حکومت سندھ کا بڑی تعداد میں ای وی اور ہائبرڈ بسیں لانے کا فیصلہ
اشاعت کی تاریخ: 27th, June 2025 GMT
کراچی:
حکومت سندھ کی جانب سے حالیہ مالی سال کے دوران بڑی تعداد میں ای وی اور ہائبرڈ بسیں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی کے جاری تعمیری کام کی موجودہ صورتحال اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کو دونوں منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے، یلو لائن منصوبے کے مختلف پیکجز پر بھی تعمیری سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
سینیئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے اندر ڈبل ڈیکر بسوں کے ساتھ ساتھ مزید بسیں کراچی کی سڑکوں پر ہوں گی، صوبائی دارالحکومت میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو مکمل طور پر ای وی بسوں پر منتقل کرنے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں پہلی بار ای وی بسوں کے بعد پہلی بار ڈبل ڈیکر بسیں بھی حکومت سندھ متعارف کروانے جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی کراچی کے شہریوں کے لیے ایک انقلابی تبدیلی ثابت ہوں گے۔ بی آر ٹی منصوبوں کا مقصد شہریوں کو معیاری، محفوظ اور سستی ٹرانسپورٹ مہیا کرنا ہے۔ حکومت سندھ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وژن کے مطابق شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ تعمیری کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے عوام کو عالمی معیار کی سفری سہولیات میسر آئیں ، یہی پاکستان پیپلز پارٹی کی خدمت کا منشور ہے۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے مینیجنگ ڈائریکٹر کمال دایو، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، یلو لائن بی آر ٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی سمیت منصوبے سے وابستہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز شریک ہوئے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: لائن بی آر ٹی حکومت سندھ یلو لائن
پڑھیں:
سندھ حکومت کا خواتین کیلئے انقلابی قدم،مفت الیکٹرک اسکوٹیز دینے کا اعلان
سندھ حکومت نے خواتین اور طالبات کے لیے مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے جس کا باقاعدہ آغاز رواں ہفتے سے کیا جا رہا ہے۔مفت الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی سے متعلق ایک اہم اجلاس صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد زمین، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی مینیجنگ ڈائریکٹر کنول بھٹو سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنک اسکوٹی پروگرام خواتین کی خود مختاری اور آسان نقل و حرکت کے لیے ایک انقلابی اقدام ہے خاص طور پر اُن خواتین کیلئے جو روزانہ پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتی ہیں۔ اس اسکیم کے تحت دی جانے والی الیکٹرک اسکوٹیز نہ صرف وقت کی بچت کریں گی بلکہ خواتین کے سفری اخراجات میں بھی کمی لائیں گی۔شرجیل میمن نے کہا کہ اسکوٹیز کی تقسیم کا عمل مکمل شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر ہو گا اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے درخواست گزاروں کا ڈیٹا ترتیب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تمام طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین پر زور دیا کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔