راولپنڈی میں پیڑول پمپ عملے سے ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین
اشاعت کی تاریخ: 30th, March 2025 GMT
راولپنڈی:
تھانہ صدر بیرونی کے علاقے میں پیڑول پمپ عملے سے ڈکیتی کی واردات میں پمپ ملازم ہی ملوث نکلا، جسے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق 3 روز قبل صدر بیرونی کے علاقے میں پیٹرول پمپ اسٹاف 19 لاکھ 22 ہزار روپے سے زائد نقدی بینک میں جمع کروانے جا رہا تھا کہ راستے میں مسلح ملزمان نے نقدی چھین لی اور فرار ہو جانے میں کامیاب رہے۔
سنگین واردات کا سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے نوٹس لیا جس پر واردات کا مقدمہ درج کرکے ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلیجنس کے ذریعے تفتیش شروع کی تو واردات میں پیڑول پمپ کے اپنے فیضان نامی ملازم کے ساتھی انظر گل عرف بورہ (افغان شہری) کے ساتھ مل کر واردات کرنے کا انکشاف ہوا جس پر دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے تمام رقم اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے ڈاکوؤں سے برآمد کی گئی رقم مدعی کے حوالے کر دی۔
ڈکیتی کے ملزمان کی قلیل وقت میں گرفتاری اور 100 فیصد برآمدگی پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کو انکے قیمتی اثاثے سے محروم کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، ملزمان کو تمام شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
دوسری جانب، ملزمان کی گرفتاری اور سو فیصد رقم کی برآمدگی پر مقدمہ کے مدعی کی جانب سے راولپنڈی پولیس کے لیے اظہار تشکر بھی کیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
انسانی اسمگلرز کا نیا طریقہ واردات بے نقاب، ملزم گرفتار
گوجرانوالہ میں زمینی راستوں پر سختی کے بعد انسانی اسمگلرز نے نیا طریقہ واردات اپنالیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق انسانی اسمگلرز 22 افراد پر مشتمل جعلی فٹ بال ٹیم سیالکوٹ ایئرپورٹ سے جاپان پہنچ گئی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق دستاویز جعلی ثابت ہونے پر جاپان نے تمام افراد کو ڈی پورٹ کردیا جبکہ اسکینڈل میں ملوث ملزم ملک وقاص گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے گولڈن فٹ بال ٹرائل کے نام سے فٹ بال کلب کی رجسٹریشن کروائی اور 22 افراد سے فی کس 40 لاکھ روپے وصول کیے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق تمام افراد کو فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کی طرح تربیت دی گئی، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ رجسٹریشن کی جعلی دستاویز بنائی گئیں۔
حکام کے مطابق جعلی دستاویزات کے مطابق ملزمان کے جاپان کے ایک کلب سے فٹ بال میچ شیڈول تھے، ملزم نے وزارت خارجہ کے جعلی کاغذات بھی تیار کیے تھے۔
ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ جنوری 2024ء میں بھی فٹ بال ٹیم کے روپ میں 17 افراد کو جاپان بھجوایا تھا۔