وزیراعظم کی سفارتی وفد سے ملاقات، پاکستان کا مقدمہ عالمی سطح پر شاندار انداز سے لڑنے پر مبارک باد
اشاعت کی تاریخ: 25th, June 2025 GMT
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ کامیابی سے لڑنے پر بلاول بھٹو اور سفارتی وفد کی تعریف کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سفارتی وفد کے سربراہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے سفارتی وفد کی امریکہ اور یورپ میں ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
وزیرِ اعظم نے وفد کی جانب سے حالیہ بھارتی پروپیگنڈا کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور امریکا، یو کے اور یورپ کے کامیاب سفارتی دورے پر بلاول بھٹو زرداری سمیت وفد کے دیگر ارکان کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے سفارتی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عالمی سطح پر، پاکستان کے موقف کی بھرپور اور بہترین ترجمانی پر آپ سب کو مبارک پیش کرتا ہوں۔ آپ نے پاکستان کا مقدمہ قومی جذبے سے لڑا اور کامیاب ہوکر لوٹے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شیری رحمن، ڈاکٹر مصدق ملک، محترمہ حنا ربانی کھر، سینیٹر بشری انجم بٹ ، سینیٹر فیصل سبزواری ،انجینئر خرم دستگیر اور جناب جلیل عباس جیلانی اور محترمہ تہمینہ جنجوعہ پر مشتمل وفد نے امریکہ، یو کے اور یورپ میں پاکستان کے موقف کی قومی جذبے سے ترجمانی کی، پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں اس کا اعتراف ہورہا ہے۔ الحمدللہ
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نہایت احسن انداز میں پاکستان کے موقف کو بیان کیا جبکہ وفد نے پہلگام سے لے کر سندھ طاس معاہدے تک کے واقعات کو صحیح تناظر اور احسن انداز میں پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم، قوم کی دعاؤں اور ہماری بہادر مسلح افواج کی عسکری مہارت سے بھارت کو اپنے بلاجواز جنگی جنون کی بھاری قیمت اُٹھانا پڑی۔
بجٹ پر گفتگو
وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ 2025-26 میں تنخواہ داروں سمیت سب طبقات کو ریلیف دینے کی کوشش کی ہے، بجٹ سازی میں تمام اتحادی جماعتوں بشمول پاکستان پیپلز پارٹی کے تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ سب کی رہنمائی، تعاون اور تجاویز سے ہم داخلی اور خارجی چیلنجز میں سرخرو ہوں گے۔
عشائیے میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر اوورسیز پاکستانی چوہدری سالک حسین، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ، معاون خصوصی طلحہ برکی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان بلاول بھٹو زرداری سفارتی وفد نے کہا کہ
پڑھیں:
پاکستان میں اسمارٹ فون کا استعمال 62 سے بڑھ کر 72 فیصد تک پہنچ گیا، وزیراعظم کو بریفنگ
اسلام آباد:پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024ء میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026ء میں 72 فیصد ہوگیا، وزیراعظم نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی کارکردگی پر اجلاس ہوا جس میں ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر تعلیم خالد مقبول، وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موبائل اسپیکٹرم کی دستیابی جون 2025ء میں 274 میگا ہرٹز سے بڑھ کر جون 2026ء میں 880 میگا ہرٹز ہوگئی، موبائل اسپیکٹرم میں اضافے سے انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیراعظم کو "کنیکٹ پاکستان وژن 2030ء " کے اجراء کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا ہے کہ باغ، آزاد جموں و کشمیر میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک مکمل ہو چکا ہے، پاکستان میں اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کا تناسب 2024ء میں 62 فیصد سے بڑھ کر جون 2026ء میں 72 فیصد ہوگیا، جون 2026ء تک 5.1 ملین گھروں میں فکسڈ براڈ بینڈ /فائبر کنکشن دئیے گئے، حکومتی اقدامات کی بدولت پچھلے مالی سال آئی ٹی کے شعبے میں ہوئی برآمدات میں فری لانسرز کا حصہ 1164.7 ملین ڈالر رہا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت حکومت پاکستان کی 130 سروسز کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے، پچھلے مالی سال آئی ٹی کے شعبے میں 942,646 تربیتی سرٹیفکیٹس دیئے گئے جن میں 5053 ہائے اینڈ تربیتی پروگرام منعقد ہوئے ؛ لیڈرشپ اور سافٹ اسکلز کی 2700 ٹرینینگز کا انعقاد ہوا، ویمن انوویشن اینڈ اسٹارٹ اپ ایمپاورمنٹ لیب کے منصوبہ کا افتتاح جلد ہی ہوگا۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ چینی کمپنی علی بابا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت وفاقی حکومت کی کئی وزارتوں اور اداروں میں مصنوعی ذہانت کی نفاذ اور اس حوالے سے کئی منصوبے اور تربیتی سیشنز منعقد کئے جا رہے ہیں۔
بتایا گیا کہ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن، وزارت ریلوے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی، وزارت قومی غذائی تحفظ ، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پاکستان سنگل ونڈو، وزارت قومی غذائی تحفظ، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان، پاکستان پوسٹ، وفاقی ترقیاتی ادارہ، وزارت بحری امور اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن میں علی بابا مصنوعی ذہانت کے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سالانہ آئی ٹی برآمدات 21 فیصد اضافے کے ساتھ 4.6 ارب امریکی ڈالر تک پہنچنے پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تمام ٹیم کی پذیرائی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ حکومت کی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے لئے جانے والے اقدامات پالیسیوں کا ثمر ہے، ملک میں آئی ٹی کے شعبے کا فروغ اور آئی ٹی سے متعلق برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، آئی ٹی کے شعبے میں دیئے جانے والے تربیتی کورسز کی معتبر تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، آئی ٹی کے شعبے میں تربیت کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم نے ملک بھر میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔