صدر مملکت آصف علی زرداری کی ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے دورہ پاکستان پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مذاکرات اور سفارتکاری کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے دورے پر موجود ایرانی وزیر خارجہ سے صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملاقات کی۔ اسلام آباد میں ملاقات کے دوران خطے میں امن اور خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے۔ ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر پاکستان نے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص پہلگام واقعہ کے بعد بھارت اور پاکستان کے مابین جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال ہوا۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا دورہ سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کی ہدایات پر کیا جب کہ موجودہ صورتحال پر پاکستان کا موقف سمجھتے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کشیدگی کم کرنے کے لیے فریقین پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہےاور پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ ملاقات میں افغانستان اور فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے خطے کے معاملات پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ صدر مملکت نے دورہ پاکستان پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مذاکرات اور سفارتکاری کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ایرانی وزیر خارجہ پاکستان کے صدر مملکت
پڑھیں:
کشمیر کی آزادی ناگزیر، بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کا بازار گرم ہے: صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے گلگت بلتستان نے 1947 میں جہاد کر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، جبکہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت ہے۔گلگت بلتستان کے ڈوگرہ راج سے آزادی کے جشن کی تقریب سے خطاب میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ کی بہادری کو تاریخ کبھی نہیں بھلا سکتی، 1947 میں آپ نے جہاد کرکے پاکستان میں الحاق کیا، 1947 کی جنگ میں آپ کے 1700 جوان شہید ہوئے۔ان کا کہنا تھا گلگت بلتستان کو تعلیم اور صحت کی سہولیات ملنی چاہئیں، یہاں ہر وادی میں اسکول ہونے چاہئیں، گلگت بلتستان معدنیات سے مالا مال ہیں، یہ پہاڑ آپ کا اور میرا سرمایہ ہیں، یہاں سیاحت کو فروغ مل سکتا ہے، گلگت بلتستان کو اپنی ایئرلائن بھی ملنی چاہیے۔صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم کا بازار گرم ہے، بھارت میں کشمیریوں کی نسل کشی انتہا کو پہنچ چکی ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی وقت کی ضرورت ہے، مقبوضہ کشمیر طویل عرصے سے بھارت کے مظالم کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا مظہر ہے، چین ہمارا دوست اور شراکت دار ملک ہے، سی پیک فیز ٹو کامیابی سے اپنے مراحل طے کررہا ہے۔صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا گلگت بلتستان کو دیگر صوبوں کی طرح ترقی یافتہ دیکھنا چاہتے ہیں، گلگت بلتستان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔