امریکی صدر ٹرمپ مشرق وسطیٰ کے 4 روزہ دورے کے آغاز میں سعودی عرب پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 13th, May 2025 GMT
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرق وسطیٰ کے 4 روزہ دورے کے آغاز میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے، جہاں سعودی ولی عہد اور عملی حکمراں محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا اور ملاقات بھی کی، اس موقع پر امریکی صدر کو روایتی قہوہ بھی پیش کیا گیا۔
امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ منگل کی صبح سعودی دارالحکومت ریاض پہنچے، جو ان کے 4 روزہ دورے کا پہلا پڑاؤ ہے، صدر ٹرمپ اس دورے میں قطر اور متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔
یہ ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس واپسی کے بعد پہلا بڑا غیر ملکی دورہ ہے، جس کا زیادہ تر محور تیل سے مالا مال خطے سے تجارتی معاہدے اور نئی سرمایہ کاری کی کوششیں ہوں گی۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب صدر کو سیکیورٹی سے متعلق خدشات کا سامنا ہے، جن کا اظہار موجودہ اور سابق امریکی فوجی، دفاعی اور خفیہ سروس اہلکاروں نے کیا ہے، یہ خدشات قطر کی جانب سے امریکا کو ایک پرتعیش طیارہ بطور تحفہ دینے کی پیشکش پر اٹھائے جا رہے ہیں، جو مبینہ طور پر صدر ٹرمپ کے استعمال کے لیے ہوگا۔
امریکی میڈیا کے مطابق دورے کے دوران امریکی صدر ٹرمپ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان بات چیت متوقع ہے جس میں ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کی امریکی کوششیں، غزہ کی جنگ کا خاتمہ، تیل کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا، اور دیگر اہم معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔
Post Views: 4.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: امریکی صدر
پڑھیں:
امریکی صدر کا دورہ سعودی عرب، بن سلمان کا ریاض میں ٹرمپ کا استقبال
بدھ کو امریکی صدر قطر کے دارالحکومت دوحہ جائیں گے اور متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں ایک روزہ قیام کے ساتھ خطے کے اپنے دورے کا اختتام کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ دوسرے دور صدارت کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے اور ولی عہد محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج منگل کی صبح سے تین ممالک سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کے اپنے علاقائی دورے کا آغاز کیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے دورے کا آغاز میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچے۔ اس کے بعد امریکی صدر بدھ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ جائیں گے اور متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں ایک روزہ قیام کے ساتھ خطے کے اپنے دورے کا اختتام کریں گے۔ گزشتہ روز سعودی کابینہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی زیر صدارت اپنے ہفتہ وار اجلاس میں امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون اور سٹریٹجک پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے اور اسے تمام شعبوں میں اس طرح ترقی دینے کا باعث بنے گا، جس سے مشترکہ مفادات حاصل ہوں۔