عمران خان نے حکومت کیساتھ بات چیت کو مسترد کر دیا، اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے تیار
اشاعت کی تاریخ: 9th, April 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعظم سواتی کو ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔
منگل کو اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماؤں اور وکلاء کے ساتھ بات چیت میں عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ رابطے کی یہ کوشش ان کے قانونی مقدمات سے متعلق نہیں بلکہ یہ صرف اور صرف پاکستان کی خاطر تھیں۔
باخبر ذرائع کے مطابق عمران خان نے ملاقات کیلئے آنے والوں کو بتایا کہ انہوں نے کبھی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت کا دروازہ بند نہیں کیا تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی نے موجودہ حکومت کے ساتھ بات چیت ختم کر دی ہے کیونکہ اس کے پاس اصل اختیارات نہیں۔
پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین سے ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی، سینیٹر علی ظفر اور وکلاء ظہیر عباس، مبشر اعوان اور علی عمران شامل تھے۔
ملاقات کے دوران سینیٹر علی ظفر نے اعظم سواتی کے حالیہ ویڈیو بیان پر عمران خان سے جواب طلب کیا۔ ویڈیو میں اعظم سواتی نے انکشاف کیا تھا کہ عمران خان نے انہیں بات چیت کی نوعیت خفیہ رکھتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اعظم سواتی نے مزید کہا تھا کہ اگرچہ عمران خان عوامی سطح پر عسکری قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں لیکن پس پردہ مذاکرات کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں۔
جواب میں عمران خان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بات چیت کا اقدام ذاتی مفادات یا قانونی نرمی حاصل کرنے کے بارے میں نہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ’’یہ پاکستان، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کے مینڈیٹ کے احترام کے بارے میں ہے۔
‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ عدالت میں اپنی قانونی لڑائی لڑنے کیلئے پرعزم ہیں اور کسی بیک ڈور ریلیف کی خواہش نہیں۔
عمران خان نے ایک بار پھر زور دیا کہ اگرچہ انہوں نے حکومت کے ساتھ بات چیت کو مسترد کر دیا ہے لیکن وہ فوجی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: کے ساتھ بات چیت اعظم سواتی انہوں نے
پڑھیں:
عفت عمر نے حکومتِ پنجاب کا عہدہ ٹھکرادیا
سابق ماڈل و اداکارہ عفت عمر نے حکومت پنجاب کی جانب سے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی ثقافتی مشیر کے طور پر تقرر کی پیشکش مسترد کر دی۔انہوں نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے عہدہ ٹھکرانے کی اطلاع دی۔
پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ مجھے اس ذمہ داری کے قابل سمجھنے کے لیے حکومت پنجاب اور مریم نواز کا بہت شکریہ، لیکن کچھ سوچنے کے بعد میں نے عاجزی کے ساتھ اس پیشکش کو مسترد کر دیا اور وزارت ثقافت کے لیے آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہوں ۔
ان کا یہ بیان متعدد میڈیا آؤٹ لیٹس اور سوشل میڈیا پیچز کی جانب سے کیے گئے ان دعووں کے بعد سامنے آیا کہ عفت عمر کو ثقافتی مشیر مقرر کیا گیا ہے اور وہ وزارت اطلاعات کے ساتھ مل کر پنجاب کے ثقافتی ورثے کو فروغ دینے اور اس کے تحفظ کے لیے پروگرام ڈیزائن کرنے کے لیے کام کریں گی۔
معروف اینکر اجمل جامی کی جانب سے اس خبر کو ری پوسٹ کر کے مبارکباد دینے کے بعد عفت نے پھر وضاحت کی کہ سر جی میں نے عاجزی کے ساتھ یہ پیشکش مسترد کردی ہے، ہماری وزیر ثقافت عظمیٰ بخاری اس شعبے میں پہلے ہی بہت اچھا کام کررہی ہیں میں کیا ہی مشورے دے سکتی ہوں انہیں۔