ذات پر مبنی مردم شماری مخصوص مفاد کیلئے نہیں بلکہ ملک و عوام کی بہتری کیلئے ہونی چاہیئے، مایاوتی
اشاعت کی تاریخ: 17th, June 2025 GMT
مایاوتی نے بی جے پی کے گزشتہ گیارہ سالہ اقتدار پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ حکومت نے اپنے دور اقتدار کی جو بے شمار کامیابیاں گنوائی ہیں، انکا زمین پر کتنا اثر ہوا، یہ عوام خود وقت آنے پر بتائیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے ایک بار پھر ذات پر مبنی مردم شماری کے مسئلے پر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے اور زور دے کر کہا ہے کہ یہ عمل ملک و عوامی مفاد سے جڑا ہوا ہے، اس لئے اسے وقت پر اور دیانتداری سے مکمل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے یہ بات آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان کے ذریعے کہی۔ مایاوتی نے بی جے پی کے گزشتہ گیارہ سالہ اقتدار پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ حکومت نے اپنے دور اقتدار کی جو بے شمار کامیابیاں گنوائی ہیں، ان کا زمین پر کتنا اثر ہوا، یہ عوام خود وقت آنے پر بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غربت، بیروزگاری اور عوامی مصائب جیسے مسائل میں کوئی بنیادی تبدیلی نظر نہیں آ رہی، اس لئے حقیقی فائدہ کا اندازہ عوام خود لگائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قومی اور ذات پر مبنی مردم شماری کا عمل کافی وقت سے زیر التوا تھا لیکن مسلسل مطالبات اور دباؤ کے بعد اب اس سمت میں کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ مایاوتی نے کہا کہ یہ صرف مردم شماری نہیں بلکہ عوامی بہبود اور فلاح و ترقی کے لئے بنیادی معلومات فراہم کرنے والا قدم ہے، جس سے مختلف طبقات کی صحیح نمائندگی اور مسائل کی نشاندہی ممکن ہو سکے گی۔
مایاوتی نے اپنی پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کو صحیح معلومات دینا اور انہیں باشعور بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اترپردیش سمیت دیگر ریاستوں میں بہوجن سماج پارٹی کی تنظیمی سطح پر میٹنگیں جاری ہیں تاکہ آئندہ انتخابات اور عوامی حمایت میں بہتری لائی جا سکے۔ حال ہی میں مشرقی اترپردیش میں ایک اہم پارٹی میٹنگ ہوئی جس میں تنظیم کو مضبوط کرنے، نچلی سطح پر کارکنوں کو سرگرم کرنے اور ووٹر بیس کو بڑھانے پر خاص زور دیا گیا۔ مایاوتی کے مطابق یہ مہم ان کی نگرانی میں مسلسل جاری ہے۔ اس کے علاوہ بہار میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں بھی بی ایس پی کی تیاری جاری ہے، جہاں حکمت عملی طے کی جا رہی ہے تاکہ بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔
خیال رہے کہ مودی حکومت نے مردم شماری کے لئے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اب مارچ 2027ء کو ریفرنس تاریخ مان کر ملک بھر میں ذات پر مبنی مردم شماری کی جائے گی۔ تاہم پہاڑی ریاستوں میں یہ عمل اکتوبر 2026ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ان ریاستوں میں اسی وقت کی آبادی کے اعداد و شمار ریکارڈ میں درج کئے جائیں گے۔ ذات پر مبنی مردم شماری کا مسئلہ حالیہ برسوں میں سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک بڑا ایشو بن چکا ہے، خاص طور پر کانگریس، سماج وادی پارٹی اور آر جے ڈی جیسی جماعتیں اس کو لے کر سرگرم ہیں۔ بہوجن سماج پارٹی کی طرف سے مایاوتی کا یہ بیان واضح کرتا ہے کہ ان کی جماعت بھی اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور اسے عوامی مفاد سے جوڑ کر پیش کر رہی ہے۔
ذریعہ
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ذات پر مبنی مردم شماری انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔