’’ عوامیّت‘‘ کی موجِ بلاخیز اور جمہوریت!
اشاعت کی تاریخ: 11th, March 2025 GMT
امریکی اور یوکرینی صدور، ڈونلڈ ٹرمپ اور والدیمیر زیلنسکی کے درمیان حالیہ مکالمہ چند منٹوں پر مشتمل تھا لیکن اِس مکالمے سے شروع ہونے والا ’’مکالمہ‘‘ ختم ہونے میں نہیں آ رہا۔ شرکائے نشست کی گفتگو، الفاظ اور لب ولہجہ ہی نہیں، ’’بدن بولی‘‘ (Body Language) بھی دیدنی تھی۔ یہ اُس عوامیّت (Populism)کا عُریاں مظاہرہ تھا جس کی کرشمہ سازیاں اَب یورپ، امریکہ اور لاطینی امریکہ تک ہی محدود نہیں رہیں، ایشیا تک آن پہنچی ہیں۔ کوئی آٹھ دہائیاں قبل ہٹلر کے مشیر گوئبلز کے پاس صرف ریڈیو تھا جس کے ذریعے اُس نے ہٹلر کا ایک مسیحاصفت بت تراشا اور خلقِ خد کو اُس کے سحر میں مبتلا کردیا۔ آج بھی ’سامری کے بچھڑے‘ تخلیق کرنے کا فن، تشہیر کی جدید ترین ٹیکنالوجی کی کوکھ سے پھوٹتا ہے جس نے گوئبلز کے ریڈیو کو، صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔
یوکرین کے زیلنسکی اور امریکہ کے ٹرمپ کی زندگی میں سب سے بڑی مماثلت یہ ہے کہ دونوں کا تعلق شوبز سے رہا۔ دونوں مختلف ٹی۔وی شوز، ڈراموں اور فلموں کے ذریعے، عوام کو تفریح فراہم کرتے رہے۔ ٹرمپ برسوں ایک مقبول ٹی۔وی ریلیٹی شو، کے میزبان اور ایگزیکٹو پروڈیوسر رہے۔ کئی فلموں اور ٹیلی ویژن ڈراموں میں اداکاری کی۔ سیاست میں بڑا نام پانے سے بہت پہلے وہ امریکیوں کی جانی پہچانی، مانوس شخصیت بن چکے تھے۔ 2017 ء اور اَب، 2025ء میں اُنہیں ووٹ دینے والوں کی اچھی خاصی تعداد کو ٹرمپ کے کسی فلسفے، ویژن، نظریے یا منشورِ سیاست سے کوئی تعلق واسطہ نہ تھا۔ یہ ایک اندھا گونگا بہرہ، قبیلۂِ عشاق تھا جسے ’’فین کلب‘‘ (Fan Club) کہا جاتا ہے۔ زیلنسکی کا پس منظر بھی یہی تھا۔ وہ برسوں شوبز میں ایک قہقہہ بار مسخرے (Comedian) کے طورپر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے رہے۔ کم وبیش ایک چوتھائی صدی تک ٹی۔وی، ڈراموں، فلموں اور شوبز میں لوگوں کو ہنستے ہنساتے رہے۔ دس بڑی اور کامیاب کامیڈی فلموں میں اداکاری کی۔ زیلنسکی نے اپنے ایک انتہائی مقبول ٹی۔وی سیریل ’’عوام کا خادم‘‘ (Servant of the people) میں ایسے سکول ٹیچر کا کردار ادا کیا جس کے دِل میں ملک کا صدر بننے کی آرزو کا کنول کھلا اور پھر وہ سکول ٹیچر اپنی کرتب کاریوں کے بل پر ایک دن واقعی ملک کا صدر بن گیا۔ شاید یہ سیریل کرتے ہوئے زیلنسکی کو اپنی بے پناہ مقبولیت کا اندازہ ہوا اور اُس نے یوکرین کا صدر بننے کی ٹھان لی۔ 2019ء میں جب اُس نے یکایک اعلان کیا کہ وہ صدارتی الیکشن لڑنے جارہا ہے تو بہت سے لوگوں نے اُسے معروف ’’جگت باز‘‘ کی ایک جگت جانا۔ اُس نے اپنے مقبول ڈرامہ سیریل کے نام پر اپنی سیاسی پارٹی کا نام بھی ’خادمِ عوام‘ (Servant of the People) رکھا۔ یوکرین میں خواندگی کی شرح سو فی صد بتائی جاتی ہے۔ ساڑھے تین کروڑ افراد میں سے ایک بھی ناخواندہ نہیں۔ لیکن جب اُن کے ہونٹوں پرمسکراہٹیں بکھیرنے، اُن کے دلوں کو گرمانے اور اُن کی شامیں دھنک رنگ بنانے والا مقبول اداکار، سیاست کے میدان میں اُترا تو پڑھے لکھے لوگوں میں سے بہت کم نے سوچا کہ کیا ایک عمرنگارخانوں کی نذر کردینے والا اداکار سیاست وقیادت کے معیار پر بھی پورا اُترے گا یا نہیں؟ بس ایک لہر سی اٹھی اور یوکرین اِس موجِ تُند خو میں بہتا چلاگیا۔
زیلنسکی نے ’’عظیم تر یوکرین‘‘ کا نعرہ لگایا۔ کرپشن کے خلاف جہاد کا پیغام دیا۔ روس کی بالا دستی کے تناظر میں ’’غلامی نامنظور‘‘ اور ’’حقیقی آزادی‘‘ کا بیانیہ تراشا۔ سوشل میڈیا کا رنگ جمایا اور 73 فی صدسے زائد ووٹ لے کر یوکرین کا صدر منتخب ہوگیا۔ یہ دنیا میں ’عوامیّت‘ (Populism ) کی ایک اور بڑی فتح تھی۔ مقبول مزاحیہ اداکار نے یوکرین کو کچھ دیا یا نہیں، اپنی بے ڈھب پالیسیوں اور غیرسنجیدہ اقدامات سے روس کے ساتھ تنائو کو ہوا دی جس کا نتیجہ فروری 2022 ء میں روسی حملے کی صورت میں نکلا۔ تین برس سے یہ جنگ جاری ہے۔ ایک لاکھ کے لگ بھگ افراد اِس کا لقمہ تر بن چکے ہیں۔ لاکھوں نقل مکانی کرگئے ہیں۔ لاتعداد بے گھر ہوگئے ہیں۔ اَن گنت معاشی، سماجی اور سیاسی مشکلات کا جنگل گھنا ہوتا جا رہا ہے۔ امداد کا امریکی سرچشمہ خشک ہوگیا ہے اور عوامیّت کے بجرے پر سوار اداکار، اپنے سے بڑے اور طاقت ور، شاہسوارِ ’عوامیّت‘ کے حضور بیٹھا تحقیروتذلیل کے تازیانے کھا رہا ہے۔ ٹرمپ کا مطالبہ ہے کہ ہم نے تمہیں اربوں ڈالر دیے، اب تم بدلے میں ہمیں اپنی قیمتی معدنیات کی کانوں تک رسائی دو تاکہ ہم اپنی رقم مع سود مرکب وصول کرسکیں۔ زیلنسکی ہزار پیچ وتاب کھائے، اُسے اپنے سے بڑے ’’پاپولسٹ‘‘ کے سامنے جھکنا ہوگا۔ تین برس قبل جنگ چھڑی تو زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔ وڈیوخطابات کی برکھا برسنے لگی۔ رنگارنگ بیانیے تراشے جانے لگے۔ بیوی بچوں کو کسی نامعلوم مقام پر پہنچا کر خود فوجی وردی پہن لی اور ’’ٹک ٹاک‘‘ کا نمونہ بن گیا۔ اُس کی شہرت90 فی صد سے آگے نکل گئی لیکن برسرِ زمین حقیقت یہ ہے کہ آج یوکرین جغرافیائی، سیاسی اور معاشی حوالے سے وہ نہیں رہا، جو چھ برس پہلے تھا۔
2019ء سے اب تک انتخابات نہیں ہوئے۔ مارشل لا نافذ ہے اور گھرگھر بے یقینی بال بکھیرے ماتم کر رہی ہے۔ اگلے چند دِنوں میں چھوٹا ’شعبدہ باز‘ اپنے ملک کی بیش قیمت معدنیات کا خزانہ، طشتری میں رَکھ کر بڑے ’شعبدہ باز‘ کو پیش کرنے جا رہا ہے۔ بڑا شعبدہ باز، امریکہ کو کس حال میں چھوڑ جائے گا؟ اس کے لئے چار سال انتظار کرنا ہوگا۔
امریکہ اور یوکرین میں عوامیّت (Populism) کے مظاہروں نے، جہاں تاریخ عالم کے بہت بڑے عوامی پرستار، ہٹلر کی یاد تازہ کردی ہے وہاں یہ نہایت ہی سنجیدہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ اگر ’’عوامیّت‘‘ کی لہر پھیلتی چلی گئی اور سیاسی قیادت جمی جمائی ، پختہ کار اور سنجیدہ جماعتوں کے بجائے ٹیلی ویژن کی سکرینوں، فلمی نگار خانوں، کھیل کود کے میدانوں اور تماشہ گر سرکسوں سے جنم لیتی رہی تو حقیقی جمہوریت پر کیا گذرے گی؟ اور ہتھ چھُٹ مسخرے دنیا کو کن خطرات سے دوچار کردیں گے؟
سیاست پر نگاہ رکھنے اور انسانوں کے نظم اجتماعی کے خدوخال تراشنے والے مفکرین کو سوچنا ہوگا کہ کیا ایسی غارت گر ’’عوامیّت‘‘ کو لگام ڈالنے کا کوئی طریقہ ہے یا نہیں جو حقیقت سے بعید، جھوٹ پر مبنی اور جذبات انگیز نعروں سے تلاطم اُٹھاتی، اور ہر شعبہ زندگی کو زوال، انحطاط اور تباہی سے ہم کنار کرکے، ایک دن، ہٹلر کی طرح، کسی تہہ خانے میں خود کشی کرلیتی ہے۔ خود کشی تو کرلیتی ہے لیکن ساری دنیا میں جنگ کا الائو بھڑکا کر انسانیت کو سیلِ خوں کی نذر کردیتی اور خود اپنے ملک کو کھنڈر بنا جاتی ہے۔
’’عوامیّت‘‘ کا زہر تہذیبی اقدار، سماجی رویوں، مسلّمہ اخلاقیات اور معاشرتی آداب وروایات کی رگوں میں بھی سرطان بو رہا ہے۔ ’عوامیّت‘ کے موضوع پر گرفت رکھنے والے آسٹریلوی پروفیسر، بنجمن موفٹ (Benjamin Moffitt) کا کہنا ہے کہ
“There are other traits associated with the typical populist leader.
’’معروف معنوں میں ’عوامیّت‘ زدہ لیڈر سے کچھ اور خصوصیات بھی جڑی ہوتی ہیں، ان میں سے ایک ہے ’’بُرے آداب واطوار‘‘ (Bad Manners) یا پھر ایسا طرز عمل اختیار کرنا جو ایک سیاستدان کے طرزِ عمل کے منافی ہو۔‘‘
’’ بُرے آداب واطوار‘‘ کھوکھلے نعروں اور بے سروپا بیانیوں میں گُندھی ’’عوامیّت‘‘ کا ایک تلخ تجربہ ہمارے ہاں بھی ہوا ہے جس کے اثرات ونتائج، جانے کب تک ہماری سیاست، معیشت، اخلاقیات، تہذیبی رویوں اور جمہوری اقدار کو متاعِ کوچہ وبازار بنائے رکھیں گے۔
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: عوامی ت ا نہیں کا صدر رہا ہے
پڑھیں:
فتح جنگ میں غیر معیاری خوراک اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن
فتح جنگ میں غیر معیاری خوراک اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن WhatsAppFacebookTwitter 0 23 July, 2025 سب نیوز
فتح جنگ : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات اور عوامی مفاد کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اٹک نے صحتِ عامہ، صفائی اور مہنگائی کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوامی شکایات پر فوری اور فیصلہ کن اقدامات اٹھاتے ہوئے مختلف مقامات پر غیر معیاری خوراک، گندگی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں پر کارروائیاں کی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اٹک عاطف رضا اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ محترمہ سورتھ کی ہدایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود نے پیر کے روز شہر فتح جنگ میں مؤثر کارروائیاں کیں۔ سی پیک روٹ پر موجود ایک ڈرائیور ہوٹل پر چھاپہ مارا تو وہاں مکھیاں بھن بھنا رہی تھیں، کھانا ناقص تھا، اور روٹی بھی زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی تھی جس پر ہوٹل کو سیل کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ چاساں والی میں مائی مرتضیٰ مسجد کے سامنے ایک دکان کے بارے میں بھی عوامی شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ یہاں غیر اخلاقی سرگرمیاں جاری ہیں۔ دکاندار کے خلاف اہل علاقہ کی شکایات پر جب چھاپہ مارا گیا تو شکایات درست ثابت ہوئیں۔ دکان کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا اور دکاندار کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ اس کارروائی کو عوامی حلقوں میں خوش آئند قرار دیا گیا ہے۔
ایک اور کارروائی کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹ چوہدری شفقت محمود نے ایک سبزی کی دکان کا معائنہ کیا تو گلی سڑی سبزیاں فروخت کی جارہی تھی اسی موقع پر بات سامنے آئی کہ دکاندار فی کلو سبزی 50 سے 60 روپے زائد قیمت پر فروخت کر رہا تھا۔ اس کے خلاف فوری طور پر بیس ہزار جرمانہ عائد کیا گیا اور اسے ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے کاروبار کو قانونی دائرے میں لائے۔ضلع اٹک میں حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد کی یقین دہانی انتظامیہ نے اس کارروائی کے دوران عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔ چوہدری شفقت محمود نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت میں عوام کی صحت اور مفاد سے کھیلنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔
حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کی ٹیم ہر وقت عوام کی خدمت میں موجود ہے اور ان کی شکایات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔اس کے ساتھ ہی عوام الناس سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ اپنی شکایات بروقت متعلقہ حکام تک پہنچائیں تاکہ ان کے مسائل کا فوری حل ممکن ہو سکے۔اس کارروائی کے نتیجے میں فتح جنگ کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور عوامی حلقوں نے حکومتی اقدامات کی بھرپور حمایت کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی اور کسی بھی صورت میں صحتِ عامہ سے متعلق کسی بھی مسئلے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
WhatsAppFacebookTwitter پچھلی خبرنور مقدم کیس: سزا یافتہ مجرم ظاہر جعفر نے نظرثانی درخواست دائر کردی پنجاب میں مفت وائی فائی کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا، کون سے نئے علاقے شامل؟ جہلم، چکوال: بارش سے تباہی، شہریوں کی نقل مکانی، سیلابی ایمرجنسی نافذ پنجاب اور مصر کے مابین زراعت، لائیواسٹاک اور آبی وسائل کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق فتح جنگ میں جعلی مشروبات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا بڑا کریک ڈاؤن اپوزیشن کے معطل اراکین پنجاب اسمبلی کیخلاف ریفرنس کے معاملے پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی تشکیل آرٹیکل 62 اور 63 آمریت کی نشانی، نکال کر پھینک دیں: سپیکر پنجاب اسمبلیCopyright © 2025, All Rights Reserved
رابطہ کریں ہمارے بارے ہماری ٹیم