جنگی جنون میں مبتلا بھارتی قیادت کو ایک بار پھر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، گلبر خان
اشاعت کی تاریخ: 7th, May 2025 GMT
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ، بری افواج اور تمام سیکیورٹی اداروں نے بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان نہ صرف امن کا علمبردار ہے بلکہ اپنے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار بھی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر نے بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی اور رات کی تاریکی میں سویلینز پر بزدلانہ کارروائی کے رد عمل میں کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی بزدلانہ جارحیت کا پاکستان کی بہادر افواج نے پوری طرح چوکس اور تیاری کے ساتھ مؤثر انداز میں جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فضائیہ، بری افواج اور تمام سیکیورٹی اداروں نے بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور جواب دے کر دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان نہ صرف امن کا علمبردار ہے بلکہ اپنے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار بھی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ہم نے پہلے ہی عالمی برادری اور بھارت کو واضح کر دیا تھا کہ افواجِ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، اور آج اس کا عملی مظاہرہ پوری دنیا نے دیکھ لیا۔
انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی میں بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سول آبادی کو نشانہ بنایا، جس کا افواجِ پاکستان نے نہایت پیشہ ورانہ انداز میں جواب دیا۔ افواجِ پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد بھارت نے پسپائی اختیار کرتے ہوئے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے اور جنگی جنون میں مبتلا بھارتی قیادت کو ایک بار پھر ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام سمیت پورا پاکستان، افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ دشمن یہ جان لے کہ یہ ایک قوم ہے، ایک ریاست ہے، اور ایک آواز ہے۔ ہماری دعا، ہمارا حوصلہ، اور ہمارا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ افواجِ پاکستان کے لیے خصوصی دعا کریں اور ہر سطح پر اتحاد، نظم و ضبط اور قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: بھرپور جواب کہ پاکستان وزیر اعلی بھارت کی کہا کہ
پڑھیں:
پاکستانی مسلح افواج کا دشمن کو بھرپور جواب، پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیارے مار گرائے: سیکیورٹی ذرائع
پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پاک فضائیہ نے دشمن کے دو جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائیہ کے تمام طیارے محفوظ ہیں اور کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی مسلح افواج مکمل چوکس اور متحرک ہیں، اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے۔ پاک فضائیہ نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا اور دشمن کی فضائی برتری کو چیلنج کرتے ہوئے فوری کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق، پاکستانی افواج کی طرف سے فضائی، زمینی اور دفاعی سطح پر ہائی الرٹ جاری ہے، جبکہ ملک کی فضائی حدود پہلے ہی 48 گھنٹوں کے لیے بند کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب، عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں۔ دفاعی ادارے ملکی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پوری طرح مستعد ہیں۔