کراچی: مفت شربت کی بوتل لینے والے پولیس افسر کی ویڈیو وائرل، معطلی کا حکم جاری
اشاعت کی تاریخ: 19th, March 2025 GMT
کراچی:
پولیس کی جانب سے مفت میں اشیا لینے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، رمضان المبارک میں پولیس افسر کی جانب سے مفت میں شربت کی بوتل لینے کے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اس سے قبل شارع نور جہاں تھانے کے اہلکار کی پھل فروش سے مفت میں خربوزہ لینے کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی تاہم مفت میں شربت کی بوتل لینے والے مددگار 15 کے پولیس افسر کو معطل کر دیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ایس ایس پی مددگار 15 عمران شوکت نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیا ہے جس میں پولیس کا سب انسپکٹر کو تھانہ سائٹ بی کی حدود میں قائم ایک مارٹ سے شربت کی بوتل بلا معاوضہ لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ایس ایس پی مددگار 15 نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر جاوید کو فوری طور پر معطل کر کے محکمہ انکوائری کو ہدایت جاری کر دی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں پولیس کی وردی میں ملبوس سب انسپکٹر جو کہ چہرے پر ماسک لگایا ہوا تھا مارٹ کے کاؤنٹر پر آکر شربت کی بوتل مانگتا ہے ، دکاندار کی جانب سے پیسے طلب کرنے پر اپنا ماسک اتار کر اسے دیکھتا ہوا دکھائی دیتا ہے اور بعدازاں شاپر میں دی گئی شربت کی بوتل لیکر مارٹ سے جاتا ہوا دکھائی دیا۔
چند روز قبل ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تھانے شارع نور جہاں کی پولیس موبائل میں سوار 4 اہلکاروں میں سے ایک اہلکار ظفر کی جانب سے قلندریہ چوک کے قریب پھل فروش سے مفت میں ٹھیلے سے خربوزہ اٹھانے پر پھل فروش سے تلخ کلامی کی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں پولیس اہلکار پھل فروش کو سنگین نتائج کی دھمکیاں اور مغلظات دیتے ہوئے سنائی دیا۔
تاہم ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے پولیس موبائل میں سوار چاروں اہلکاروں کو معطل کر دیا اور بعدازاں تحقیقات کے بعد پولیس اہلکار ظفر کو ملازمت سے برطرف کرنے کا حکمنامہ جاری کر دیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سوشل میڈیا پر وائرل شربت کی بوتل کی جانب سے سے مفت میں میں پولیس پھل فروش
پڑھیں:
عائشہ عمر کا نازیبا ریئلٹی شو؛ پیمرا نے وضاحت جاری کردی
خوبصورت اداکارہ عائشہ عمر کے ریئلٹی شو ’’لازوال عشق‘‘ کے ٹیزر پر سوشل میڈیا پر کہرام مچ گیا اور ہرکوئی اس پروگرام کی بندش کا مطالبہ کرنے لگا۔
گو اس شو کے بارے میں زیادہ معلومات دستیاب نہیں تاہم ٹیزر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چار مرد اور چار خواتین بگ باس کی طرح ایک گھر میں مقیم ہیں۔
یہ ایک پُرتعیش ولا ہے جس میں موجود ان تمام افراد کی دن بھر کی سرگرمیاں ریکارڈ ہوں گی گویا یہ بگ باس ٹائپ کا شو ہے۔
تاہم عائشہ عمر نے ٹیزر میں بتایا کہ شو کا مقصد جیون ساتھی کے تلاش اور اس سفر میں پیش آنے والی جذباتی آزمائشوں کو دکھانا ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ عائشہ عمر کی میزبانی میں پیش کیا جانے والا لازوال عشق نامی یہ شو دراصل ترکی کے مقبول ریئلٹی شو عشق آداسی (Love Island) کا چربہ یا اس سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ لازوال عشق کو کو اردو ناظرین کے لیے پہلا ’’ ڈیٹنگ ریئلٹی شو‘‘ کہا جا رہا ہے اور یہ یوٹیوب پر نشر ہوگا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس پروگرام پر شدید تنقید کرتے ہوئے فوری طور پر اسے بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس شو کی تقریباً 100 اقساط ہوں گی۔
صارفین نے پیمرا سے بھی مطالبہ کیا اس غیر اخلاقی پروگرام کو آن ایئر جانے سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
جس پر پیمرا کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت دی گئی ہے کہ لازوال عشق کسی ٹی وی چینل پر نہیں بلکہ صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دکھایا جائے گا۔
پیمرا کے بقول سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دکھائے جانے کی وجہ سے یہ ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اور نہ ہمارے قواعد و ضوابط کا اس پر اطلاق ہوسکتا ہے۔