صدر زرداری کا مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر اظہار تشویش، فریقین کو سفارت کاری کا مشورہ
اشاعت کی تاریخ: 22nd, June 2025 GMT
اسلام آباد:
صدر آصف علی زرداری نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین کو سفارت کاری اپنانے کا مشورہ دیا ہے۔
صدر مملکت نے ایران پر امریکی حملے کے تناظر میں اپنا بیان جاری کیا اور صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بے قابو ہو سکتی ہے، جس سے لاکھوں معصوم جانوں کو خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، پرامن راستہ، مکالمہ اور سفارت کاری سے مسئلے کو حل کریں۔
صدر مملکت نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے مکالمہ ضروری ہے، عالمی برادری بحران کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خطے کے استحکام اور عوام کی بھلائی کے لیے عالمی کوششیں ناگزیر ہیں۔
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کہا کہ
پڑھیں:
بلاول بھٹو زرداری کی فیلڈ مارشل کی امن کوششوں کیلئے دعا
گلگت: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ دعا گو ہیں کہ جنگ کے خاتمے کے لیے فیلڈ مارشل کی کوششیں کامیاب ہوں کیونکہ خطے اور دنیا میں امن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
گلگت بلتستان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران میں ایک اسکول پر میزائل حملے کے نتیجے میں معصوم بچوں کی شہادت افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کا بوجھ صرف متاثرہ ممالک ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے عوام اٹھا رہے ہیں، اس لیے امن کی تمام کوششوں کا کامیاب ہونا ضروری ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک میں کوئی ایسا سیاستدان نہیں جس نے ان کی طرح ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ہو۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ گلگت بلتستان کی ہر تحصیل تک پہنچے ہیں اور عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔
انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کا واحد ایسا فلاحی پروگرام ہے جو براہِ راست غریب عوام تک پہنچتا ہے۔ ان کے مطابق اس پروگرام کے خلاف کی جانے والی تمام سیاسی سازشیں ناکام ہوں گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا تاریخی کردار رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کو دفاعی اور معاشی دونوں لحاظ سے مضبوط ہونا چاہیے اور ایسی معاشی پالیسی اختیار کی جانی چاہیے جس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچے۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی مقامی لوگوں کو ان کے وسائل پر حق ملکیت دلانے کے لیے کام کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کو حصہ دار بنایا جانا چاہیے تاکہ ترقی کے ثمرات سب سے پہلے مقامی لوگوں تک پہنچ سکیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر عوام نے انتخابات میں ان کی جماعت پر اعتماد کیا تو گلگت بلتستان میں صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔