ججز کا اختلافی نوٹ بینچ سربراہ کی منظوری سے ہی اپ لوڈ ہو گا
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
اسلام آباد:
سپریم کورٹ نے پالیسی کے طور پر یہ طے کیا ہے کہ اگر کوئی جج اختلافی نوٹ تحریر کرتا ہے تو اسے اسی بینچ کے سربراہ کی منظوری کے بعد ہی عدالت عظمیٰ کی ویب سائٹ پر پبلک کیا جائے گا۔
ایکسپریس کو ایک ذمے دار ذریعہ نے بتایا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق بارہ جولائی کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی اپیلوں پر جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس عقیل عباسی کے اختلافی نوٹ آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کی منظور ی کے بعد ہی سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہو سکیں گے۔
ماضی میں کوئی جج اگر کیس کے آغاز پر ہی اختلاف کرکے بینچ سے اٹھ کر چلا جاتا تو اسکی اختلافی رائے اسی وقت سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر پبلک کردی جاتی تھی ۔
مزید پڑھیں: مخصوص نشستوں کا کیس: جسٹس عائشہ کا اختلافی نوٹ ویب سائٹ پر نہ آنے پر چیف جسٹس کو خط
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کے نام لکھا گیا خط منظر عام پر آیا جس میں جسٹس عائشہ ملک نے چیف جسٹس سے کہا آئی ڈپارٹمنٹ نے دونوں ججز کا اختلافی نوٹ اپلوڈ نہیں کیا۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 11 رکنی آئینی بینچ آج مخصو ص نشستوں کے متعلق نظر ثانی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔ اے پی پی کے مطابق پانچ رکنی آئینی بینچ سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج کرے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اختلافی نوٹ ویب سائٹ پر
پڑھیں:
صدر کو آئین کے تحت ججوں کے ٹرانسفر کا اختیار حاصل ہے، سپریم کورٹ
اسلام آباد:سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر ٹرانسفر کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا اور ہائی کورٹ کے ججوں کا ٹرانسفر آئین اور قانون کے مطابق قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججوں سینیارٹی اور تبادلے کے کیس کا 55 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ تحریر کیا، جس میں کہاگیا ہے کہ اصل نکتہ یا بنیادی شرط یہ ہے کہ جج کو ایک ہائی کورٹ سے دوسری ہائی کورٹ میں منتقل کرنے سے پہلے صدر مملکت کو متعلقہ جج کی رضامندی لینا ضروری ہے۔
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سب سے اہم دوسرا پہلو مشاورت کا عمل ہے، مشاورت کے عمل میں صدر مملکت چیف جسٹس آف پاکستان اور دونوں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان سے مشاورت کے پابند ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جسٹس سرفراز ڈوگر کا تبادلہ قانونی قرار؛ سپریم کورٹ نے ججز ٹرانسفر کیس کا محفوظ فیصلہ سنادیا
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صدرمملکت کو آئین کے تحت ججوں کے ٹرانسفر کا اختیار حاصل ہے، آئین کے آرٹیکل 175 اے اور 200 میں کوئی تضاد نہیں ہے، دونوں آرٹیکلز کے مطابق مختلف مواقع سے نمٹنے کے لیے موقف مختلف تھا۔
سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ جج کی منتقلی جج کی رضامندی اور مشاورت کے بغیر ممکن نہیں، ججوں کی منتقلی کا فیصلہ عدلیہ کے دائرہ اختیار میں ہے، منتقلی کے عمل میں عدلیہ کی رائے کو اولیت حاصل ہے۔
عدالتی فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ججوں کی منتقلی سے عدلیہ کی آزادی متاثر نہیں ہوتی، ججوں کی منتقلی میں بدنیتی یا انتقامی کارروائی ثابت نہیں ہوئی، ججوں کی منتقلی آئین اور قانون کے مطابق ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا سینیئر ترین جج ڈیکلیئر کر دیا
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ ایکٹ 2010 کا سیکشن 3 منتقلی پر قدغن نہیں لگاتا اور صوبائی نمائندگی کے اصول کی خلاف ورزی نہیں ہوئی، معاملہ سینیارٹی کے تعین کے لیے صدر کو واپس بھجوایا جاتا ہے۔