وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی امت مسلمہ اور قوم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد
اشاعت کی تاریخ: 7th, June 2025 GMT
سٹی42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ اور پاکستانی قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس دن کی روحانی اور اجتماعی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید الاضحیٰ سنتِ ابراہیمی کی پیروی اور اطاعتِ الٰہی کا عظیم مظہر ہے، جو ہمیں قربانی، ایثار، صبر اور اللہ کی رضا کیلئے نفس کی خواہشات کو قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی قربانی اطاعت اور صبر کی ایسی لازوال مثال ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔
سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی، کھالوں کے حوالے سے پولیس کی اہم ایڈوائزری جاری
محسن نقوی نے مزید کہا کہ قربانی صرف جانور ذبح کرنا نہیں بلکہ اپنی ذاتی خواہشات کو اللہ کی رضا کی خاطر قربان کرنا ہی اصل روحِ عبادت ہے۔پاکستان کی سالمیت اور ترقی کی خاطر بھی ہمیں ذاتیات کو پسِ پشت ڈال کر اجتماعی مفادات کیلئے قربانی دینا ہوگی، جیسے معرکۂ حق میں قوم نے لازوال قربانیاں دیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو بھی بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج اور عوام کا اتحاد ملکی تاریخ کا روشن باب ہے۔ مادرِ وطن کے محافظوں، شہداء اور ان کے خاندانوں کو یاد رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ ان عظیم جان نثاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے قیامِ امن اور وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر یتیموں، بیواؤں، ناداروں اور مستحق افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں اور اصل عید کا لطف اُن کے چہروں کی مسکراہٹ میں تلاش کریں۔
عید قربان پر قومی کرکٹرز کی مبارکباد، نیک تمناؤں کا اظہار
عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن بھائی ہمارے دلوں اور دعاؤں کا حصہ ہیں، ہمیں ان کی آزادی اور سلامتی کیلئے بھی دعا کرنی چاہیے۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ یہ عید امتِ مسلمہ کیلئے رحمت، برکت، یکجہتی اور امن کا پیغام ثابت ہو۔
ذریعہ: City 42
کلیدی لفظ: سٹی42 وزیر داخلہ محسن نقوی کہا کہ
پڑھیں:
سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب اپنی پوزیشن پر کام جاری رکھیں، وزیر داخلہ سندھ
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اجلاس کو ہدایات دیں کہ مالی سال 2025/2026ء کے دوران سی پی ایل سی کی امداد میں اضافہ کے حوالے سے جامع سفارشات جلد سے جلد تیار کرکے برائے ملاحظہ و مزید ضروری اقدامات ارسال کی جائیں۔ اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی ذیر صدارت سی پی ایل سی ایکزیکٹیو کونسل کے پہلے باقاعدہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں سی پی ایل سی سے متعلق 05 ایجنڈاز پر مشتمل ترجیحات و دیگر ضروری امور پر بات چیت کی گئی اور مذید ہدایات دی گئیں، ان ایجنڈاز میں شامل سی پی ایل سی قواعد و ضوابط کے تحت دستیاب خالی آسامی پر ایکزیکٹیو کونسل میں پرائیویٹ رکن ثاقب شیرازی کو نامزد کیا گیا جبکہ وزیر داخلہ سندھ نے ایکزیکٹیو کونسل سے مشاورت کے بعد سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب کو انکی پوزیشن پر برقرار رہنے کی بھی ہدایت کی۔ مزید برآں اس موقع پر سلیکشن بورڈ کا باقاعدہ قیام عمل میں لاتے ہوئے عادل چھپرا کو سلیکشن بورڈ کا ڈپٹی چیف ایڈمن نامزد کیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس کے دیگر ایجنڈاز پر بات بحث کے بعد فائنانس کمیٹی کا بھی باقاعدہ قیام عمل میں لایا گیا اور شبر ملک کو ڈپٹی چیف سی پی ایل سی آپریشنز کی ذمہ داری تفویض کی گئی۔
وزیر داخلہ سندھ نے اجلاس کو ہدایات دیں کہ مالی سال 2025/2026ء کے دوران سی پی ایل سی کی امداد میں اضافہ کے حوالے سے جامع سفارشات جلد سے جلد تیار کرکے برائے ملاحظہ و مزید ضروری اقدامات ارسال کی جائیں۔ اس موقع پر انہوں نے علی حاجی کی بطور ڈپٹی چیف سی پی ایل سی آئی ٹی بھی نامزد کیا۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ سی پی ایل سی سندھ پاکستان کا واحد ایسا ادارہ ہے جو اپنے کام اور خدمات کے لحاظ سے ناصرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی جانا جاتا ہے، میں چاہتا ہوں کہ اس ادارے کو صوبے کے تمام شہروں تک وسعت دیتے ہوئے اسکی خدمات کے دائرے کو بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ یہ ادارہ مزید محنت سے اپنا لوہا منوائے گا جبکہ حکومت سندھ ہر طرح سے سی پی ایل سی کی مدد و معاونت کے عمل کو جاری رکھے گی۔