کراچی میں سمندری ہوائیں بند؛ شدید گرمی کب تک رہے گی؟
اشاعت کی تاریخ: 4th, April 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں سمندری ہوائیں بند ہونے سے گرمی کی شدت بڑھ گئی، جس سے شہری بے حال ہو گئے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی ریاست راجستھان پر موجود ہوا کے کم دباؤ کے باعث سمندری ہوائیں غیر فعال ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔
موجودہ صورتحال میں بلوچستان کی گرم ریگستانی اور شمال مغربی ہوائیں ساحلی علاقوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ شہر قائد میں گرمی کی یہ لہر منگل تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جب کہ آج سے اتوار تک درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔ اس دوران صبح سے سہ پہر تک سمندری ہوائیں معطل رہنے کا امکان ہے، جس سے گرمی کا احساس مزید بڑھ جائے گا۔
تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر سے درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری کمی آنا شروع ہو جائے گی اور منگل یا بدھ تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دوبارہ 34 سے 35 ڈگری کے درمیان آ جائے گا، جس سے شہریوں کو کچھ حد تک ریلیف ملنے کی امید ہے۔
دوسری جانب 9 اپریل سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا، تاہم کراچی میں اس کے تحت بارش کا کوئی امکان نہیں۔ البتہ سندھ کے دیہی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موجودہ گرمی کی شدت کے پیش نظر دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سمندری ہوائیں گرمی کی
پڑھیں:
کراچی کا پالک پنیر بھارت سے زیادہ مزیدار ہے، سوئیڈش آرٹسٹ کا اعتراف
سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی آرٹسٹ کراچی کے پالک پنیر کی دیوانی ہوگئیں اور اعتراف کیا ہے کہ یہاں کا پالک پنیر بھارت اور سوئیڈین سے زیادہ مزے کا ہے۔
کراچی آرٹس کونسل میں جاری ورلڈ کلچر فیسٹیول میں شرکت کے لیے آئی سوئیڈش میورل آرٹسٹ ڈومی فاریسٹ پاکستان میں دو بڑے وال آرٹ پینٹنگز بنا رہی ہیں، جن میں محبت، فطرت اور انسانی تعلق کو علامتی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
ڈومی کا کہنا ہے کہ یہ ان کا پاکستان میں پہلا تجربہ ہے جو مثبت توانائی اور محبت سے بھرپور ہے۔ وہ پہلی بار اپنے اسسٹنٹس کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
اپنے فن کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ علامتی انداز میں کام کرتی ہیں، ان کی پینٹنگ میں وائی کنگ کشتی، ریچھ کے پنجے، بچہ اور آنکھیں شامل ہیں جو طاقت، حفاظت اور زندگی کی ابتدا کی علامت ہیں۔
ڈومی نے پاکستانی کھانوں کی بھی تعریف کی، خاص طور پر پالک پنیر کی اور ہنستے ہوئے کہا میں نے اسے سویڈن اور بھارت میں بھی کھایا ہے، مگر یہاں یہ زیادہ مزیدار اور مصالحے دار ہے۔