تاجکستان میں بجلی چوری کرنے پر 10 سال قید کی سزا ہوگی
اشاعت کی تاریخ: 7th, April 2025 GMT
تاجکستان کی حکومت نے ملک میں بجلی کے شدید بحران سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات اُٹھائے ہیں جن میں سخت سزاؤں کا اطلاق بھی شامل ہے۔
عالمی خبر رساں کے ادارے کے مطابق پانی کی قلت کے باعث بجلی کے شدید بحران کے شکار ملک تاجکستان نے بڑے فیصلے کرلیے۔
تاجکستان کی وزارت توانائی و آبی وسائل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے بجلی کے استعمال سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر فوجداری مقدمات چلائے جائیں گے۔
بجلی کے استعمال سے متعلق نئے قانون کے تحت بجلی کے میٹر سے چھیڑ چھاڑ کرنے یا کنڈے لگانے پر 10 سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
خیال رہے کہ تاجکستان میں بجلی 95 فیصد پن بجلی سے پیدا کی جاتی ہے لیکن پانی کی قلت کے باعث مطلوبہ مقدار میں بجلی پیدا نہیں کی جا پا رہی ہے۔
علاوہ ازیں تاجکستان میں بجلی کا انفرا اسٹریکچر بھی پرانا اور ناقص ہوچکا ہے جس کے باعث ملک میں دہائیوں سے لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
جنرل ساحر شمشاد مرزا سے تاجکستان کے چیف آف جنرل اسٹاف کی جی ایچ کیو میں ملاقات
راولپنڈی:چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے تاجکستان کے چیف آف جنرل اسٹاف نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تاجکستان کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف اور پہلے نائب وزیر دفاع میجر جنرل سعیدزودا بوبوجون عبدالقادیر نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔
ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور مشترکہ اسٹریٹیجک مفادات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں عسکری رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تاجک مہمان نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔