احتجاجی سیاست شروع کرنے کیلئے پی ٹی آئی کا لائحہ عمل تیار
اشاعت کی تاریخ: 2nd, June 2025 GMT
26نومبر کے بعد ہماری سیاسی جدوجہد میں کمی آئی، توقع نہیں تھی ہم پر گولیاں چلائی جائیں گی
عمران خان نے تنظیمی عہدیداروں کو دوبارہ سے جہدوجہد شروع کرنے کی ہدایت دی ، شبلی فراز
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ احتجاجی سیاست دوبارہ سے شروع کرنے کے لیے پارٹی نے لائحہ عمل تیار کر لیا ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی 3 سال سے احتجاجی سیاست کر رہی ہے ، 26 نومبر کے بعد ہماری سیاسی جدوجہد میں کمی آئی، ہمیں توقع نہیں تھی کہ ہم پر گولیاں چلائی جائیں گی۔اْنہوں نے کہا کہ اب بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں شروع ہوئیں تو دوبارہ سرگرمیاں شروع ہو رہی ہیں، عمران خان نے تنظیمی عہدیداروں کو دوبارہ سے جہدوجہد شروع کرنے کی ہدایت دی ہے ۔شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے عمل دخل کے بغیر احتجاج زیادہ موثر نہیں ہوتا، علی امین گنڈاپور احتجاج میں جنید اکبر کو سپورٹ کریں گے ۔اْنہوں نے یہ بھی بتایا کہ جنید اکبر کو بانی پی ٹی آئی نے بنایا ہے اور ان پر اعتبار بھی ہے ۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
سیلابی نقصانات کم کرنے کیلیے قلیل اور وسط مدت کے فریم ورک پر کام شروع
اسلام آباد:سیلابی نقصانات کم کرنے کے لیے پاکستان انجینئرنگ کونسل نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے قلیل اور وسط مدت کے فریم ورک پر کام شروع کر دیا۔
پی ای سی کی جانب سے ماہرین کی اعلیٰ سطحی راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ عالمی ماہرین، وفاقی و صوبائی افسران اور ڈونر ایجنسیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
کانفرنس میں سیلابی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔
پی ای سی نے قلیل المدتی 12 ماہ کا ایکشن پلان تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا، ایک سے تین سال پر محیط وسط مدتی حکمت عملی بھی فریم ورک کا حصہ ہوگی۔
منصوبوں کا مقصد ہنگامی ردعمل کے بجائے مؤثر اور مربوط نظام اپنانا ہے۔ فریم ورک سے کمیونٹیز، روزگار اور بنیادی سہولیات پر سیلابی اثرات کم ہوں گے۔ سیلاب کے نقصانات سے زرعی پیداوار اور فوڈ سکیورٹی کو تحفظ دینے کا ہدف ایکشن پلان کا حصہ ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معیشت پر سیلابی دباؤ کم کرنے کے لیے پیشگی حکمت عملی ضروری ہے۔
چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں اداروں کو معمول سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا، 2026 اور اس کے بعد کے برسوں کے لیے سیلاب ریزیلینس فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے، انجینئرنگ کونسل حکومت اور اداروں کے ساتھ قریبی اشتراک کیلئے پرعزم ہے۔
انجینئر وسیم نذیر کا کہنا تھا کہ آئندہ سالوں میں سیلابی نقصانات میں نمایاں کمی لانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ فریم ورک میں زراعت، مویشی اور عوامی معیشت کو بچانے کے لیے اقدامات تجویز کیے جائیں گے۔
ماہرین کی آراء پر مشتمل ایکشن پلان تیار کرکے عمل درآمد کے لیے حکومت کو بھیجا جائے گا۔