یوٹیلیٹی اسٹورز بند نہیں ہوں گے، انتظام بہتر بناکر نجکاری کی جائے گی( حکومت کا اعلان)
اشاعت کی تاریخ: 22nd, February 2025 GMT
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے ایوان بالا میں پالیسی بیان میں کہا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند نہیں کیا جائے گا نظام کو بہتر کر کے نجکاری ہوگی، پاک سیکرٹریٹ کے باہر 2 روز سے احتجاج کرتے سرکاری ملازمین کا معاملہ بھی سینیٹ پہنچ گیا، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ڈان نیوز کے مطابق سینیٹ کا اجلاس پریذائیڈنگ افسر عرفان صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوا، پیپلزپارٹی کے سینیٹرز شہادت اعوان اور شیری رحمن نے سرکاری ملازمین کے 2 روز سے جاری احتجاج کا معاملہ ایوان میں اٹھایا۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ وزیر خزانہ ملازمین کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، ملازمین کی بات سنی جائے گی لیکن بلیک میل کسی سے نہیں ہوںگے۔ ایوان میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی بندش کے حوالے سے سوال پر وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے پالیسی بیان میں بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز بند نہیں کریں گے،نجکاری ہوگی جس کے لیے اصلاحاتی عمل اپنایا جا رہاہے۔اپوزیشن نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کے گزشتہ اجلاس میں اپنائے گئے رویے کے خلاف سینیٹ اجلاس کی کارروائی کابائیکاٹ کیا جبکہ اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے معاملے پر شدید تنقید بھی کی۔ اجلاس میں نیپرا انتظامیہ کی جانب سے کابینہ کی منظوری کے بغیر تنخواہوں میں اضافے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔پریذائڈنگ افسر عرفان صدیقی نے بلوچستان میں پنجاب کے 7شہریوں کے المناک قتل کو بلوچستان اور پنجاب کے درمیان منافرت کے بجائے دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان کوئی منافرت نہیں نہ کوئی منافرت پھیلا سکتا ہے۔ایجنڈے میں شامل معمول کی دیگر کارروائی کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: یوٹیلیٹی اسٹورز
پڑھیں:
سکیورٹی خدشات، شام 5 بجے کے بعد پنجاب سے بلوچستان کیلئے سفر پر مکمل پابندی
بلوچستان میں حالیہ مسافر قتل کے واقعہ کے بعد حکومت نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظراہم قدم اٹھایا ہے۔ڈپٹی کمشنرڈیرہ غازی خان عثمان خالد نے اعلان کیا ہے کہ شام 5 بجے کے بعد پنجاب سے بلوچستان جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کوبواٹہ چیک پوسٹ پرروک دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، یہ اقدام مسافروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے کیا جا رہا ہے۔ٹرانسپورٹرزاورشہریوں سے اپیل کی گئی کہ شام کے وقت سفرسے گریزکریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔