چیمپئنز ٹرافی: جنوبی افریقا کا افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
کراچی:
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سہ پہر 2:00 بجے شروع ہوگا۔
افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی کا کہنا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو ہم بھی بولنگ کرتے۔ ہم نے شارجہ میں جنوبی افریقہ کے خلاف معیاری کرکٹ کھیلی، ہمارے پاس بہترین اسپنرز موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جلدی وکٹیں لیکر اچھی شروعات کریں گے اور کوشش ہوگی کہ جنوبی افریقا کو کم اسکور تک محدود رکھیں۔
جنوبی افریقا کے کپتان ٹمبا باوُوما نے کہا کہ وکٹ عام طور پر پاکستان میں جیسی ہوتی ہے اس سے مختلف لگ رہی ہے۔ یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ یہ کیسا برتاؤ کرے گی۔ ہمیں وکٹ کا جائزہ لینا ہوگا، امید ہے کہ اچھا اسکور بورڈ پر لگا سکیں گے۔
جنوبی افریقا کے کپتان نے کہا کہ ہمیں اپنی بولنگ پر مکمل اعتماد ہے، ہماری مستقل مزاجی ہماری طاقت رہی ہے۔ ہم صرف ایک اسپنر کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: جنوبی افریقا
پڑھیں:
کراچی: شاہ فیصل کالونی میں پارک پر قبضے کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر
کراچی:شاہ فیصل کالونی میں پارک کی زمین پر قبضے کے خلاف جماعت اسلامی کے یو سی چیئرمین نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
درخواست گزار چیئرمین یوسی 2 الفلاح شاہ فیصل ٹاؤن سیف الدین نے درخواست عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ شاہ فیصل کالونی کے قائداعظم پارک پر نامعلوم افراد کی جانب سے قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ 2022 میں کے ایم سی نے مذکورہ پارک کا کنٹرول ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کو منتقل کیا تھا۔ نامعلوم افراد پارک کے گرد دیوار بنا کر غیر قانونی تعمیرات کر رہے ہیں۔
ڈی جی پارکس، کمشنر کراچی سمیت دیگر حکام کو شکایت کے باوجود کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول آرڈیننس کے تحت فلاحی پلاٹ کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
فلاحی پلاٹ پر کمرشل سرگرمیوں کے خلاف سپریم کورٹ کے بھی متعدد فیصلے موجود ہیں۔ قائداعظم پارک میں تجاوزات اور تعمیرات کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔
کے ایم سی، کمشنر کراچی، پولیس و دیگر کو تجاوزات ختم کرنے کا حکم دیا جائے۔ فریقین کو پارک کی اراضی کسی مقصد کے استعمال سے روکنے کا حکم دیا جائے۔