کراچی، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق میاں بیوی اور نومولود کی نماز جنازہ ادا
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملیر ہالٹ پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے میاں بیوی اور نومولود بچے کی نماز جنازہ ادا کی گئی بعد ازاں تینوں کو مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔نماز جنازہ شاہ فیصل کالونی کے علاقے ناتھا گوٹھ کی مرکزی جامع مسجد میں ادا کی گئی، جس میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ، عالمگیر خان سمیت بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، ماں باپ اور نومولود کے جنازے ایک ساتھ دیکھ کر لوگ خود پر قابو نہ رکھ سکے، کئی افراد زار و قطار روتے رہے، ہر طرف سوگ کا سماں تھا۔شہریوں نے ٹریفک حادثات پر قابو پانے میں مسلسل ناکامی پر سندھ حکومت کیخلاف اپنے شدید غم و غصے کا بھی اظہار کیا۔اس موقع پر منعم ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بگڑتی ہوئی ٹریفک صورتحال، غیر قانونی ہیوی ٹریفک اور حکومتی نااہلی معصوم جانوں کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار فیملی کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں شوہر اور حاملہ بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ حادثے کے دوران بچے کی ولادت ہوئی، لیکن وہ بھی دم توڑ گیا۔ حادثہ اتنا ہولناک تھا کہ موقع پر موجود لوگ خوف اور غم میں اپنے سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ممکنہ طور پر بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: واٹر ٹینکر
پڑھیں:
کراچی: ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار 3 ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ سپیشل انویسٹی گیشن (ایس آئی ایو) نے دعویٰ کیا کہ گلشنِ معمار، عمر بروہی گوٹھ میں گرفتار ڈاکوؤں کی نشاندہی پر ان کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو ملزموں نے فائرنگ کردی جس سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔ ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ 13 جولائی کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں بنک کے باہر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان ڈاکٹر آکاش جاں بحق ہوگیا تھا جب کہ ملزم بنک سے نکالے گئے 50 لاکھ روپے میں سے 25 لاکھ لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔