ابوظبی میں پاکستانی زرعی محقق ڈاکٹر غلام سرور کو عالمی ایوارڈ دیا گیا
اشاعت کی تاریخ: 16th, April 2025 GMT
پاکستان کی زرعی جدت و تحقیق کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔ صوبہ سندھ کی درسگاہ شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپور کے ممتاز پاکستانی محقق، ڈاکٹر غلام سرور مہرخند کو ابوظبی میں منعقدہ تقریب میں "بااثر شخصیت" کی کیٹیگری میں خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ فار ڈیٹ پام اینڈ ایگریکلچرل انوویشن سے نوازا گیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام سرور مہرخند نے ایوارڈ کو اپنی تحقیق کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ "بااثر شخصیت" کی کیٹیگری میں 28 ممالک کے 180 سے زائد محققین اور اسکالرز نے اپنی تحقیق جمع کروائی، جن میں پاکستان اور مصر نے اس کیٹیگری کے اعلیٰ اعزازات جیتے۔
پاکستان امارات کا مفاہمتی معاہدہ: زرعی تعلقات مضبوط بنانے کی جانب اہم قدمتقریب کے دوران پاکستان میں دوسرا انٹرنیشنل ڈیٹ پام فیسٹیول 2025 منعقد کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط پاکستان کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالوہاب زید نے کیے۔
مفاہمتی یادداشت کا مقصد پاکستان میں کھجور کی پیداوار کو فروغ دینا اور پائیدار زراعت کے طریقے اپنانا ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جدت اور علم کے تبادلے کو فروغ دیتے ہوئے زرعی تعاون کو مضبوط کرے گا۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستان اور عرب امارات کے تعاون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "یہ مفاہمتی یادداشت اور ڈاکٹر مہرخند کی پذیرائی پاکستان کی زرعی جدت و تحقیق اور پائیدار طریقوں کے لیے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ ہم مل کر غذائی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹ سکتے ہیں۔"
پاکستان میں کھجور کی پیداوار کی صلاحیت پر گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت سے کھجور کی پیداوار میں اضافہ اور نئی اقسام متعارف کروانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک امارات تعاون سے پاکستان سے کھجور کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری و بقائے باہمی، شیخ نہیان مبارک النہیان نے زرعی جدت کو فروغ دینے میں ایوارڈ یافتگان کی خدمات کو سراہا۔
پاکستان کے سفیر برائے یو اے ای، فیصل نیاز ترمذی کو بھی دونوں ممالک کے درمیان زرعی اور سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایوارڈ تقریب متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور نائب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید النہیان کی سرپرستی میں منعقد ہوئی اور زرعی جدت اور کھجور کی پیداوار کے فروغ میں عالمی شخصیات کی خدمات کو سراہتے ہوئے اختتام پذیر ہوئی۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: کھجور کی پیداوار مفاہمتی یادداشت عرب امارات کے
پڑھیں:
سونے کی قیمت میں نمایاں کمی
عالمی اور مقامی مارکیٹس میں سونے کی قیمت میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا ایک ہزار 800 روپے سستا ہوگیا، جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 35 ہزار 636 روپے ہوگئی، اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 543 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 73 ہزار 487 روپے مقرر کی گئی ہے۔دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، جہاں فی اونس سونا 18 ڈالر سستا ہونے کے بعد 4 ہزار 96 ڈالر پر آگیا۔