عوام دوست بجٹ پیش کیا، مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو ریلیف دے رہی ہے: عظمیٰ بخاری
اشاعت کی تاریخ: 11th, June 2025 GMT
---فائل فوٹو
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو ریلیف دے رہی ہے، سیاسی مخالفین کو ترقی کا یہ سفر ہضم نہیں ہو رہا۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری اور صوبائی وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق نے لاہور میں مشترکا پریس کانفرنس کی۔
اس دوران عظمیٰ بخاری نے کہاکہ وفاقی حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، وزیرِ اعظم مبارکباد کے مستحق ہیں، ملک میں ایک مخلوق ایسی بھی ہے جو پاکستان کی ترقی پر خوش نہیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے دنوں صوبے میں صفائی ستھرائی کا مثالی کام ہوا، سندھ کے عوام مریم نواز کو اپنے صوبے کی وزیراعلیٰ دیکھنے کی خواہش ظاہر کر رہے ہیں۔
صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں مفادِ عامہ کے جو کام ہوئے وہ 74 سالہ تاریخ میں کسی صوبے میں نہیں ہوئے، پنجاب بھی وفاق کی طرز پر عوام کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بھرپور ریلیف فراہم کرے گا۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
پی ٹی آئی کے سابق صوبائی صدر ساتھیوں سمیت مسلم لیگ نون میں شامل
پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی صدر کی وزیراعظم سے ملاقات میں مسلم لیگ نون میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے آپ خیبر پختونخوا میں نون لیگ کی پالیسیوں کو فروغ دینے اور عوامی روابط بڑھانے کے حوالے سے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی صدر اور سابق صوبائی وزیر نوابزادہ محسن علی خان کی ملاقات ہوئی۔ملاقات کے دوران نوابزادہ محسن علی خان اپنے بیٹے شہر یار اور کئی ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ نون کے صوبائی صدر اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے نوابزادہ محسن علی خان کا پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ امید ہے آپ خیبر پختونخوا میں نون لیگ کی پالیسیوں کو فروغ دینے اور عوامی روابط بڑھانے کے حوالے سے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی فلاح و بہبود اور وہاں امن و امان کے فروغ کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔