیلئے مقامی طور پر ڈیزائن کردہ گن بوٹ پی این ایس ساہیوال کی لانچنگ تقریب کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW) میں ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس چیف آف دی نیول سٹاف‘ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی مہمان خصوصی تھے۔ پی این ایس ساہیوال گن بوٹ، پاک بحریہ کے پلیٹ فارم ڈیزائن ونگ (PDW) نے مقامی طور پر ڈیزائن کی ہے اور کراچی شپ یارڈ میں زیرتعمیر ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس گن بوٹ میں طویل فاصلے تک مار کرنے والی سیمی آٹومیٹک گنز نصب کی جائیں گی، جو اسے میری ٹائم مشنز میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں گی۔ مہمانِ خصوصی نے پاک بحریہ کے پلیٹ فارم ڈیزائن وِنگ (PDW) اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW) کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے منصوبے میں تعاون پر وزارتِ دفاعی پیداوار کا بھی شکریہ ادا کیا۔وائس ایڈمرل نے کہانئی تیار کردہ گن بوٹ بحری سکیورٹی کے مختلف امور انجام دے سکتی ہے۔ پاک بحریہ مستقبل میں مزید گن بوٹس کی پروڈکشن پر بھی غور کر رہی ہے‘ یہ عمل خود انحصاری پالیسی کو تقویت دے گا۔ تقریب میں پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام، وزارت دفاعی پیداوار، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس اور شپ بلڈنگ انڈسٹری کے نمائندگان نے شرکت کی۔