(وزیراعظم کی بلاول بھٹوسے ملاقات) پاکستان کا مقدمہ عالمی سطح پر شاندار انداز سے لڑنے پر مبارک باد
اشاعت کی تاریخ: 25th, June 2025 GMT
پہلگام سے سندھ طاس معاہدے تک کے واقعات کوعالمی سطح پر شاندار انداز سے پیش کیا،شہباز شریف
سفارتی وفد نے پاکستان کا مقدمہ قومی جذبے سے لڑا اور کامیاب ہوکر لوٹے، عشائیہ میں گفتگو
وزیر اعظم کی بلاول بھٹو اور سفارتی وفد سے ملاقات ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ کامیابی سے لڑنے پر بلاول بھٹو اور سفارتی وفد کی تعریف کی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے سفارتی وفد کے سربراہ اور چیٔرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی۔بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے سفارتی وفد کی امریکہ اور یورپ میں ملاقاتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیرِ اعظم نے وفد کی جانب سے حالیہ بھارتی پروپیگنڈا کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور امریکا، یو کے اور یورپ کے کامیاب سفارتی دورے پر بلاول بھٹو زرداری سمیت وفد کے دیگر ارکان کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے سفارتی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عالمی سطح پر، پاکستان کے موقف کی بھرپور اور بہترین ترجمانی پر آپ سب کو مبارک پیش کرتا ہوں۔ آپ نے پاکستان کا مقدمہ قومی جذبے سے لڑا اور کامیاب ہوکر لوٹے۔وزیراعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شیری رحمن، ڈاکٹر مصدق ملک، محترمہ حنا ربانی کھر، سینیٹر بشری انجم بٹ ، سینیٹر فیصل سبزواری ،انجینئر خرم دستگیر اور جناب جلیل عباس جیلانی اور محترمہ تہمینہ جنجوعہ پر مشتمل وفد نے امریکہ، یو کے اور یورپ میں پاکستان کے موقف کی قومی جذبے سے ترجمانی کی، پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں اس کا اعتراف ہورہا ہے۔ الحمدللہ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نہایت احسن انداز میں پاکستان کے موقف کو بیان کیا جبکہ وفد نے پہلگام سے لے کر سندھ طاس معاہدے تک کے واقعات کو صحیح تناظر اور احسن انداز میں پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم، قوم کی دعاؤں اور ہماری بہادر مسلح افواج کی عسکری مہارت سے بھارت کو اپنے بلاجواز جنگی جنون کی بھاری قیمت اُٹھانا پڑی۔
.ذریعہ: Juraat
کلیدی لفظ: بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا مقدمہ پاکستان کے شہباز شریف سفارتی وفد نے کہا کہ
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف کا 26 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب، صدر ٹرمپ سے خصوصی ملاقات بھی ہوگی
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف 22 ستمبر سے 26 ستمبر 2025 تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کریں گے۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، دیگر وزراء اور اعلیٰ حکام بھی شریک ہوں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے اہم خطاب میں عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور فلسطین بالخصوص غزہ میں جاری سنگین انسانی بحران کی طرف متوجہ کریں گے۔ وہ دنیا پر زور دیں گے کہ کشمیری اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا جائے اور ان کی جدوجہد کو عالمی انصاف کے اصولوں کے مطابق حمایت فراہم کی جائے۔
وزیراعظم 26 ستمبر کو اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی پاکستان کا نقطہ نظر واضح کریں گے، جن میں دہشت گردی کے خلاف تعاون، اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحانات، ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور پائیدار ترقی کے اہداف شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران کئی اعلیٰ سطحی تقریبات میں شریک ہوں گے، جن میں سلامتی کونسل کے اجلاس، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کی میٹنگ اور ماحولیاتی تبدیلی پر خصوصی اجلاس شامل ہیں۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نیویارک میں اپنے قیام کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں ایک اہم ملاقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بھی طے ہے۔ یہ ملاقات چند منتخب اسلامی ممالک کے سربراہان کے ساتھ ہوگی، جس میں خطے کی سلامتی، فلسطین، کشمیر اور عالمی امن پر تفصیلی بات چیت متوقع ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ اور کثیرالجہتی تعاون کو ہمیشہ اہمیت دیتا ہے اور دنیا بھر میں امن و ترقی کے فروغ میں اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔