سکھر: سیاہ کاری کا الزام، ماموں کی فائرنگ سے بھانجی اور آشنا قتل
اشاعت کی تاریخ: 8th, April 2025 GMT
—فائل فوٹو
سکھر میں ماموں نے سیاہ کاری کے الزام میں فائرنگ کر کے بھانجی اور اس کے مبینہ آشنا کو قتل کر دیا۔
ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل کے مطابق تماچانی تھانے کی حدود میں ماموں نے سیاہ کاری کے الزام میں فائرنگ کر کے 15 سالہ بھانجی وزیراں اور 16 سالہ نوجوان راشد شر کو قتل کر دیا۔
ایس ایس پی سکھر نے بتایا ہے کہ ورثاء نے معاملے کو دبانے کی کوشش کرتے ہوئے ملزم کو واقعے کے بعد فرار کرا دیا جس کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں تحویل میں لیں اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیں۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن لڑکی اور اس کی والدہ نے انکار کردیا۔
پولیس کے مطابق لڑکی اور لڑکے کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے آلۂ قتل برآمد کر لیا گیا ہے۔
واقعے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کیا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔