اسلام آباد؛ پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ، 2 ڈاکوزخمی حالت میں گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 8th, March 2025 GMT
اسلام آباد میں پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ ترنول کے علاقے میں پولیس اور ڈاکووں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا جبکہ 2 فرار ہوگئے۔گرفتار ڈاکووں میں محمد عدیل اور ذیشان شامل ہیں۔
پولیس رات گئے لنک روڈ ترنول میں معمول کی چیکنگ پر مامور تھی۔ پولیس نے 2مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی موٹرسائیکل سواروں نے اچانک اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ تھانہ ترنول پولیس نے کمال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ڈاکوں کو گرفتار کرلیا ۔
ترجمان کے مطابق بدنام زمانہ ڈاکو عدیل پنجاب میں سنگین جرائم کے 42 مقدمات میں ملوث نکلا۔ ڈاکو ذیشان کے خلاف سنگین جرائم کے 27 مقدمات درج ہیں۔ دونوں خطرناک ڈاکودکانوں، گھروں کو لوٹنےاوراسٹریٹ کرائم جیسے جرائم میں ملوث ہیں۔ ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس چھاپے ماررہی ہے۔ گرفتار ڈاکووں کے قبضے سے 2 تیس بور پسٹل، دوموٹرسائیکل بھی برآمد کرلئے گئے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں پولیس پر حملوں میں ایک ہی گروپ کے ملوث ہونے کا شبہ
اسکرین گریبکراچی میں پولیس پر حملوں میں ایک ہی گروپ ملوث ہونے کا شبہ ہے، 6 مختلف حملوں میں استعمال گولیوں کے خول میچ کرگئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں دہشت گردوں نے ایک ہی ہتھیار استعمال کیا، یہ تمام واقعات ڈھائی سے تین ماہ کے دوران پولیس پرحملوں کے دوران پیش آئے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خیابانِ بخاری پر پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، واقعے کی جگہ سے گولیوں کے 11خول برآمد ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی تحقیقات جاری ہیں، مائی کلاچی روڈ پر ٹریفک پولیس چوکی میں اہلکار پر فائرنگ کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منگھوپیر میں اہلکار فائرنگ سے جاں بحق ہوا، بن قاسم کے علاقے میں اہلکار فائرنگ سے جاں بحق ہوا تھا، شاہ لطیف ٹاؤن میں ہیڈ کانسٹیبل فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔
قیوم آباد میں چوکی پر فائرنگ سے اہلکار زخمی اور شہری جاں بحق ہوا تھا، ڈیفنس فیز ٹو میں فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔