غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، 7 بچوں سمیت 23 فلسطینی شہید
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
غزہ: فلسطین میں اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قابض فوج نے مسلسل آٹھویں روز بھی غزہ پر وحشیانہ بمباری کی، جس کے نتیجے میں 7 بچوں سمیت کم از کم 23 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ میں اسرائیلی حملے کے دوران قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے معروف صحافی حسام شبات بھی شہید ہو گئے، اسرائیلی فوج کی جانب سے صحافیوں اور میڈیا نمائندوں کو نشانہ بنانے کی مذموم پالیسی پر عالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے ایک ہفتے کے دوران دوسری بار شام کے پالمیرا شہر کے قریب دو فضائی اڈوں پر بمباری کی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے الجزیرہ کے رپورٹر حسام شبات کو نشانہ بنانے اور مقبوضہ مغربی کنارے میں آسکر ایوارڈ یافتہ فلم ساز حمدان بلال کی گرفتاری نے عالمی برادری میں شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے، انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیلی اقدامات کو آزادیٔ صحافت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 50 ہزار 82 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ ایک لاکھ 13 ہزار 408 افراد شدید زخمی ہیں۔ ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی شدید کمی کے باعث صورتحال مزید ابتر ہوتی جا رہی ہے، اور عالمی برادری کی خاموشی فلسطینی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
حماس نے مزید 3 لاشیں اسرائیل کو واپس کردیں، غزہ پر بمباری سے ایک فلسطینی شہید
غزہ:حماس نے اسرائیل کی بم باری سے ہلاک ہونے والے مزید 3 قیدیوں کی لاشیں واپس کردیں۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حماس کی جانب سے واپس کی گئی مزید 3 قیدیوں کی لاشیں ہلال احمر کے ذریعے وصول کی گئی ہیں، جن کی شناخت بعد میں کی جائے گی۔
اس سے قبل حماس کی عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے ایک مختصر بیان میں کہا تھا کہ وہ دوران قید ہلاک ہونے والے مزید 3 اسرائیلیوں کی لاشیں واپس کردیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ غزہ پٹی کے جنوب میں ایک سرنگ کے راستے میں تلاش کے دوران دوپہر کو یہ تین لاشیں ملی ہیں اور یہ لاشوں کو اسرائیل کے حوالے کی جائیں گی۔
اسرائیل نے حماس پر الزام عائد کیا کہ لاشوں کی واپسی میں تاخیر کی جا رہی ہے جبکہ حماس نے واضح کردیا کہ انتہائی مشکل حالات میں کام کیا جا رہا ہے اور لاشوں کی جلد حوالگی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیل کی بم باری کا سلسلہ تھم نہیں سکا جہاں اتوار کو حملے کے نتیجے میں شمالی غزہ میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔
الاہلی اسپتال کے مطابق غزہ سٹی کے مضافات شجاعیہ کی سبزی منڈی کے قریب ہونے والی بم باری سے ایک فلسطینی شہید ہوا۔