ملائیشین رہنمائوں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بریفنگ
اشاعت کی تاریخ: 13th, February 2025 GMT
حریت وفد نے ملاقات کے دوران ملائیشیا کے نمائندوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جن میں دوران حراست قتل، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور قابض بھارتی فورسز کی طرف سے منظم خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے ایک وفد نے ملائیشیا میں اسلامی تنظیموں کی مشاورتی کونسل (MAPIM) کے صدر محمد اعظمی عبدالحمید اور دیگر رہنمائوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حریت رہنما الطاف حسین وانی کی زیر قیادت وفد میں ایڈوکیٹ پرویز احمد، شمیم شال، سید فیض نقشبندی اور شیخ عبدالمتین شامل تھے۔ حریت وفد نے ملاقات کے دوران ملائیشیا کے نمائندوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا جن میں دوران حراست قتل، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور قابض بھارتی فورسز کی طرف سے منظم خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ الطاف حسین وانی نے کہا کہ بھارتی حکومت کا مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات معمول پر آنے کا بیانیہ عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے دھوکہ دہی پر مبنی ایک ہتھکنڈا ہے۔ وفد نے ملائیشین رہنمائوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی مسلم شناخت کو مٹانے کے لئے مندروں کی تعمیر اور علاقے میں ہندوتوا کے ایجنڈے کو مسلط کرنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا۔ ملائیشیا کے وفد نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں، بھارت کی طرف سے مسلط کی جانے والی آبادیاتی تبدیلیوں اور علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کی منظم کوششوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے قومی اور بین الاقوامی فورمز پر کشمیریوں کی حالت زار کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کا یقین دلایا۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں وفد نے
پڑھیں:
حریت کانفرنس کا مشن واضح اور غیر متزلزل ہے، ہم اپنے شہداء کے خون کے امین ہیں، غلام محمد صفی
ذرائع کے مطابق غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس کا مشن واضح اور غیر متزلزل ہے، ہم اپنے شہداء کے خون کے امین ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر ایک زندہ اور متحرک جدوجہد ہے جس کی بنیاد عوام کے عزم، قربانیوں اور نوجوانوں کی عملی شمولیت پر ہے۔ ذرائع کے مطابق غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں نوجوانوں کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس کا مشن واضح اور غیر متزلزل ہے، ہم اپنے شہداء کے خون کے امین ہیں اور آزادی کی اس جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ہر مکتبہ فکر، خاص طور پر نوجوانوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ نوجوان ہی تحریک کا اصل سرمایہ ہیں اور ان کے بغیر کسی بھی قوم کی آزادی کی جدوجہد مکمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس آئندہ بھی آزاد کشمیر اور پاکستان میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتی رہے گی تاکہ کشمیری عوام کے بنیادی حق، حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رہے۔
وفد میں سابق وزیراعظم آزادکشمیر تنویر الیاس خان کے کوآرڈینیٹر برائے مہاجرین عامر عباسی، سابق امیدوار ضلع کونسل مظفرآباد سردار اشتیاق لیاقت اعوان، صدر اسٹوڈنٹس ونگ تحریک شباب المسلمین سردار ریاض اعوان اور معروف تاجر سجاد احمد بٹ شامل تھے۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، بھارتی ریاستی دہشت گردی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے غلام محمد صفی کی زیرقیادت پاکستان اور آزاد کشمیر میں حریت کانفرنس کے پلیٹ فارم سے منعقد ہونے والی مختلف تقریبات اور پروگراموں کو سراہا جن کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور دنیا تک کشمیری عوام کا حقیقی موقف پہنچانے کی موثر کوششیں کی گئیں۔
حریت کانفرنس کی سرگرمیوں میں نوجوان نسل کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو انتہائی خوش آئند اور تحریک آزادی کشمیر کے مستقبل کے لیے ایک مثبت اور انقلابی پیش رفت قرار دیا گیا۔ نوجوانوں کی بیداری کو تحریک میں ایک فعال اور موثر قوت میں ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز عالمی سطح پر مزید موثر انداز میں بلند کی جا سکے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔