اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی ژالہ باری، گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور طوفانی ژالہ باری نے موسم کو تبدیل کردیا۔
جڑواں شہروں میں شدید اولوں کی بارش سے کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑیوں پر ڈنٹ پڑ گئے جبکہ کالی گھٹاؤں نے دن کو رات میں بدل دیا۔
بلیو ایریا سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس سے گزشتہ تین روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم سہانا ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 20 اپریل تک اسلام آباد، راولپنڈی اور بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اور اس دوران آندھی، جھکڑ اور مزید ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔
شہریوں نے موسم کی اس تبدیلی کو سراہا تاہم گاڑیوں کو ہونے والے نقصان نے کئی افراد کو پریشان کردیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری سے مزید نقصان کا خدشہ ہے۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: علاقوں میں ژالہ باری
پڑھیں:
محکمہ موسمیات کی ہیٹ ویو ختم ہونےکے بعد گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی
کراچی:شہر میں جاری ہیٹ ویوکے دوران موسم شدید گرم اور خشک رہا اور محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ گرمی کی شدید لہر مزید ایک روز جاری رہے گی اور اس کے بعد سمندری ہوائیں بحال ہوں گی تاہم موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں جاری ہیٹ ویوکے سبب گرم وخشک دن ریکارڈ ہوا، اس دوران سمندری ہوائیں غیرفعال رہیں اور ساتھ ہی بلوچستان کی جانب سے گرم اور ریگستانی شمال مغربی ہوائیں چلیں۔
بیان میں کہا کہ شہر کا کم سے کم پارہ گزشتہ روزکے مقابلے میں ایک ڈگری کمی سے24 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ کے مقابلے میں 1.7 ڈگری کمی سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق ہیٹ ویو کی صورت حال مزید ایک روز برقراررہ سکتی ہے تاہم زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں معمول سے 4تا 6ڈگری اضافے کا امکان ہے۔
مزید بتایا گیا کہ جمعرات کو سمندری ہوائیں بحال ہونےکا امکان ہے، تاہم ہیٹ ویوکے خاتمے کے بعد شہر میں موسم گرم ومرطوب ریکارڈ ہوسکتا ہے، صوبے کے بیشتراضلاع میں موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ منگل کو دیہی سندھ کے جیکب آباد کا پارہ 43.5 ڈگری، چھور، مٹھی اور لاڑکانہ کا درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔