جماعت اسلامی کا ملک گیر یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 4th, February 2025 GMT
لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن کاکہنا ہے کہ 5 فروری کو ملک بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و خروش سے منایا جائے گا، جہاں نہ صرف کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کریں گے بلکہ ملک میں جاری مہنگی بجلی اور معاشی بحران کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک کے آئندہ لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان کے عوام آزادی کشمیر کی صبح تک کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی جدوجہد میں ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے، کشمیر کا معاملہ صرف جہاد کے ذریعے ہی حل ہوسکتا ہے۔
“کشمیر پاکستان کی شہ رگ، آزادی کے بغیر تحریکِ پاکستان نامکمل”
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی نظریاتی، جغرافیائی اور معاشی شہ رگ ہے اور اس کی آزادی کے بغیر تحریکِ پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں، بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف عالمی برادری کو عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
کشمیریوں کے حق میں عالمی سطح پر مضبوط آواز اٹھانے کا مطالبہ
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی کشمیری عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، حکومتِ پاکستان بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے مسئلے کو مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرے اور او آئی سی، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو بھارت کے ظلم و جبر کے خلاف متحرک کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
مہنگی بجلی اور عوامی مسائل پر بھی تحریک کا عندیہ
انہوں نے مزید کہاکہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مہنگی بجلی، بے روزگاری، مہنگائی اور بدعنوانی کے خلاف بھی جماعت اسلامی کی احتجاجی حکمتِ عملی پیش کرینگے، عوام نہ صرف کشمیریوں کی آزادی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں بلکہ ملک میں جاری مہنگائی، کرپشن اور ظالمانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف بھی جماعت اسلامی کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی کے خلاف
پڑھیں:
لبنان: اسرائیلی ڈرون حملے میں جماعت اسلامی کے رہنما شہید
بیروت: جنوبی لبنان میں اسرائیلی ڈرون حملے میں جماعت اسلامی کے رہنما سمیت دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں کار پر کیے گئے ایک اور حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں جماعت اسلامی لبنان کے رہنما حسین عطوی کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق حسین عطوی لبنان سے اسرائیلی علاقوں میں حملوں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں ملوث تھے اور وہ حماس کے ساتھ بھی ہم آہنگی رکھتے تھے۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق ایک شخص کفریاچت میں ڈرون حملے میں جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا ہولا کے علاقے میں ایک مکان پر حملے میں جان سے گیا۔
اسرائیلی ڈرونز صبح سے ہی ان علاقوں میں پرواز کرتے رہے، جس کے بعد حملے کیے گئے۔
جماعت اسلامی لبنان نے اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ ان کے رہنما حسین عطوی جو کہ تنظیم کے مسلح ونگ "فجر فورسز" کے کمانڈر بھی تھے، اس حملے میں جاں بحق ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ وہ اپنے گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ اسرائیلی ڈرون حملے میں نشانہ بنے۔ گروپ نے اسرائیل کو اس قتل کا ذمے دار ٹھہراتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔
واضح رہے کہ نومبر سے لبنان میں ایک جنگ بندی معاہدہ نافذ ہے جس کی اسرائیل کی جانب سے مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
لبنانی حکام کے مطابق سرائیل اب تک 2,763 سے زائد خلاف ورزیاں کرچکا ہے جن میں 193 افراد جاں بحق اور 485 زخمی ہو چکے ہیں۔
معاہدے کے تحت اسرائیل کو 26 جنوری تک جنوبی لبنان سے مکمل انخلا کرنا تھا جو تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔
اسرائیلی افواج اب بھی پانچ سرحدی چوکیوں پر قابض ہیں جسے لبنان اور دیگر مزاحمتی گروپ اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں۔