حقیقی معلومات فراہمی کیلئے خصوصی کنٹرول روم قائم، عظمیٰ بخاری کا دورہ
اشاعت کی تاریخ: 9th, May 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر محکمہ تعلقات عامہ جدید کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے تاکہ ہنگامی اور غیرمعمولی حالات میں عوام کو بروقت، درست اور مستند معلومات فراہم کی جاسکیں۔ وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر میں قائم اس کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہاں موجود انتظامات، ورکنگ سسٹم اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا بخاری اور ڈی جی پی آر غلام صغیر شاہد بھی شریک ہوئے۔ وزیر اطلاعات نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل میڈیا کو فوری طور پر متحرک کیا جائے تاکہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی جھوٹی اور گمراہ کن معلومات کا بر وقت اور مؤثر طور پر جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں دو محاذوں پر جنگ لڑی جا رہی ہے، ایک سرحدوں پر اور دوسری سوشل میڈیا پر۔ سوشل میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال سے ہم اپنی افواج کا حوصلہ بلند کر سکتے ہیں۔"غیر معمولی حالات میں عوام تک درست، بروقت اور سچ پر مبنی معلومات پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔" انہوں نے زور دیا کہ کنٹرول روم کے قیام کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ عوام کو حالات کی صحیح اور واضح تصویر پیش کی جائے۔ میٹنگ کے دوران عظمیٰ بخاری، سیکرٹری اطلاعات اور ڈیجیٹل میڈیا ونگ کے ارکان نے نعرہ تکبیر "اللہ اکبر" اور "پاک فوج زندہ باد" کے فلک شگاف نعرے لگا کر جذبہ حب الوطنی کا اظہار کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: کنٹرول روم
پڑھیں:
پاکستان ڈی ایٹ ممالک کے ساتھ مضبوط معاشی شراکت داری قائم کرنا چاہتا ہے، عرفان سومرو
وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل عرفان سومرو نے کہا ہے کہ تجارتی ڈپلومیسی حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور پاکستان ڈی ایٹ ممالک کے ساتھ محض تجارتی حجم بڑھانے کا خواہاں نہیں بلکہ مضبوط اور پائیدار معاشی شراکت داری قائم کرنا چاہتا ہے۔
فیڈریشن ہاؤس کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے زیر اہتمام ڈی ایٹ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (D-8 CCI) کی پاکستان نیشنل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دائریکٹر جنرل وزارت خارجہ عرفان سومرو نے کہا کہ ڈی ایٹ کے قیام کو تین دہائیاں گزر چکی ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ اس وژن کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایٹ ممالک کی مشترکہ معیشت تقریباً 5 ہزار ارب ڈالر پر مشتمل ہے اور ایک ارب سے زائد آبادی مشرق بعید سے افریقہ تک پھیلی ہوئی ہے، جو باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت، معدنیات، سیاحت اور نوجوان افرادی قوت ڈی ایٹ ممالک کے اہم اثاثے ہیں، تاہم مختلف مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر مؤثر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث رکن ممالک اپنی حقیقی معاشی صلاحیت سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا پا رہے۔
ڈی جی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان کی ڈی ایٹ ممالک کے ساتھ سالانہ تجارت تقریباً 11 ارب ڈالر ہے، جس میں 8 ارب ڈالر درآمدات جبکہ 2.8 ارب ڈالر برآمدات شامل ہیں، اس عدم توازن کو کم کرنے اور برآمدات میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔
عرفان سومرو نے کہا کہ پاکستان کی بندرگاہیں اور نوجوان آبادی ملکی معیشت کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں، کاروباری برادری پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی سفارت خانوں کے ساتھ روابط بڑھائے تاکہ نئی منڈیوں تک رسائی اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بین الاقوامی معاہدے اور سازگار پالیسی فریم ورک فراہم کر سکتی ہے، تاہم تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا نجی شعبے کی ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں ایف پی سی سی آئی کا کردار انتہائی اہم ہے۔
ڈائریکٹر جنرل وزارت خارجہ نے خواتین اور نوجوان کاروباری افراد پر زور دیا کہ وہ علاقائی تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کریں، پاکستان ڈی ایٹ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے قاہرہ میں منعقدہ چوتھی ڈی ایٹ ٹریڈ منسٹر کونسل کے فیصلوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے استنبول میں ترکیہ کی تنظیم TOBB کی سرپرستی میں ڈی ایٹ چیمبرز کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام کو اہم پیش رفت قرار دیا۔
ڈی ایٹ سیکریٹری جنرل سہیل محمود نے اپنے خصوصی پیغام میں رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ حلال معیشت، مالیاتی انضمام اور علاقائی تجارت کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا کہ ڈی ایٹ ممالک کے درمیان اندرونی تجارت میں نمایاں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور فیڈریشن پریفرینشل ٹریڈ ایگریمنٹ (پی ٹی اے) کو ناگزیر سمجھتی ہے۔
اجلاس میں انڈونیشیا، ترکیہ، ایران، مصر، ملائیشیا، نائجیریا، آذربائیجان اور بنگلہ دیش کے قونصل جنرلز، سینئر سفارت کاروں، ایف پی سی سی آئی کے نائب صدور امان پراچہ، آصف سخی، سابق صدر زبیر طفیل، سابق نائب صدور خالد تواب، حنیف گوہر، شبیر منشا، ناہید مسعود، نازلی عابد، ماہین خان اور دیگر کاروباری رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔