بنوں دہشت گردی: 5 جوان شہید، تمام 16 حملہ آور ہلاک، آئی ایس پی آر
اشاعت کی تاریخ: 6th, March 2025 GMT
اسلام آباد؍ بنوں (خبر نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی) سکیورٹی فورسز نے خیبر پی کے کے ضلع بنوں کے علاقے کینٹ میں بزدلانہ دہشت گرد حملہ ناکام بنا کر 16 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جبکہ شدید جھڑپ کے دوران 5 بہادر فوجی مادرِ وطن پر قربان ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 4 مارچ کو خوارج عناصر نے بنوں کینٹ پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی۔ بیان میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں نے کینٹ کی سکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم پاکستان کی مستعد اور بہادر سکیورٹی فورسز نے ان کے ناپاک عزائم کو فوری اور فیصلہ کن کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ حملہ آوروں نے 2 بارود سے بھری گاڑیاں حفاظتی دیوار سے ٹکرا دیں۔ پاک فوج کے جوانوں نے بے مثال جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو نشانہ بنایا اور 16 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس شدید جھڑپ میں 5 بہادر فوجی مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔ خودکش دھماکوں کی وجہ سے حفاظتی دیوار کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا، جس سے ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ بیان میں کہا گیا کہ بدقسمتی سے، ایک مسجد شہید اور رہائشی عمارت بھی تباہ ہو گئی، جس کے نتیجے میں 13 بے گناہ شہری شہید جبکہ 32 زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اداروں کی تحقیقات میں واضح طور پر ثابت ہوا ہے کہ اس حملے میں افغان شہری براہ راست ملوث تھے۔ شواہد سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ حملے کی منصوبہ بندی اور نگرانی افغانستان میں موجود خوارج کے سرغنہ کر رہے تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔ پاکستان اپنی سرحدوں کے پار سے ہونے والے ان خطرات کے جواب میں ہر ممکن اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر قائم ہیں۔ ہمارے بہادر فوجیوں اور بے گناہ شہریوں کی قربانیاں ہمارے اس غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہر قیمت چکانے کو تیار ہیں۔ علاوہ ازیں نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شہداء میں 5 بہن بھائیوں سمیت ایک ہی فیملی کے 6 افراد بھی شامل تھے۔ دریں اثناء صدر آصف علی زرداری نے بنوں کینٹ پر حملے کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مزاحمت کے دوران 4 خودکش حملہ آوروں سمیت 16 دہشتگردوں کا خاتمہ قابل تعریف ہے۔ علاو ازیں وزیراعظم نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ قوم افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔ دریں اثناء بنوں کینٹ پر ہونے والے حملے کے دوسرے روز بنوں میں فضا سوگوار رہی۔ بارود سے بھری گاڑیوں کی مدد سے کئے جانے والے دھماکوں میں کینٹ کے قریبی آبادی کے مکانات خصوصاً کوٹ براڑہ نامی گائوں بری طرح متاثر ہوا ہے۔ خواتین ایک کے بعد دوسرے گھر روتے ہوئے فاتحہ خوانی کیلئے داخل ہوتی رہیں جبکہ گائوں کے مرد اپنے منہدم مکانات میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔ کوٹ براڑہ اس حملے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا علاقہ ہے اور مرنے والے 12 میں سے 11 شہداء اسی گائوں سے ہیں جن میں سے چھ افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے۔ خودکش دھماکوں کے نتیجے میں کوٹ براڑہ گیٹ مکمل طور پر مٹ گیا ہے۔ 15 مکانات تباہ اور بیشتر گھروں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔ زیادہ تر جانی نقصان چھتیں، دیواریں، فالس سیلنگز، شیشے اور پنکھے گرنے سے ہوا ہے۔ فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ حملے کے دوسرے روز بھی جاری رہا۔ شہداء کی اجتماعی نماز جنازہ سپورٹس کمپلیکس بنوں میں ادا کی گئی۔ ہزاروں افراد شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔ نماز جنازہ سے پہلے شرکاء نے دہشتگردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ بنوں میں یہ پہلا اجتماعی جنازہ تھا جس میں کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کے مطابق پاک فوج ایس پی کہا کہ
پڑھیں:
دہشت گردوں کیخلاف آپریشن، صدر مملکت کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
سٹی 42 : صدر مملکت آصف علی زرداری نے مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی آپریشن میں 3 دہشت گردوں کے خاتمےپر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے آپریشن میں شہید ہونے والے میجر زیاد سلیم اول اور سپاہی نظام حسین کو خراج عقیدت اور ان کی قربانی کو سلام پیش کیا، کہا کہ میجر زیاد سلیم اول شہید اور سپاہی نظام حسین شہید نے مادر وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی۔
میٹرک امتحان میں فیل ہونے پر طالبعلم نے بڑا قدم اٹھالیا
صدر مملکت نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ آصف علی زرداری نے کہاکہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔