’’حالات معمول پر آنے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں‘‘؛ سعودی فرمانروا
اشاعت کی تاریخ: 14th, June 2025 GMT
سعودی فرماں روا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ایک اہم انسانی اور اسلامی قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے واضح اور دو ٹوک انداز میں ہدایات جاری کی ہیں کہ موجودہ غیر یقینی حالات میں سعودی عرب میں مقیم ایرانی زائرین کو نہ صرف مکمل تحفظ فراہم کیا جائے بلکہ ان کی ہر ممکن دیکھ بھال اور سہولت کو یقینی بنایا جائے۔
وزارتِ حج و عمرہ کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں کہ ایران کے شہریوں کو، جو حج یا عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آئے ہوئے ہیں، کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شاہ سلمان نے کہا کہ ’’جب تک ایران میں حالات معمول پر نہیں آجاتے، تب تک یہ زائرین ہمارے مہمان ہیں، اور مہمان نوازی ہمارے دینی و اخلاقی فرائض میں شامل ہے۔‘‘
اس سال تقریباً 16 لاکھ افراد نے حج کی سعادت حاصل کی، جن میں ہزاروں ایرانی بھی شامل تھے۔ ایسے وقت میں جب ایران کی فضائی حدود کو اسرائیلی حملوں کے خدشے کے پیشِ نظر بند کردیا گیا ہے، سعودی عرب نے اس فیصلے سے بین الاقوامی سطح پر نہ صرف اسلامی یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے بلکہ انسانی ہمدردی کا پیغام بھی دیا ہے۔
دوسری جانب خطے میں کشیدگی شدید ہو چکی ہے۔ گزشتہ جمعے کی صبح اسرائیل نے ایران کے کئی حساس علاقوں پر فضائی حملے کیے، جن میں فوجی رہائش گاہیں اور جوہری تنصیبات نشانہ بنیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں 6 ایرانی سائنسدانوں سمیت 86 افراد شہید ہوگئے۔
اس حملے کے بعد ایران نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے ’’آپریشن وعدہ صادق سوم‘‘ کے نام سے ایک زوردار جوابی حملہ کیا، جس کے تحت محض ایک گھنٹے کے دوران تین مرحلوں میں اسرائیل پر ڈیڑھ سو سے دو سو میزائل داغے گئے۔ پہلے مرحلے میں 100، دوسرے میں 50، اور تیسرے میں بھی تقریباً 50 میزائل فائر کیے گئے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
اسحاق ڈار کا ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ، غزہ بحران پر تبادلہ خیال
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی بحران، فلسطینی عوام کی مشکلات پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان ایران اعلیٰ سطح کے دورے کے تبادلے پر بھی بات چیت کی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے غزہ کے لیے فوری اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ امید ہے آج نیویارک میں فلسطین متعلق کانفرنس مثبت نتائج کی حامل ہوگی۔
قبل ازیں وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیرِ خارجہ شیخ عبداللّٰہ بن زید النہیان کے ساتھ ملاقات کی۔
اپنے بیان میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ پر ویزا چھوٹ پر اتفاق کیا گیا ہے۔