پرتیک ببر کے نام بدلنے پر بھائی آریا ببر کا سخت ردعمل سامنے آگیا
اشاعت کی تاریخ: 26th, March 2025 GMT
بالی ووڈ کے مشہور ببر خاندان میں ایک نئے ڈرامائی موڑ نے سب کو حیران کردیا ہے۔ راج ببر کے بیٹے پرتیک ببر نے حال ہی میں اپنا نام تبدیل کرکے ’’پرتیک سمیتا پٹیل‘‘ رکھ لیا ہے، جو ان کی والدہ سمیتا پٹیل کے نام پر ہے۔ اس فیصلے نے خاندان میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
پرتیک نے اپنے نام سے ’ببر‘ ہٹا کر ایک واضح پیغام دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی والدہ کی وراثت سے جڑنا چاہتے ہیں۔ پرتیک نے کہا ’’میں وہی کر رہا ہوں جو میرے دل کو سکون دیتا ہے۔ میں اپنی والدہ جیسا بننا چاہتا ہوں، نہ کہ اپنے والد جیسا‘‘۔
یہ خبر بھی پڑھیے: اختلافات کی انتہا، راج ببر کے بیٹے نے اپنے نام سے باپ کا نام بھی ہٹا دیا
پرتیک کے نام بدلنے پر اس کے سوتیلے بھائی آریا ببر نے اس فیصلے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ آریا نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’نام بدلنے سے وجود نہیں بدلتا۔ چاہے وہ اپنا نام کتنی ہی بار کیوں نہ بدل لیں، وہ ہمیشہ ببر خاندان کا حصہ رہیں گے‘‘۔
انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا: ’’اگر میں اپنا نام آریا سے راجیش بھی رکھ لوں، تو میں ببر ہی رہوں گا۔ یہ ہماری شناخت ہے جو ہمارے خون میں ہے۔‘‘
پرتیک کی اہلیہ پریا بینرجی نے اشارہ دیا کہ راج ببر کبھی پرتیک کی زندگی میں موجود نہیں تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’30 سال بعد یہ سوال کیوں اٹھ رہا ہے؟ یہ خاندان کبھی پرتیک کی زندگی کا حصہ ہی نہیں تھا‘‘۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
گووندا اچھے بیٹے اور بھائی تو ہیں لیکن خاوند نہیں، اگلے جنم میں شوہر کے طور پر نہیں چاہتی؛بیوی سنیتا
معروف بالی وڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے اپنی شادی کے حوالے سے حیران کن انکشافات کیے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ گووندا ایک اچھے بیٹے اور بھائی تو ہیں لیکن ایک اچھے شوہر بالکل بھی نہیں اور میں اگلے جنم میں ان کو شوہر کے طور پر دیکھنا نہیں چاہتی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیتا آہوجا نے اپنی ازدواجی زندگی، گووندا کی ماضی کی غلطیوں اور ایک اسٹار کی بیوی ہونے کی مشکلات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ انسان کو یہ جاننا چاہیے کہ خود پر قابو کیسے رکھنا ہے۔ جوانی میں سب غلطیاں کرتے ہیں، ہم دونوں نے بھی کیں لیکن ایک عمر کے بعد غلطیاں کرنا اچھا نہیں لگتا۔
اداکار کی اہلیہ نے مزید کہا کہ اختلافات کے باوجود ان کے بچوں سے محبت نے انہیں مضبوط رکھا، ان کا کہنا تھا کہ گووندا کی سوچ الگ ہے اور میری سوچ الگ ہے، میں آج صرف اپنے بچوں کی محبت کی وجہ سے زندہ ہوں، ہمیشہ محسوس کرتی ہوں کہ میرے بچے صرف مجھ سے ہی پیار کرتے ہیں۔
سنیتا آہوجا کا کہنا تھا کہ گووندا ہیرو ہیں، وہ بیویوں سے زیادہ ہیروئنوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔ ایک اسٹار کی بیوی بننے کے لیے عورت کو بہت مضبوط ہونا پڑتا ہے، دل کو پتھر کا بنانا پڑتا ہے اور مجھے یہ بات سمجھنے میں 38 سال لگے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ گووندا بہت اچھے بیٹے اور بھائی ہیں لیکن اچھے شوہر بالکل بھی نہیں، میں ان کو اگلے جنم میں بھی شوہر کے طور پر نہیں دیکھنا چاہوں گی۔