لوئر کرم کے قبائل میں ایک سال کیلئے امن معاہدہ طے پاگیا
اشاعت کی تاریخ: 26th, June 2025 GMT
اس حوالے سے بالش خیل قلعہ میں ایک اہم جرگہ منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کرم اشفاق خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امیر نواز، ڈی پی او کرم ملک حبیب خان، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، انجمن حسینیہؑ اور انجمن فاروقیہ کے اراکین نے شرکت کی۔ اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اقدامات جاری ہیں، لوئر کرم بالش خیل، ابراہیم زئی، خار کلئے، میرو کس کے مابین ضلعی انتظامیہ اور مقامی مشران کی مسلسل کوششوں کے بعد ایک سال کے لیے امن معاہدہ (امن تیگہ) طے پا گیا ہے۔ اس حوالے سے بالش خیل قلعہ میں ایک اہم جرگہ منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کرم اشفاق خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر امیر نواز، ڈی پی او کرم ملک حبیب خان، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، انجمن حسینیہؑ اور انجمن فاروقیہ کے اراکین نے شرکت کی۔ جرگے میں مشران علاقہ جلال حسین بنگش، مولانا سید تجمل حسین، ملک نیاز بادشاہ اور منیر بنگش نے ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی قیام امن کے حوالے سے کاوشوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ علاقے میں جلد امن کا بول بالا ہوگا جرگہ میں محرم الحرام کے پرامن انعقاد پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس دوران مکمل امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے حکومت سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کرم اشفاق خان نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے فریقین کے درمیان مسلسل رابطہ، باہمی اعتماد اور مقامی سطح پر مسائل کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ علاقائی سطح پر امن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ بروقت رابطے اور باہمی مشاورت سے کسی بھی مسئلے کا فوری حل ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ امن، بھائی چارے اور علاقائی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ تمام قبائلی مشران نے معاہدے کی پاسداری اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر
پڑھیں:
کراچی: ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد
کمشنر کراچی نے جناح ایونیو پر ہیوی ٹریفک کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد کردی۔ کمشنر کراچی کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق سپر ہائی وے ایم نائن سے ملیر ہالٹ شاہراہِ فیصل تک ہیوی ٹریفک کی ممانعت ہوگی۔ پابندی دفعہ 144 کے تحت عوامی مفاد اور بہتر ٹریفک نظام کے لیے نافذ کی گئی۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ جناح ایونیو پر ہیوی ٹریفک کی بندش شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات دلانے کی کوشش ہے، ہیوی گاڑیوں کے لیے لنک روڈ ایسٹرن بائی پاس سے ساسی ٹول پلازہ تک متبادل راستہ ہوگا۔ کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ متبادل راستے پر گاڑیوں کو مقررہ اوقات میں آمد و رفت کی اجازت ہوگی، یہ پابندی سابقہ احکامات کی مدت تک برقرار رہے گی اور اس پابندی کا اطلاق کراچی ڈویژن کی حدود میں قانون کے مطابق نافذالعمل ہوگا۔ کمشنر کراچی کے مطابق پابندی کا فیصلہ ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش اور سیکریٹری آر ٹی اے کی رپورٹ پر فیصلہ کیا گیا، عوامی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس اور دیگر محکمے باہمی رابطے سے عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔