وزیرِ اعظم کی لاہور قلندرز کو ٹائٹل جیتنے اور پی سی بی کو ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد
اشاعت کی تاریخ: 26th, May 2025 GMT
وزیرِ اعظم شہباز شریف—فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لاہور قلندرز کو پی ایس ایل 10 کا ٹائٹل جیتنے اور پی سی بی کو ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی ہے۔
وزیرِ اعظم نے فائنل میچ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کو سراہا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف کامیابی کے ساتھ حاصل کیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی اور انتظامیہ کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام کھلاڑیوں، بالخصوص غیر ملکی کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں کوئٹہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 201 رنز بنائے تھے۔
لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے میں 202 رنز کا ہدف آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرکے تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: لاہور قلندرز کو
پڑھیں:
وزیرِداخلہ کی یو اے ای کے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ داخلہ سے ملاقات
فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیاوفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ یو اے ای کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہر پاکستانی کے لیے اثاثہ ہے، سیکیورٹی سمیت دوطرفہ تعاون کے ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی دورۂ متحدہ عرب امارات کے دوران یو اے ای کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ داخلہ سے ملاقات ہوئی۔
اماراتی وزارتِ داخلہ آمد پر محسن نقوی کا پُرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ محسن نقوی کا یو اے ای کی وزارتِ داخلہ کے اعلیٰ حکام سے تعارف بھی کروایا گیا۔
ملاقات میں پاکستانی شہریوں کو درپیش یو اے ای ویزا کے ایشوز، سیکیورٹی تعاون، انسدادِ منشیات وسمگلنگ، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لی اشتراک کار بڑھانے اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی خصوصاً آرٹیفشل انٹیلیجنس سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں دونوں دوست ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات، علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
دونوں وزرائے داخلہ کی جانب سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا خصوصاً ورک ویزا میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے ضروری اقدامات پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔
یو اے ای کے وزیرِ داخلہ کی اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔