کراچی؛ پولیس اہلکار کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی
اشاعت کی تاریخ: 10th, June 2025 GMT
کراچی:
اورنگی ٹاؤن میں موٹر سائیکلیں ٹکرانے پر پولیس اہلکار نے عدم برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کر دیا اور فائرنگ کی زد میں آکر دوسرا نوجوان زخمی ہوگیا جبکہ عزیز آباد تھانے میں تعینات اہلکار موقع سے فرار ہوگیا۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کی توحید کالونی میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 27 سالہ فہیم اور زخمی نوجوان کی شناخت 21 سالہ انس کے نام سے ہوئی اور زخمی نوجوان کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
ایس ایچ او مومن آباد معراج انور نے بتایا کہ واقعہ دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول اور ملزم ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقتول فہیم اور ملزم اشتیاق کی موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرائی تھیں جس پر جھگڑا ہوا اور اس دوران اشتیاق اپنے گھر چلا گیا اور کچھ دیر بعد بھائی آصف کے ہمراہ اسلحہ لے کر آیا اور فہیم پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ سینے پر گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
ایس ایچ او مومن آباد نے بتایا کہ مقول کے سینے سے پار ہونے والی گولی ان کے دوست اور محلے دار انس کی ٹانگ پر جا کر لگی جس سے وہ بھی زخمی ہوگیا۔
معراج انور نے مزید بتایا کہ فائرنگ کرنے والا ملزم اشتیاق پولیس اہلکار ہے اور عزیز آباد تھانے میں تعینات ہے جو کہ موقع سے اپنے بھائی سمیت فرار ہوگیا تاہم پولیس دونوں بھائیوں کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے جنھیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا اور پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پولیس اہلکار
پڑھیں:
مستونگ: قومی شاہراہ پر بلوچستان کانسٹیبلری کے افسر کی گاڑی پر فائرنگ، اہلکار شہید، 2 زخمی
مستونگ(نیوز ڈیسک) مستونگ میں بلوچستان کانسٹیبلری کے افسر کی گاڑی پر حملے میں 2 اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے بتایا کہ فائرنگ کا مستونگ میں قومی شاہراہ پر پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کا ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
شاہد رند نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں قائم مقام ڈی ایس پی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے، سیکیورٹی فورسز جائے وقوع پر موجود ہیں جبکہ علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔
دریں اثنا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں شہید اہلکاروں کی تعداد 2 ہوگئی ہے جن میں ایکٹنگ ڈی ایس پی عبد الرزاق اور سپاہی راز محمد شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق حملے میں زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
Post Views: 1