چیف جسٹس سے ترکیہ اور ایران کے سفیر کی ملاقات، عدالتی شعبے میں تعلقات کوفروغ دینے پر اتفاق
اشاعت کی تاریخ: 14th, April 2025 GMT
اسلام آباد: چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ترکیہ اور ایران کے سفیروں نےالگ الگ ملاقات کی، ملاقاتوں میں عدالتی شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو، اور ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے الگ الگ ملاقات کی، چیف جسٹس نے دونوں سفیروں کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ترکی اور ایران کے ساتھ دیرینہ، برادرانہ تعلقات کی تعریف کی، اور تینوں ممالک کے عوام کے درمیان مشترکہ ثقافتی ورثے اور باہمی احترام کو اجاگر کیا۔
ترک سفیر کے ساتھ ملاقات میں چیف جسٹس نے پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط عدالتی تعلقات کو تسلیم کیا اور شریعہ اکیڈمی کے ساتھ ترکی کے عدالتی تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے جاری تعاون کی تعریف کی۔
چیف جسٹس نے زور دیا کہ ضلعی عدلیہ کو بھی عدالتی تعاون کا حصہ بنایا جائے تاکہ عدالتی افسران کو عدالت کے انتظام، ڈیجیٹلائزیشن اور اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال میں ترکی کے طریقوں سے استفادہ کرنے کا موقع مل سکے۔
ترک سفیر نے چیف جسٹس ترکیہ کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا اور عدالتی تعاون کو مزید فروغ دینے میں ترکیہ کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔
ایرانی سفیر کے ساتھ ملاقات میں چیف جسٹس نے پاکستان اور ایران کے درمیان عدالتی تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا جس کی ایرانی سفیر نے بھی تائید کی۔
ایرانی سفیرنے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقرری پر ایران کے چیف جسٹس کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور انہیں ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایران کے چیف جسٹس مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بناتے ہیں۔
چیف جسٹس نے دونوں سفرا کو یادگاری تحائف پیش کیے، جبکہ ترکیہ اور ایران کے سفرا نے بھی چیف جسٹس کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کینیڈا اور پاکستان کا دوطرفہ تعلقات میں نئے باب کے آغاز پر اتفاق
اسلام آباد(صغیر چوہدری )کینیڈا اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعاون میں فروغ اور تعلقات میں نئے باب کا
گلوبل افیئرز کینیڈا کے مطابق کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند اور پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے 30 اکتوبر کو ایک نتیجہ خیز دوطرفہ گفتگو کی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں ممالک نے کینیڈین کینولا کی پاکستان کو برآمد میں سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا، تاکہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ میں اس کینیڈین جنس کے امکانات سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
مزید برآں، وزرا نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کے معاہدے (FIPA) کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کا خیرمقدم کیا۔ یہ مذاکرات کینیڈا کے وزیرِ بین الاقوامی تجارت منندر سدھو اور پاکستان کے وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ کی قیادت میں ہوئے۔ فائیپا دونوں ممالک کے درمیان ایک شفاف اور مستحکم سرمایہ کاری ماحول پیدا کرنے کی مشترکہ کاوشوں کی عکاسی کرتا ہے۔
دونوں فریقین نے توانائی کے تحفظ اور اہم معدنی وسائل میں تعاون بڑھانے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا، اور پاکستان کے معدنی ترقی کے اہداف اور صاف توانائی کے امکانات کے حصول میں کینیڈین کمپنیوں کے کردار کو سراہا۔
وزرائے خارجہ نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ آنے والا چھٹا دورِ دوطرفہ مشاورتی اجلاس دونوں حکومتوں اور نجی شعبوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اسٹریٹجک تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔
بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ کینیڈا اور پاکستان عالمی سطح پر امن، خوشحالی اور جامع ترقی کے فروغ کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔