وشواگرو خواب، مودی کا تشخص ٹرمپ کے ہاتھوں دھندلا گیا
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی اخبارʼدی ہندوʼ گروپ کے معروف میگزین ” فرنٹ لائن” نے مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی طاقت کے توازن کو ہلا کر رکھ دیا ، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا “وشواگرو” کا بیانیہ زمین بوس ہو گیا، سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کا بھارتی خواب بھی چکنا چور ہوگیا ۔
وائٹ ہاؤس میں مودی کو سرد استقبال ملا، جبکہ ٹرمپ نے بھارت کو مہنگے معاہدوں کی طرف دھکیل دیا، جس سے اسٹریٹجک خودمختاری اب محض انحصار دکھائی دیتی ہے۔
یاد رہے وشواگرو” ایک عظیم الشان تصور ہے جو بھارت کو عالمی رہنما کے طور پر پیش کرتا ہے۔
میگزین کے مطابق چھ ماہ قبل اگست 2024 میں، مودی نے یوکرین کا دورہ کیا تھا تاکہ روس کے تین سالہ “خصوصی فوجی آپریشن” کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی کوشش کریں۔ اس سے ایک ماہ قبل وہ ماسکو میں پیوٹن سے ملے تھے، لیکن یوکرین کے صدر زیلنسکی نے واضح کیا کہ بھارت کا کوئی مذاکراتی کردار نہیں۔
اب ٹرمپ نے بغیر کیف یا ماسکو جائے یہ جنگ ختم کر دی، اور بھارت کو نظرانداز کرتے ہوئے پیوٹن سے ملاقات کے لیے سعودی عرب کو میزبان منتخب کیا۔
اپنے ایک ماہ کے اقتدار میں، ٹرمپ نے یورپ کے 500 سالہ غلبے کو ختم کر دیا اور بھارت کے عالمی اثر و رسوخ کو سوالوں کے گھیرے میں لا کھڑا کیا۔ واشنگٹن میں مودی کے دورے کے دوران کوئی بڑا امریکی رہنما ان کے استقبال کے لیے موجود نہ تھا، جبکہ اسرائیل اور جاپان کے رہنماؤں کو گرمجوشی سے نوازا گیا۔ یہ اشارہ تھا کہ مودی نے خود ملاقات کی خواہش خود ظاہر کی تھی۔
ٹرمپ نے مودی سے ملاقات سے قبل ایلون مسک سے بات چیت کا اہتمام کیا، جو بھارت میں ٹیسلا کاریں اور اسٹارلنک انٹرنیٹ متعارف کرانا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ نے بھارت کو ایف-35 لڑاکا طیاروں کی خریداری کا پابند کیا، جن کی قیمت فی طیارہ 80 کروڑ روپے ہے، حالانکہ مسک خود اسے فرسودہ قرار دے چکے ہیں۔ مزید برآں، ٹرمپ نے بھارت کو روس کے سستے تیل کے بجائے امریکا سے مہنگا تیل اور گیس خریدنے کا حکم دیا، جس سے بھارتی عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھے گا۔
ٹرمپ نے مودی کو کچھ “تحائف” دیے، ان کی کرسی کھینچی، ایک کتاب پر “عظیم رہنما” لکھ کر دستخط کئے اور ممبئی حملوں کے ملزم کی حوالگی کا وعدہ کیا۔ دونوں نے جوہری تجارت کے وعدے بھی دہرائے، جو 20 سال سے سننے میں آ رہے ہیں۔
لیکن مودی کے واپس لوٹنے کے دو روز بعد، امریکی حکومت نے گوتم اڈانی گروپ کو نوٹس جاری کرنے کا مطالبہ کیا، جن پر امریکی سرمایہ کاروں کو دھوکہ دینے اور بھارتی حکام کو رشوت دینے کا الزام ہے۔
افواہیں پھیلائیں گئی کہ بھارت کو برکس سے دور رکھا جائے گا، جبکہ سعودی عرب اور مصر نے ٹرمپ کے غزہ کے منصوبوں کو مسترد کر دیا۔
اقوام متحدہ کی مستقل رکنیت کا بھارتی خواب بھی اب دھندلا گیا ہے۔ مودی کے حامی انہیں وشواگرو کہتے رہیں، لیکن عالمی طاقتوں کے لیے وہ اب صرف ایک نمائشی رہنما ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
پنجاب کے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانا میرا خواب ہے: مریم نواز
لاہور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں اور بہتری لانا ہی میرا خواب ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فیصل آباد ڈویژن کے ارکان صوبائی اسمبلی عارف محمود گل اور آغا علی حیدر نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور اور صوبے بھر میں جاری ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام شروع کرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا، ارکان اسمبلی نے مہنگائی میں کمی اور پنجاب کی تاریخ کے سب سے زیادہ پراجیکٹ کی کامیاب لانچنگ پر مبارکباد بھی پیش کی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی عارف محمود گل کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہیں، ادویات کا تمام سرکاری ہسپتالوں سے فری ملنا پنجاب حکومت کی کارکردگی کو چار چاند لگا رہا ہے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور ستھرا پنجاب پروگرام سے شہروں اور دیہات میں یکساں صفائی کا نظام قابل تحسین ہے۔
ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر کا کہنا تھا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف صوبے کے لوگوں میں گھر کر رہی ہیں۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کر چکے ہیں، پاکستان کے عوام کی خدمت کرنا ہی مسلم لیگ (ن) کا کام ہے، عوام سے کئے وعدے انشاء اللہ پورے کریں گے۔
Post Views: 1