اقوام متحدہ /اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاک بھارت ثالثی کیلئے عالمی طاقتیں متحرک ‘پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس ختم ہوگیا جس میں 5 مستقل ارکان سمیت تمام 15 ممبرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی پر کونسل کے ارکان نے سیر حاصل بحث کی ‘ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلگام واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا بھارتی اقدام مسترد کرتے ہیں‘ تنازع کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے‘ بھارتی اقدامات سے خطے کے امن اور سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو 70برس ہوگئے‘ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے پرعزم ہے۔

نیویارک سے نمائندہ جنگ کے مطابق بند کمرہ اجلاس کی کارروائی پبلک نہیں کی جاتی‘ اس حوالے سے کسی باضابطہ بیان کی توقع نہیں کی جارہی۔

ادھر وزیراعظم شریف شریف اوراقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں جنوبی ایشیا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری‘ وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ایران کے وزیر خارجہ سیدعباس عراقچی ‘چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ اور برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

وزیراعظم نے برطانیہ کو پہلگام واقعے کی تحقیقات میں شامل ہونے کی دعوت دیدی‘ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ علاقائی امن و سلامتی کے لئے پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کرے گا جبکہ ایرانی وزیر خارجہ نے کشیدگی کم کرنے کیلئے فریقین پر تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتیرس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کوئی غلطی نہ کریں‘ عسکری کارروائی کوئی حل نہیں ہے‘ وہ ایسے ہر اقدام میں تعاون کے لیے تیار ہیں جو کشیدگی میں کمی لائے۔

روس نے بھی پاکستان اور بھارت سے کشیدگی میں کمی لانے کا کہا ہے‘چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے دوطرفہ پائیدار اور آزمودہ دوستی کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک “آہنی برادر” ہیں جبکہ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات سے علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے نیویارک میں اپنے ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی پچھلے چند برسوں کے مقابلے میں اپنے عروج پر ہے۔

انتونیو گوتریس نے بھارت کو جنگ شروع کرنے سے خبردار کیا اور واضح کیا ہےکسی بھی ایسے فوجی تصادم سے گریز کیا جائے جو قابو سے باہر ہوسکتا ہو‘یہ وہ وقت ہےکہ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا جائے اور ایک قدم پیچھے ہٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پہلگام میں دہشت گردی کی پر زور مذمت کرتے ہیں‘ شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور جو اس واقعے کے ذمہ دار ہیں انہیں معتبر اور قانونی ذرائع سے انصاف کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے لیے ان کا یہ پیغام ہے کہ یاد رکھیں فوجی حل کوئی حل نہیں، وہ امن کے قیام کے لیے اپنا دفتر دونوں ملکوں کی حکومتوں کو پیش کرتے ہیں، وہ ایسے ہر اقدام میں تعاون کے لیے تیار ہیں جو کشیدگی میں کمی لائے۔

دریں اثناء شہباز شریف سے پیر کو برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات ہوئی۔ کوئی ثبوت فراہم کئے بغیر اس واقعہ سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارت کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے واقعہ کی اعلیٰ سطح کی شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کی اپنی پیشکش کا اعادہ کیا اور برطانیہ کو اس میں شمولیت کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک کی اقتصادی ترقی ہے اور پاکستان کبھی بھی ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھائے گا جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ ہو۔برطانیہ خطے میں امن کی کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ برطانیہ علاقائی امن و سلامتی کے لئے پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ علاوہ ازیں ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے بھی شہباز شریف سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے انتہائی ذمہ داری سے کام لیا ہے جبکہ دوسری طرف بھارت نے جموں و کشمیر کے تنازعہ سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے میڈیا کے ذریعے پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے جو کہ جنوبی ایشیاء میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔

Post Views: 2.

ذریعہ: Daily Mumtaz

کلیدی لفظ: پاکستان اور بھارت کے علاقائی امن اقوام متحدہ کہنا تھا کہ ہائی کمشنر سلامتی کو کے درمیان نے کہا کہ کے لیے

پڑھیں:

پاک بھارت کشیدگی؛ نیویارک میں پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جاری

پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی کے طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس آج نیویارک میں جاری ہے، جس میں جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعے اور خطے میں بڑھتی کشیدگی پر غور کیا جائے گا۔

یہ اجلاس وزیرِ اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور اسحٰق ڈار کی نگرانی میں پاکستانی مشن کی بھرپور کوششوں کا نتیجہ ہے جس نے سلامتی کونسل کے تمام اراکین کو اس حساس صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے اجلاس کے انعقاد کے لیے کامیاب سفارتی کوششیں کیں۔

سلامتی کونسل پانچ سال سے زائد عرصے کے بعد ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور جموں و کشمیر کے پس منظر میں موجود دیرینہ تنازع پر غور کر رہی ہے۔ اجلاس میں سلامتی کونسل کے 15 اراکین، جن میں پانچ مستقل ارکان بھی شامل ہیں، شریک ہو رہے ہیں۔

اجلاس کے دوران بھارت کی جانب سے دیے گئے اشتعال انگیز بیانات، سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے اقدام اور دیگر ایسے فیصلوں پر روشنی ڈالی جائے گی جو خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی پاکستان بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش

پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد اجلاس میں سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر بریفنگ دیں گے۔ پاکستان عالمی برادری کو نہ صرف موجودہ خطرات سے آگاہ کرے گا بلکہ مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی اہمیت بھی اجاگر کرے گا۔

پاکستان مشن نے اس اہم موقع کے لیے بھرپور تیاری مکمل کر لی ہے اور اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے پوری طرح متحرک ہے۔ پاکستان، پیہلگام واقعے کی شفاف، آزاد اور بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش سے بھی سلامتی کونسل کو آگاہ کرے گا۔

مزید پڑھیں: پاکستان آج سلامتی کونسل کو بھارتی جارحانہ اقدامات اور اشتعال انگیزی سے آگاہ کرے گا

پاکستان سلامتی کونسل سے مطالبہ کرے گا کہ وہ خطے میں امن کو لاحق خطرات کا نوٹس لے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین

  •  عالمی برادری فوری طور پر بھارت کو جارحیت سے روکے ، پاکستان نے اقوام متحدہ کی ثالثی کی حمایت کردی
  • پاک بھارت تنازع: اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کے اہم اجلاس میں کیا ہوا؟
  • پاکستان کاپہلگام واقعےسےکوئی تعلق نہیں،عاصم افتخار
  • نیویارک: پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جاری
  • پاک بھارت کشیدگی؛ نیویارک میں پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جاری
  • پاک بھارت کشیدگی: پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جاری
  • پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب
  • بھارتی جارحیت اور تازہ ترین صورتحال پر غور,اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا۔
  • پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب