عطا تارڑ کا علی امین گنڈاپور کو خارجہ پالیسی سے متعلق مشورہ
اشاعت کی تاریخ: 5th, March 2025 GMT
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خارجہ پالیسی دفتر خارجہ اور نائب وزیراعظم پر چھوڑ دیں۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ شریف اللّٰہ افغان شہری اور متعدد دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ انسانیت کا مشترکہ مسئلہ ہے، دہشت گردوں کی کوئی قوم یا مذہب نہیں ہوتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ فیصل واوڈا نے سنسنی پیدا کی، کوئی 60 ارب کی کرپشن نہیں ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی، کل بنوں میں بھی دہشتگردی ہوئی، ہمارے جوانوں نے قربانیاں دیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب تک دہشتگردوں کا خاتمہ نہیں ہوگا خطے میں امن نہیں آئے گا، آج امریکی صدر نے پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ علی امین گنڈاپور کو چاہیے کہ خارجہ پالیسی دفتر خارجہ اور نائب وزیراعظم پر چھوریں، وہ خارجہ پالیسی پر تجاویز کے بجائے شہروں کو محفوظ بنانے پر توجہ دیں اور دیکھیں کہ کیا سیف سٹی کے کیمرے لگادیے گئے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی کے مسئلے پر وزیراعظم نے خط لکھا تھا، ہم اس معاملے پر کافی کام کر رہے ہیں۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: خارجہ پالیسی عطا تارڑ نے
پڑھیں:
افغانستان کے لوگوں کو نکالنے سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی، عمران خان
کراچی:بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن کیلئے افغانستان، مقامی قبائل اور حکومت کو ساتھ بیٹھنا پڑے گا، افغانستان کے لوگوں کو پاکستان سے نکالنے سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔
توشہ خانہ 2 کیس سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ 2 میں جھوٹے گواہ پیش کرکے وقت ضائع کیا جارہا ہے، جھوٹے گواہ کی سزا سات سال قید ہے، کمرہ عدالت میں میڈیا کے جو تین چار لوگ آتے ہیں انہیں بولنے کی اجازت ہی نہیں۔
علیمہ خان ںے کہا کہ بانی کو بچوں سے بات نہیں کرائی جاتی، بانی عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا ملٹری ٹرائل چل رہا ہے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کیلئے افغانستان، مقامی قبائل اور حکومت کو ساتھ بیٹھنا پڑے گا، افغانستان کے لوگوں کو پاکستان سے نکالنے سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی، افغانوں کو دھکے دے کر نکالا گیا یے، دہشت گردی کی وجہ سے ہمارے فوجی، پولیس والے اور عام لوگ مارے جارہے ہیں۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ کے پی کے سارے ایم این ایز اور ایم پی ایز علی امین گنڈا پور کے ساتھ بیٹھیں، تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی وفد کے ہمراہ افغانستان جائیں، وہ قانونی طریقے سے عدالتوں میں کیسز کا سامنا کرینگے، ہمارا میڈیٹ چوری کیا گیا پارٹی کو دبایا گیا۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ کامن ویلتھ رپورٹ میں بتایا گیا ہے پاکستان میں الیکشن چوری کیا گیا، پاکستان میں ووٹ چوری کی سزا آرٹیکل چھ ہے، 26ویں ترمیم کرکے عدلیہ کو اپنے ساتھ ملالیا، سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کی پریس کانفرنس ریکارڈ پر ہے، جو ججز سچ کے ساتھ کھڑے ہیں وہ قوم کے ہیرو ہیں، ملک میں عاصم لاء چل رہا ہے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ایک شخص نے اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے پی ٹی آئی کو کرش کیا، کے پی میں امن قیام کرنا اور گورننس ٹھیک کرنا ضروری ہے، تمام ایم این ایز اور ایم پی ایز ان کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی نے کہا ہے پشاور میں فوری جلسہ کریں سب کو بلائیں، یہ حکومت ناجائز حکومت ہے۔