لکی مروت: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو ٹریفک پولیس اہلکار شہید، اسلحہ بھی لے اڑے
اشاعت کی تاریخ: 1st, July 2025 GMT
لکی مروت کے علاقے غزنی خیل کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو ٹریفک پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ واقعہ گل باز دھقان کے قریب لونگ خیل روڈ پر پیش آیا، جہاں اہلکار معمول کی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ شہید اہلکاروں کا تعلق گاؤں لونگ خیل سے بتایا جا رہا ہے۔ واردات کے بعد حملہ آور اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، تاہم تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی یا ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہو سکتا ہے، مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
Post Views: 4.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
کراچی: فائرنگ اور کلہاڑی وار سے تین افراد زخمی
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور کلہاڑی کے وار سے تین افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ہجرت کالونی گلی نمبر 53 اے میں فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
سول لائن پولیس کے مطابق مضروب کی شناخت 24 سالہ فرید اللہ کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ خود کو گولی مار کر اقدام خودکشی کا معلوم ہوا ہے جس کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔
اورنگی ٹاؤن کے علاقے بخاری کالونی میں فائرنگ سے 55 سالہ تاج محمد زخمی ہوگیا۔اورنگی ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا فیوچر کالونی میں جھگڑے کے دوران سر پر کلہاڑی کے وار سے 46 سالہ وزیر شاہ شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔
شرافی گوٹھ پولیس کا کہنا ہے کہ 2 بھائیوں میں جائیداد کے تنازعے پر جھگڑا ہوا تھا جس میں اختر نے اپنے بھائی کو کلہاڑی کے وار سے زخمی کر دیا جو کہ موقع سے فرار ہوگیا ۔