کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران پر فوجی حملہ، ایوان میں ٹرمپ کا مواخذہ کرنے کی کوشش ناکام
اشاعت کی تاریخ: 25th, June 2025 GMT
امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر کانگریس کی منظوری کے بغیر فوجی حملے پر مواخذہ کرنے کی کوشش روک دی ہے۔
ٹیکساس سے ڈیموکریٹک رکن کانگریس ال گرین کی جانب سے صدر پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے مواخذے کی قرارداد پیش کی گئی تھی، لیکن ایوان نے 79 کے مقابلے میں 344 ووٹوں سے اسے مسترد کر دیا۔
ال گرین نے ووٹنگ سے قبل کہا، "مجھے اس کام سے خوشی نہیں، لیکن میں یہ اس لیے کر رہا ہوں کیونکہ کسی ایک شخص کو 30 کروڑ لوگوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ آئین کی ساکھ سے جڑا ہے، اگر آئین کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو اس کی اہمیت ختم ہو جائے گی۔
گرین کی یہ کوشش ایسے وقت پر کی گئی جب صدر ٹرمپ نے بغیر کانگریس کو اعتماد میں لیے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کیے۔ اس پر کئی ڈیموکریٹس نے ناراضی کا اظہار کیا لیکن اکثریت نے مواخذے کے بجائے دیگر معاملات پر توجہ مرکوز رکھنے کو ترجیح دی۔
ڈیموکریٹ رکن پیٹ ایگیولر نے کہا کہ ہم اس وقت صدر کے مجوزہ ٹیکس اصلاحاتی بل پر کام کر رہے ہیں اور اس کے علاوہ کسی بھی معاملے پر توجہ دینا ایک "توجہ کی تقسیم" ہوگی۔
ٹرمپ کو اس سے قبل بھی دو بار مواخذے کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایک بار 2019 میں یوکرین پر امداد روکنے پر، اور 2021 میں کیپیٹل ہل پر حملے کی ترغیب دینے پر، لیکن دونوں بار سینیٹ نے انہیں بری کر دیا تھا۔
ال گرین نے واضح کیا کہ وہ امریکی جمہوریت کو آمرانہ طرزِ حکومت کی طرف جاتا دیکھ رہے ہیں، اسی لیے وہ یہ قدم اٹھا رہے ہیں تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ کانگریس کا کوئی رکن ان کارروائیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
مستونگ میں حملہ ملک کے امن اور استحکام پر حملہ، دشمن کے عزائم ناکام ہونگے: سرفرازبگٹی
وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مستونگ میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ حملہ پاکستان کے امن اور استحکام پر حملہ ہے، دشمن کے عزائم ناکام ہوں گے، ہمارے جوانوں کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی، دشمن کو ہر محاذ پر جواب دیں گے، میجر رضوان طاہر اور ان کے ساتھیوں نے مادرِ وطن پر جان نچھاور کی۔سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پوری قوم شہداء کی مقروض ہے، دہشتگردی کے ہر واقعہ کا حساب لیا جائے گا، قاتلوں کو انجام تک پہنچائیں گے، قوم اپنے شہداء کے ساتھ کھڑی ہے، ان کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔