اسٹرابیری کوئیک نامی ٹافی میں منشیات کی آمیزش کا انکشاف
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلابی گولیوں والی اسٹرابیری کوئیک نامی کینڈی میں منشیات کی آمیزش کا انکشاف ہوا ہے، ان ٹافیوں سے بچوں کو بچائیں۔ انسداد منشیات کی ٹیم نے اسکول اور بچوں کی ٹافیوں کی دکانوں پر چھا پے مارنے کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اسٹرابیری کوئیک نامی کینڈی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ ’’اسٹرابیری کوئیک‘‘ میٹھے زہر کا نیا روپ ہے۔ ’’اسٹرابیری کوئیک‘‘ جان لیوا زہر ہے۔ کرسٹل میتھ کو کینڈی بناکر بچوں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔ والدین اپنے بچوں کو کوئی بھی مشکوک کینڈی لینے سے روکیں۔ کچھ اسی طرح کے پیغام اس وائرل پوسٹ کے ساتھ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم بشمول فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ گروپ میں بھی چلائے جارہے ہیں جس کے بعد شہریوں میں تشویش پیدا ہورہی ہے۔ اسٹرابیری کوئیک میتھ کی ان وائرل پوسٹوں اور والدین کی تشویش کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بارے میں تحقیقات کرتے ہوئے ان نشہ آور گولیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ واضح رہے کہ چھوٹے گلابی ٹیڈی بیئرز کی تصویر ایک جھوٹے کیپشن کے ساتھ وائرل ہوئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے، ’’اسکولوں کے باہر فروخت کی جاری ہے والدین کو اس کے بارے میں جاننا چاہیے ’اسکولوں میں نئی خطرناک منشیات سے بھری ہوئی ٹافیاں اسٹرابیری کوئیک‘‘ کے نام سے جانی جاتی ہے۔ تمام والدین اور سرپرستوں سے گزارش ہے کہ اپنے بچوں کو سختی سے ہدایت پر عمل کرائیں کہ کسی اجنبی سے کینڈی نہ لیں۔ کسی دوست سے بھی ایسی کوئی چیز قبول نہ کریں جو کینڈی کی طرح لگتی ہو، کیونکہ ہوسکتا ہے کہ اسے بھی دھوکے میں دے دی گئی ہو۔ اگر ایسی کوئی چیز ان کے پاس ہو تو فوری طور پر کسی استاد، پرنسپل یا ذمہ دار فرد کو دے دیں۔ضلعی انتظامیہ بھی اس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کرنے جا رہی ہے۔ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں تاکہ ہم مل کر اس خطرے کو روک سکیں اور کسی بڑے نقصان سے بچ سکیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: اسٹرابیری کوئیک
پڑھیں:
منشیات کی قطر، سعودی عرب اور دبئی اسمگلنگ کی کوششیں ناکام؛ ملزمان گرفتار
راولپنڈی:اینٹی نارکوٹکس نے منشیات کی قطر، سعودی عرب اور دبئی اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران 8 مختلف کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کرکے 65 لاکھ سے زائد مالیت کی 57.325 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی ہے۔
حکام نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوحا جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 788 گرام آئس برآمد کرلی۔ علاوہ ازیں ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ میں چھپائی گئی 1460 عدد نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں جب کہ اسلام آباد میں کوریئر آفس میں دبئی بھیجے جانے والے پارسل سے 4.485 کلو مشتبہ منشیات برآمد ہوئی ہے۔
اُدھر پسنی، گوادر کے غیر آباد علاقے سے اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 46 کلو چرس برآمد ہوئی جب کہ جناح کرکٹ اسٹیڈیم سیالکوٹ کے قریب سے 2 ملزمان سے 2.4 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ علاوہ ازیں کوئٹہ میں کوریئر آفس کے ذریعے خانیوال بھیجے جانے والے پارسل سے 2 کلو آئس برآمد ہوگئی۔
پشاور میں کوریئر آفس کے ذریعے لاہور گوجرانوالہ اور فیصل آباد بھیجے جانے والے پارسل سے مجموعی طور پر 130 گرام چرس اور 600 عدد نشہ آور گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ شاہ خاکی راولپنڈی کے قریب ملزم سے 1 کلو چرس برآمد ہوئی ہے۔
اے این ایف نے گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔