Daily Ausaf:
2025-06-09@15:22:22 GMT

مُہمّات، مذاکرات اور مکتوبات سے ’گرینڈ الائنس تک

اشاعت کی تاریخ: 25th, February 2025 GMT

چیف جسٹس، مسٹر جسٹس یحییٰ آفریدی، عدالتی نظام میں اصلاحات کے لئے لا اینڈ جسٹس کمیشن کی تیار کردہ دس نکاتی تجاویز پر وسیع تر مشاورت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم اور اُن کے قانونی مشیروں کے بعد چیف جسٹس نے پی۔ٹی۔آئی کے آٹھ رُکنی وفد سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد پی۔ٹی۔آئی کے زُعما نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے قوم کو آگاہ کیا کہ انہوں نے جناب چیف جسٹس کے سامنے کس صراحت کے ساتھ اپنا مقدمہ پیش کیا۔ میڈیا کی زینت بننے والی تفصیلات سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس طویل ملاقات کے دوران میں، پی۔ٹی۔آئی کے بھاری بھرکم وفد نے، عدالتی نظام میں اصلاحات بارے کوئی ایک بھی تجویز پیش نہیں کی۔ شرکاء نے اِس امر کو یقینی بنایا کہ وہ اڈیالہ جیل کے مدار سے بال برابر بھی باہر نہ نکلیں۔ شکایات کا انبار لگا دیاگیا۔ جب اصلاحاتی ایجنڈے بارے سوال کیاگیا تو جواب آیا _ ’’ہمیں مہلت دی جائے تاکہ ہم اِن تجاویز بارے اپنا موقف پیش کرسکیں۔‘‘ چیف جسٹس نے ہمیشہ آتشِ زیر پا رہنے والی شعلہ صفت پارٹی کے زُعما کو صائب مشورہ دیا کہ وہ ایجی ٹیشن اور بائیکاٹ کی سیاست کے بجائے سسٹم کے اندر رہتے ہوئے اپنا جمہوری کردار ادا کرے۔
کیا تحریکِ انصاف، چیف جسٹس کے مشورے پر کان دھرے گی؟ شاید ہی کوئی انتہا درجے کا خوش گمان، اِس سوال کا جواب ہاں میں دے سکے۔ سسٹم کے اندر رہتے ہوئے، آئین وقانون کے تقاضوں، پارلیمانی روایات اور جمہوری اقدار کے مطابق کردار ادا کرنا پی۔ٹی۔آئی کی سرشت میں ہی نہیں۔ ایجی ٹیشن اور بائیکاٹ اِس کی غذا ہیں اور رُبع صدی سے یہی غذا اُسے زندہ رکھے ہوئے ہے۔ وہ بھاری تعداد میں قومی اسمبلی میں موجود ہے اور سینٹ میں بھی۔ کسی پارلیمانی رپورٹر کو، دونوں ایوانوں سے مصدقہ ریکارڈ حاصل کرکے بتانا چاہیے کہ پی۔ٹی۔آئی کے ارکان کی کارکردگی کیا رہی؟ اُس نے کتنا وقت احتجاج، نعروں، غُل غپاڑے، کاغذات کے پُرزے اُڑانے اور ایوان کو مچھلی بازار بنانے میں صرف کیا؟ کتنا وقت واک آئوٹ اور بائیکاٹ کی نذر کیا؟ قانون سازی کو کس سنجیدگی سے لیا؟ دونوں ایوانوں میں کتنے بل لے کر آئی؟ حکومتی بلوں میں کتنی ترامیم پیش کیں اور اہم قومی مسائل پر کتنی فکر انگیز تقاریر کیں؟ سسٹم کے اندر رہتے ہوئے البتہ وہ تنخواہ سمیت اُن تمام مراعات وسہولیات سے مستفید ہو رہی ہے جو ارکانِ پارلیمنٹ کو حاصل ہیں۔ سپیکر سردار ایاز صادق کے پاس وہ دستاویز موجود ہے جس پر پی۔ٹی۔آئی کے ساٹھ سے زائد ارکان نے، تنخواہوں میں حالیہ اضافے کی استدعا کی ۔
پارلیمانی کارکردگی سے ہٹ کر بھی اُس کا کردار وعمل، سنجیدہ فکری اور بالغ نظری سے عاری رہا۔ 9 مئی اور 26 نومبر جیسی بے برگ و ثمر مہم جُوئی کے بعد عمران خان نے، ماضی کے موقف اور اپنے مقبول ترین بیانیے کو ایک طرف رکھتے ہوئے اُس حکومت سے مذاکرات کا فیصلہ کیا جسے وہ فارم ’47‘ کی پیداوار اور دھاندلی سے مسلط کردہ کہتے تھے جس حکومت میں شریک جماعتوں کو چوروں اور ڈاکوئوں کا ٹولہ قرار دیتے تھے۔ جن کے بارے میں تواتر سے اعلان جاری ہوتے تھے کہ کسی سے بھی بات ہوسکتی ہے، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سے نہیں۔ خان صاحب کا یہ فیصلہ، بہرطور زمینی حقائق کے جبر کا نتیجہ تھا لیکن اتنا بڑا کڑوا گھونٹ پینے کے بعد بھی جب پی۔ٹی۔آئی مذاکرات کی میز پہ بیٹھی تو خُوئے تصادم ساتھ لے کر آئی۔ مطالبات کی دستاویز کو چارج شیٹ بنادیا اور اِس مشق کے منطقی انجام تک پہنچنے سے قبل ہی ایک خود تراشیدہ بہانے کی آڑ میں گھر چلی گئی۔ پھر یکایک خطوط نویسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اِن خطوط کا لب ولہجہ بھی جارحانہ بلکہ باغیانہ رہا۔ چیف جسٹس کو لکھے گئے ساڑھے تین سو صفحات پر مشتمل خط کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔ جنرل سید عاصم منیر کو خط لے جانے والا کبوتر مارگلہ کی پہاڑیوں اور گھاٹیوں پر دیر تک بھٹکنے کے بعد لاپتہ ہوگیا۔ کئی دِنوں بعد اُس کے پَر دامنِ کوہ کی ڈھلوانوں پر بکھرے پڑے ملے۔ خط کا کوئی سراغ نہ ملا۔ اگر یہ خطوط ہمہ نوع اُلجھائو کے سُلجھائو کے لئے ہوتے تو کم ازکم قومی سطح پر بحث ونظر کا سنجیدہ موضوع ضرور بن جاتے لیکن ہر خط ایک فردِجرم کی تصویر تھا۔ سو یہ مشق بھی ’مشقِ رائیگاں‘ ہی ٹھہری۔
بے ثمر مذاکرات اور بے مغز مکتوبات کے بعد اَب پی۔ٹی۔آئی اُن اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ’گرینڈ الائنس‘ بنانے جا رہی ہے جس کے قائد ین کو وہ برس ہا برس سے مغلظات سنا رہی تھی۔ کیا یہ بیل منڈھے چڑھ پائے گی؟ بظاہر امکانات بہت کم ہیں۔ بنیادی وجہ یہ ہے کہ پی۔ٹی۔آئی کا کوئی سنجیدہ حکمت شعار نظم ہے نہ ایسا ٹھوس مشاورتی ڈھانچہ جو عمران خان کو قائل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ عالم یہ ہے کہ جماعت کے سینئر راہنما بھی ہر آن کسی نادیدہ خوف کے آسیب کا شکار دکھائی دیتے ہیں اور لب کشائی کرتے ہوئے ہچکچاتے ہیں کہ کہیں کوئی جملہ، سرزنش کا باعث نہ بن جائے۔ ہر بات، ہر معاملہ، چھوٹا ہے یا بڑا ، عمران خان کی جنبش لب اور افتادِ طبع سے بندھا ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمرایوب خان نے دو دِن پہلے بتایا کہ چیف جسٹس سے ملاقات سے پہلے ہم نے تین بار عمران خان سے اجازت لی۔ جب پارٹی کے سرکردہ راہنمائوں کے لئے خان صاحب کی ایک ہاں کافی نہ ہو اور تین بار ’ہاں‘ کا شرعی تقاضا لازم جانے تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ خان صاحب کی کڑی گرفت کا عالم کیا ہے؟ اپوزیشن جماعتیں بھی بخوبی جانتی ہیں کہ عمران خان صرف اپنی فکرِ خداداد کو ہی حرفِ آخر خیال کرتے ہیں۔
ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ کیا اپوزیشن جماعتیں ہنگامہ وپیکار، تُوتکار اور کوچہ وبازار جیسی حکمتِ عملی اپنا سکیں گی جو پی۔ٹی۔آئی کا طرۂِ امتیاز ہے؟ کیا وہ ترسیلاتِ زر نہ بھیجنے، آئی۔ایم۔ایف کو پاکستان کی مدد سے روکنے، عالمی پارلیمانوں کو پاکستان کے اندرونی معاملات بارے اُکسانے، قومی سلامتی کے ضامن اداروں کو نشانہ بنانے، سوشل میڈیا کے طفلانِ خودمعاملہ کے زور پرنفرتوں کے الائو بھڑکانے، پاکستان کی صورتِ حال کو غزہ اور مقبوضہ کشمیر سے بدتر قرار دینے ، 26 نومبر کو جلیانوالہ باغ کے قتل عام کے مماثل قرار دینے اور 278 کارکنوں کے سینے چھلنی کردیے جانے والے بے ننگ ونام جھوٹ جیسی مکروہ سوچ کے ساتھ چل سکیں گے؟ ’’گرینڈ الائنس‘‘ وجود میں آنے سے پہلے ہی پی۔ٹی۔آئی نے رمضان کے بعد تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ اِس تحریک کے اہداف ومقاصد کیا ہوں گے ؟ کوئی نہیں جانتا۔ جو کچھ بھی ہوگا اُس کا انحصار سیاسی راہنمائوں کی باہمی گفت وشنید پر نہیں ، خان صاحب کی صوابدید پر ہے۔
سیاسی اتحاد ایک خاص طرح کی آب وہوا بھی مانگتے ہیں۔ پی۔ٹی۔آئی کی طوفانی اور تلاطم پسند سرشت ایسے بے آب و رنگ خرخشوں کو پسند نہیں کرتی۔ اپوزیشن جماعتوں کو اپنا سارا اثاثہ پوٹلی میں باندھ کر پی۔ٹی۔آئی کی ایسی شکستہ کشتی میں سوار ہونے سے پہلے سوچنا ہوگا جس کے ملّاح کی ہنگامہ جُو اُفتادِ طبع، کسی آن کوئی کرشمہ دکھا سکتی ہے۔
عمربھر عُقدہ کُشا شخصیات کی چھتر چھائوں میں رہنے والی تحریک انصاف آج ایک دشتِ بے اماں میں ہے اور سورج سوا نیزے پر کھڑا ہے۔ یہ سب کچھ اُس کے شاہ دماغ بانی کے دستِ بے ہنر کا اعجاز ہے۔ آگے دیکھتے ہیں کہ
’’زمین چمن گُل کھلاتی ہے کیا کیا ؟ ‘‘

.

ذریعہ: Daily Ausaf

کلیدی لفظ: پی ٹی ا ئی کے چیف جسٹس کے بعد

پڑھیں:

چین امریکا تجارتی مذاکرات پیر کو لندن میں ہوں گے

امریکا اور چین کے مابین تجارتی مذاکرات لندن میں پیر کو ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چین امریکا سیزفائر، دونوں ممالک محصولات 3 ماہ کے لیے کم کرنے پر راضی

سی این بی سی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور ٹرمپ انتظامیہ کے 2 دیگر اہلکار پیر کو لندن میں اپنے چینی ہم منصبوں سے تجارتی مذاکرات کے لیے ملاقات کریں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ بیسنٹ، جو بیجنگ کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے انتظامیہ کی کوششوں کی رہنمائی کر رہے ہیں، ان کے ساتھ کامرس سیکریٹری ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر بھی شامل ہوں گے۔

صدر نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ میٹنگ بہت اچھی طرح سے چلنی چاہیے۔

مزید پڑھیے: مصنوعی ذہانت کی دنیا میں چین امریکا کو پیچھے چھوڑنے کے قریب پہنچ گیا

ٹرمپ نے سب سے پہلے انکشاف کیا تھا کہ جمعرات کو چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ طویل فون کال کے بعد مزید تجارتی بات چیت کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

دونوں ممالک نے گزشتہ ماہ جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے دوطرفہ تجارتی مذاکرات کے بعد ایک دوسرے کے سامان پر زیادہ تر محصولات عارضی طور پر کم کر دیے۔

امریکی کامرس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے چپ انڈسٹری کو چینی سیمی کنڈکٹرز کے استعمال کے خلاف خبردار کرنے کے بعد چین نے احتجاج کیا تھا۔ چین نے ٹرمپ انتظامیہ کے حالیہ اعلان پر بھی اعتراض کیا کہ وہ امریکا میں تعلیم حاصل کرنے والے کچھ چینی طلبا کے ویزے منسوخ کر دے گا۔

مزید پڑھیں: چین امریکا کی ٹیرف وار کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مسعود خان

دریں اثنا ٹرمپ انتظامیہ نے چین پر الزام لگایا ہے کہ وہ جنیوا میں کیے گئے ایک وعدے کے مطابق سست روی کا مظاہرہ کر رہا ہے جس میں اضافی اہم معدنیات، جنہیں نایاب زمین کے نام سے جانا جاتا ہے، امریکا کو برآمد کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین امریکا تجارتی مذاکرات چین امریکا مذاکرات

متعلقہ مضامین

  • افغانستان سے مذاکرات میں کے پی کو بھی شامل کیا جائے، علی امین گنڈا پور
  • شیخ محمد العیسی کی پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات
  • جسٹس یحییٰ آفریدی کے چیف جسٹس بننے کے بعد ادارے میں کیا کچھ بدلا؟
  • احتجاجی تحریک سے کچھ نہیں ملے گا، اپوزیشن مذاکرات کی پیشکش قبول کرے، رانا ثناء
  • جسٹس منصور علی شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا
  • جسٹس منصور علی شاہ نے بطور قائم مقام چیف جسٹس پاکستان ذمہ داریاں سنبھال لیں
  • جسٹس منصور علی شاہ نے قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھالیا
  • جسٹس منصور علی نے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کا حلف اٹھا لیا
  • چین امریکا تجارتی مذاکرات پیر کو لندن میں ہوں گے
  • فرنچ اوپن میں بڑا اپ سیٹ، جانک سینر نے جوکووچ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی