بیس کیمپ کا پورا نظام تحریک آزادی کشمیر کی مرہون منت ہے، چوہدری انوارالحق
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
تھوراڑ میں خیرالناس ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگوں کے آباؤ اجداد نے جو تاریخ رقم کی اس کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے، ہم اپنے کردار کو بہتر بنا کر ہی نظام کو درست کر سکتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بیس کیمپ کا پورا نظام تحریک آزادی کشمیر کی مرہون منت ہے، وزیراعظم بنا تو آٹا لوٹنے کی خبریں آ رہی تھیں، آج ایسا نہیں ہو رہا کیوں؟ 20 اپریل کو 2 سال پورے ہوئے، اس عرصے میں ایک لمحہ ایسا نہیں آیا جب عدم اعتماد کی گونج نہ سنی ہو، نہ کوئی ٹی اے ڈی اے لیتا ہوں اور اور نہ ہی تنخواہ، جب تک اللہ تعالیٰ کی رضا شامل حال رہی کام کرتا رہوں گا، جس منصب پر ہوں اس کے ایک ایک لمحے کا حساب مالک الملک لے گا، میرٹ کے لیے قیمت دی ہے، سب جانتے ہیں کہ پہلے پبلک سروس کمیشن کیسے بنتا تھا؟ این ٹی ایس کو میرٹ پر لا کر 3000 ہزار بچے بچیاں میرٹ پر بھرتی کیے، تبدیلی بتدریج عمل ہے یہ فوری طور پر ممکن نہیں ہے، مولانا صاحب نے جن 2 سڑکوں کا کہا ہے ان دو سڑکوں کا اعلان کرتا ہوں، میں یہاں آپ لوگوں کی سماجی خدمات کا اعتراف کرنے آیا ہوں، مخلوق کی بھلائی کے لیے جتنا کام کیا جائے، کم ہوتا ہے، میں اسی کام کے لیے منتخب ہوا ہوں کہ آپ کا دکھ درد بانٹوں، اگر ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کی عزتیں محفوظ نہ ہوں، مذہبی اور سیاسی آزادیاں میسر نہ ہوں تو ہم نے پھر تعمیر و ترقی کا کیا کرنا ہے؟ اللّہ تعالیٰ کے دین کی خاطر اگر موت مل جائے تو اس سے بڑی نعمت کیا ہے؟ جب 71 روپے بجلی فی یونٹ تھی تو 70 فیصد چوری تھی اب 3 روپے یونٹ بجلی ہے تو 71 فیصد چوری ہے، ٹیکس نہیں دینا تو تعمیر و ترقی کا نظام کیسے چلے گا؟۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر نے تھوراڑ میں خیرالناس ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں ہو رہی ہیں جبکہ آزاد کشمیر کے عوام کو مکمل آزادیاں حاصل ہیں۔ یہاں کے لوگوں کے آباؤ اجداد نے جو تاریخ رقم کی اس کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے، ہم اپنے کردار کو بہتر بنا کر ہی نظام کو درست کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے دو اہم سڑکوں کی تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ایمانداری سے عوام پر ہی خرچ کیا جائے گا۔ٹیکس، ٹمبر اور سگریٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئیں، جن کے مثبت اثرات عوام کو پہنچ رہے ہیں، معزز دنیا میں پبلک کے ٹیکسیز کے پیسے پر تختی نہیں لگائی جا سکتی، تختی صرف آپ اپنے پیسوں سے لگا سکتے ہیں۔
تقریب کی صدارت امیر جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف خان نے کی۔ اس موقع پر وزیر زراعت سردار میر اکبر خان، وزیر صحت ڈاکٹر انصر ابدالی، وزیر خوراک چوہدری محمد اکبر ابراہیم، مشیر حکومت سردار احمد صغیر خان بھی موجود تھے.
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کرتے ہوئے ٹرسٹ کے کے لیے
پڑھیں:
آزاد کشمیر کا ناظم اطلاعات یا ہندوستان کا جاسوس؟
افتخار گیلانی
آزاد کشمیر کے پہلے ناظم اطلاعات کی کہانی، جن کے بارے میں وقتا فوقتا خبریں چھپتی ہیں کہ انہوں نے ‘آزاد کشمیر ‘ کا پرچم ڈیزائن کیا۔گنوپتی کیشوا ریڈی، جو آزاد کشمیر کے ناظم اطلاعات یعنی ڈائریکٹر انفارمیشن اور پبلک ریلیشن تھے اور جنہیں پاکستان میں ہندوستان کا پہلا انڈر کور جاسوس بھی سمجھا جاتا ہے ۔
ہندوستان کے اقتصادی مرکز بمبئی میں مئی 1948کی ایک حبس زدہ دوپہر ہفتہ وار انگریزی اخبار بلٹز کے دفتر میں اس کے ایڈیٹر رستم خورشیدجی کرانجیا اسٹوریز کی نوک پلک درست کررہے تھے کہ ان کی میز پر رکھے ٹیلی فون کی گھنٹی بجنے لگی۔ دوسری طرف نئی دہلی سے ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے پرائیوٹ سکریٹری ایم او متھائی لائن پر تھے ۔انہوں نے کرانجیا سے پوچھا کہ کیا ان کے اخبار کے ایڈیشن میں کسی اسکوپ کی گنجائش ہے ؟ نیکی اور پوچھ پوچھ، اسکوپ وہ بھی وزیر اعظم کے دفتر سے ۔ٹیبولائڈ فارمٹ کا بلٹز اخبار برطانیہ کے ڈیلی میل کی کاپی تھا ۔ بڑے فونٹ میں چیختی ، چنگھاڑتی موٹی سرخیوں کے ساتھ یہ اخبار تفتیشی اور ہیجان انگیز خبروں کے لیے جانا جاتا تھا۔متھائی نے کہاکل ایک نوجوان ان سے ملنے بمبئی پہنچ رہا ہے ۔ اس کے پاس ایسی خبر ہے ، جو تہلکہ مچا سکتی ہے ۔ متھائی نے کہا کہ خود وزیر اعظم نے ہی بلٹز کا نام تجویز کرکے اس اسٹوری کو پہلے صفحہ پر شائع کروانے کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ یہ قومی مفاد میں ہوگا ۔ اگلے روز کرانجیا جب دفتر پہنچے تو بریف کیس ہاتھ میں لیے سفید سفاری سوٹ میں ملبوس، دبلی پتلی قامت کا ایک نوجوان ان کے کمرے کے باہر ہی انتظار کر رہا تھا ۔ نووارد نے اپنا تعارف بطور گنوپتی کیشوا ریڈی کے کروایا اور بتایا کہ وہ ابھی چند روز قبل تک آزادکشمیر کا ناظم اطلاعات یعنی ڈائریکٹر انفارمیشن اور پبلک ریلیشن تھا۔اس لیے ریڈی کو ہندوستان کا پاکستان میں پہلا انڈر کور جاسوس بھی سمجھا جاتا ہے ۔
جس نے پاکستانی کی اعلیٰ لیڈرشپ تک رسائی حاصل کرکے نہایت ہی اہم معلومات حاصل کرکے ان کو ہندوستان تک پہنچایا ۔ کانگریس حکومت میں وزیر اور صنعتکار سبھی رام ریڈی نے جب برسو ں قبل جی کے ریڈی کے مضامین پرمشتمل ایک کتاب کا اجرا کیا، تو اس میں کرانجیا کے تاثرات بھی تھے ۔انہوں نے لکھا تھاکہ بلٹز اخبار پنڈت جواہر لال نہرو کا کئی بیش بہا تحفوں کے لیے شکر گزار ہے ، لیکن ان سب میں سب سے قیمتی عطیہ جی کے ریڈی کی صورت میں ان کو ملا ۔ اسکوپ 1947-48کی کشمیر جنگ سے متعلق تھا ۔ چونکہ اعلیٰ عہدہ پر رہتے ہوئے وہ اس جنگ کے پاکستانی سائڈ سے عینی شاہد تھے ، اس لیے ان کی انفارمیشن تہلکہ خیز تھی ۔چند سال قبل آزاد کشمیر سے کسی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرکے دعویٰ کیا تھا کہ ‘آزاد کشمیر’ کا پرچم ایک کشمیری پنڈت جی کے ریڈی نے ڈیزائن کیا ہے ۔ چونکہ ریڈی کشمیر ی پنڈت ہو ہی نہیں سکتا ہے ، لہٰذا میں نے اس پر زیادہ دھیان نہیں دیا اور اس کو کسی روایتی خود ساختہ قوم پرست کے ذہن کی بہکی ہوئی رو سمجھا۔مگر حال ہی میں اسی خطے سے تعلق رکھنے والے معتبر صحافی خالد گردیزی نے جب اسی طرح کی ایک پوسٹ شائع کی اور اس انفارمیشن کو کسی سینئر بیوروکریٹ سے منسوب کیا، تو مجھے تجسس ہوا۔
معلوم ہوا کہ جی کے ریڈی آندھرا پردیش کے نلور ضلع میں 1923کو پیدا ہوئے ۔ وہ تیلگو نسل کے تھے ۔ ان کا انتقال 1987میں ہوا اور کافی عرصے تک وہ اخبار دی ہندو کے ساتھ وابستہ رہے ۔ یہ بھی پتہ چلا کہ میرے کئی سینئرز پریم شنکر جھا، شاستری راما چندر ن وغیرہ نے ان کے ساتھ کام کیا ہے اور ان کو اچھی طرح جانتے ہیں ۔ان کی وساطت سے اور دیگر ذرائع سے معلوم ہوا کہ ریڈی جموں و کشمیر میں انگریزی کے پہلے اخبار ہفت روزہ کشمیر ٹائمز کے مدیر رہ چکے ہیں ۔ (موجود ہ کشمیر ٹائمز کا اس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے ) ۔ یہ اخبار سرینگر سے 26 نومبر 1934سے شائع ہونا شروع ہو گیا تھا۔گو کہ اس کی بنیاد بلدیو پرشاد شرما اور پنڈت گوشہ لال کول نے رکھی تھی، بعض دستاویزات کے مطابق بمبئی کے ایک کانگریسی لیڈر سردار عبدالرحمن مٹھا نے اس کو بعد میں خریدا ۔ کشمیر میں قیام کے دوران انہوں نے جی کے ریڈی کو اپنا پرائیویٹ سکریٹری مقرر کیا تھا۔ریڈ ی اس وقت سرینگر میں ایسوسی ایٹیڈ پریس آف انڈیا یعنی اے پی آئی کے نمائندے بھی تھے ۔ دونوں 1945سے اگست1947تک کشمیر کے وزیر اعظم رہے رام چندر کاک کے قریبی تھے ، جس کی وجہ سے ان کی نیشنل کانفرنس اور شیخ عبداللہ کے ساتھ ناچاقی ہوگئی تھی ۔وہ شیخ عبداللہ کی طرف سے ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے خلاف شروع کی گئی کشمیر چھوڑو تحریک کے مخالفین میں سے تھے ۔ جب کاک کو برطرف کرکے مہر چند مہاجن کو وزیر اعظم مقرر کیا گیا، تو ریڈی اور مٹھا کو 15 اکتوبر 1947کوکشمیر سے نکال دیا گیا۔ دومیل پوسٹ کے قریب اُن کی تلاشی لی گئی، اور الزام لگایا گیا کہ ریڈی کے سامان سے سازش سے متعلق کچھ قابلِ اعتراض کاغذات برآمد ہوئے ۔دونوں افراد کو واپس لا کر فوج کے حوالے کر دیا گیا۔ اس واقعے سے پہلے ، پریس کی دنیا میں دو اور معروف نام پریم ناتھ بزاز اور پریم ناتھ کانہ کو بھی سازش میں ملوث قرار دے کر گرفتار کیا گیا تھا۔ان پر الزام تھا کہ وہ سابق وزیر اعظم کاک کی ایماء پر سازش میں شریک تھے ۔ اخبارات کی دنیا اس دور میں بھی دھڑوں میں بٹی ہوئی تھی ۔ مقامی اخباروں نے بھی مٹھا اور ریڈی کے خلاف مہم چلائی اور ان کی ملک بدری کا مطالبہ کردیا۔
بلٹز میں جو ان کی رپورٹ شائع ہوئی، اس میں بتایا گیا کہ سرحد پار سے آنے والے قبائلی حملہ آوروں کی قیادت ایک فرضی ‘جنرل طارق’ کر رہا تھا، جو دراصل ‘بریگیڈیئر رسل ہیٹ’ تھا ۔ امریکی ادارہ ‘آفس آف اسٹریٹجک سروسز(او ایس ایس)’ کا اعلیٰ افسر، جو آج کی سی آئی اے کا پیش رو ادارہ تھا، نے ایک قبائلی سردار کا بھیس اپنایا ہوا تھا۔بعد ازاں یہی مواد اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی اداروں میں ہندوستان کی جانب سے پاکستان اور امریکہ کی خفیہ شراکت داری کے ثبوت کے طور پر پیش کیا گیا۔لیکن اس سے بھی بڑی خبر جی کے ریڈی کی پاکستان سے فرار کی تھی، جہاں وہ’ آزاد کشمیر’ حکومت کے تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ۔
ہندوستان واپس آنے کے بعد ریڈی نے وزیر اعظم نہرو سے نئی دہلی میں ملاقات کی اور انہیں پاکستان کی براہ راست مداخلت اور امریکی معاونت پر مبنی دستاویزات پیش کیے ۔کرانجیا کے بقول بلٹز میں انہوں نے ریڈی کی تحریر کردہ سلسلہ وار رپورٹس ، نقشوں اور تصاویر کے ساتھ شائع کیں ، جنہیں بعد میں وینو گوپال کرشن مینن نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے خلاف اپنے مقدمہ میں پیش کیا ۔ریڈی رقمطراز ہیں کہ کشمیر چھوڑو تحریک کی مخالفت کی وجہ سے وہ شیخ عبداللہ کا نشانہ بن گئے تھے ۔ سری نگر میں اے پی آئی کا نمائندہ لاہور دفتر سے منسلک ہوتا تھا، جہاں ان کے نام سے ریاستی حکومت کے خلاف کئی اسٹوریز ریلیز کی گئیں ، جس کی وجہ سے وزیر اعظم ہری چند مہاجن بھی ان کے دشمن ہو گئے تھے ۔انہوں نے کئی بار وزیر اعظم سے استدعا کی کہ انہوں نے ایسی کوئی رپورٹ فائل نہیں کی ہے اور اس کے لیے سرینگر کے ٹیلی گراف دفتر سے معلوم کیا جاسکتا ہے ۔ مگر وہ کچھ بھی سننے کے لئے تیار نہیں تھے اور پولیس نے ان کو ریاست بد ر کر دیا۔اکتوبر کے وسط میں انہوں نے امرتسر میں اے پی آئی کے منیجر رائے بہادر رتن لال سیٹھی سے جب اپنی اجرت کا مطالبہ کیا تو انہوں نے ان کو لاہور جاکر وہاں رابطہ افسر زاہد عمر سے ملنے کی ہدایت دی ۔ وہاں جانے کے لیے ایک جیپ کا بھی انتظام کیا۔لاہور میں میاں افتخار الدین نے ان کا استقبال کیا اور ان کو گورنر فرانسس مودے سے ملاقات کرنے لے گئے ۔ ان کو پاکستان میں بطور شہر ی رہنے کی دعوت دی گئی ۔ ان ملاقاتوں کے دوران ان کو معلوم ہوگیا کہ 22اکتوبر کو کشمیر پر کوہلہ اور رام کوٹ کی طرف سے حملہ ہونے والا ہے اور ڈوگرہ فوج کے مسلم سپاہی بغاوت کر رہے ہیں۔ان کو بتایا گیا کہ ایک عبوری حکومت کا قیام عمل میں آرہا ہے اور ان کو اس حکومت میں اقلیتی امور کی وزارت سنبھالنے کے لیے کہا گیا ۔ ایک غیر کشمیری کیسے وزارت میں شامل ہو سکتا تھا، یہ سمجھ سے باہر ہے ۔ ریڈی کہتے ہیں کہ لاہور کے اے پی آئی کے دفتر نے ان کو عملاً پاکستانی حکومت کے حوالے کر دیا تھا ۔اُسی رات میری اپنے میزبان، ملک تاج الدین، منیجر اے پی آئی سے طویل گفتگو ہوئی، جنہوں نے مجھے تفصیل سے بتایا کہ کیا ہونے والا ہے ۔ اگلے دن میں دفتر میں بیٹھا تھا کہ راولپنڈی سے ایک ٹرنک کال آئی ۔ چونکہ دفتر میں مجھ سے سینئر کوئی موجود نہ تھا، میں نے کال سنبھالی ۔ دوسری جانب لیفٹیننٹ کرنل علوی، پبلک ریلیشنز آفیسر، جنرل ہیڈکوارٹرز، پاکستان آرمی تھے ۔ انہوں نے اطلاع دی کہ رامکوٹ کی جانب سے اس رات حملہ ہونا ہے ، لیکن خبردار کیا کہ یہ خبر پاکستان سے جاری نہ کی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب یہ خبر سری نگر سے دہلی پہنچے اور وہاں سے پاکستان کو موصول ہو، تو پھر آزاد کشمیرکی عبوری حکومت کے نام سے ، پلندری کی ڈیٹ لائن کے ساتھ، روزانہ اعلامیے جاری کیے جائیں گے ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ یہ اعلامیے وہ راولپنڈی سے ہر رات نو بجے ریڈیو نیوز سے قبل فون کے ذریعے بھیجیں گے ۔ اگلے دن دہلی سے قبائلی حملے کی فلیش آئی، اور اس کے بعد بیانات اور اعلانات آناشروع ہوگئے ۔ریڈی لکھتے ہیں کہ صوبہ سرحد کے وزیر اعظم خان عبدالقیوم خان ان کے پرانے شناسائی تھے ۔ ان کی استدعا پر انہوں نے آزاد کشمیر کی عبوری حکومت کے لیے لاہور میں کام کرنا شروع کردیا ۔مگر چند روز بعد ان کو خواجہ عبدالرحیم کی معیت میں راولپنڈی لے جایا گیا، جہاں سردار ابراہیم خا ن سے متعارف کروایا گیا۔ ان کو ‘آزاد کشمیر’ کا پہلا ناظم اطلاعات مقرر کیا گیا ۔ تین ما ہ بعد پاکستانی فوج کی خفیہ ایجنسی کو ان کے ہندوستان فرار ہونے کی تیاری کی سن گن مل گئی۔بقول ا ن کے کسی غیر ملکی نامہ نگار نے اس کی اطلاع پاکستانی انٹیلی جنس کو فراہم کی تھی ۔ اس کے بعد خواجہ عبد الرحیم نے نہ صرف ان کو برطرف کر دیا ، بلکہ چند قبائلیوں کو بتایا کہ یہ شخص ہندو اور نہرو کا ایجنٹ ہے ۔ یعنی ان کو ریڈی کے قتل کی ترغیب دی گئی ۔’ میں کسی طرح پشاور بھاگ گیا اور خان عبد القیوم سے احتجاج کیا کہ یہ پاکستان حکام کی انتہا درجے کی ناشکری ہے کہ اتنے مہینے میرا استحصال کرنے کے بعد اب وہ مجھے قتل کروانا چاہتے ہیں ۔ خان نے ان کو تسلی دی اور ان کی حفاظت کی ذمہ داری اپنے سرلے لی۔ خان نے ان سے کہا کہ اگر وہ پشاور میں پولیس کی نگرانی میں رہیں ، تو ان کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے واضح کر دیا کہ پاکستانی حکومت کو اندیشہ ہے کہ وہ ہندوستان جا کر سارے راز فاش نہ کردیں ، جن کو ہندوستان اقوام متحدہ میں بطور ہتھیار استعمال کرسکے ۔تب تک ان کی جگہ پر’آزاد کشمیر ‘ میں ڈاکٹرتاثیر اور حفیظ جالندھری کو محکمہ تعلقات عامہ میں تعینات کیا گیا تھا مگر ایک ماہ بعد ہی ان کو ناقص کارکردگی کی وجہ سے برخاست کر دیا گیا ۔اسی دوران سردار ابراہیم ایبٹ آبا کے د ورے پر آگئے تھے اور خان عبدالقیوم خان کو آمادہ کروایا کہ وہ ریڈی کو دوبارہ محکمہ تعلقات عامہ کو سنبھالنے کے لیے تیار کریں ۔انہوں نے مجھ سے سابقہ حالات پر معذرت کی اور التجا کی کہ میں دوبارہ یہ کام سنبھال لوں۔ میں نے سوچا کہ یہ میرے لیے فرار کا سنہری موقع ہے ۔ میں نے ان سے کہا کہ میں یہ کام دوبارہ سنبھالنے کو تیار ہوں ، البتہ میری درخواست ہے کہ مجھے کراچی بھیجا جائے تاکہ وہاں الطاف حسین اور جواد سے بیرونی تشہیر کے معاملات پر تفصیل سے بات کر سکوں ۔مجھے بتایا گیا تھا کہ وہ دونوں آزاد کشمیر کے محکمہ اطلاعات کی کارکرگی سے مایوس ہیں ۔
سردار ابراہیم نے اتفاق کیا، اور 18 مئی کو ریڈی کو ا یئر فورس کے طیارے میں ایئر کموڈور جنجوعہ کے ساتھ پشاور سے کراچی بھیج دیا گیا ۔ کراچی پہنچتے ہی وہ فوراً مکلاؤڈ روڈ پر ‘ایئر سروسز آف انڈیا’ کے دفتر گئے ، جہاں معلوم ہوا کہ دو گھنٹے بعد ہی جام نگر کے لیے پرواز روانہ ہونے والی ہے ۔انہوں نے ٹکٹ کسی اور نام سے بک کر لیا، تاکہ کراچی ائیر پورٹ پر پولیس کو چکمہ دے سکیں ۔ اسی طرح وہ جام نگر کے راستے 20 مئی کو بمبئی پہنچ کر پاکستان سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور پھر دہلی روانہ ہوکر وہاں وزیر اعظم نہرو سے ملاقات کی درخواست دی ، جو فوراً ہی منظور ہو گئی۔
یہ کہانی تھی، آزاد کشمیر کے پہلے ناظم اطلاعات کی، جن کے بارے میں وقتا فوقتا خبریں چھپتی ہیں کہ انہوں نے ‘آزاد کشمیر ‘کا پرچم ڈیزائن کیا ۔ اس کالم میں اتنا ہی سمیٹا جاسکتا ہے ۔ باقی آئندہ پھر کبھی ۔
٭٭٭