چند ماہ میں 50 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کا ریکارڈ قائم کر دیا، مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 3rd, July 2025 GMT
لاہور (نیوز رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز کے اعلان کے مطابق ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘پراجیکٹ کے تحت جون میں 50 ہزارسے زائد گھروں کا ٹارگٹ پورا کیا گیا۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چند ماہ میں 50 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر کا قومی ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ جون 2025ء تک’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ کے تحت مکان بنانے کے لئے 51911سے زائدقرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘پراجیکٹ کے تحت مختصر مدت میں 57 ارب 90 کروڑروپے کے آسان قرضے دیئے جا چکے ہیں۔’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پراجیکٹ کے تحت 5293 مکانوں کی تعمیر مکمل ہوچکی اوراب یہ گھر مکینوں سے آباد ہیں جبکہ 41324 گھروں کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ کسی بھی سفارش کے بغیر گھر بنانے کے لئے قرضوں کا اجراء پنجاب بلکہ پاکستان کی تاریخ میں قابل تقلید مثال ہے۔ اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کا مقصد عوام کے لئے آسانی اور سہولت پیدا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت اپلائی کرنے والے ہر فرد کو سیاسی وابستگی سے بالا تر قرضے مل رہے ہیں۔ ملک کی تاریخ میں عوام کے گھر بنانے کا ریکارڈ قائم کیا، اپنے ریکارڈ خود ہی توڑیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف کا عوامی خدمت کا ویڑن اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ میں عملی صورت اختیار کر چکا ہے۔ لوگوں نے جھوٹے نعرے لگائے، مگر ہم عوام کے لئے گھر بنارہے ہیں۔ مریم نواز شریف مری سے واپسی پر فیلڈ ہسپتال دیکھ کر رک گئیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مری کے نواح میں مغل آبادکے قریب ایکسپریس وے پر کھڑے فیلڈ ہسپتال کا اچانک معائنہ کیا اور دستیاب سہولتوں کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہسپتال میں تعینات ڈاکٹر اور طبی عملے سے بات چیت کی۔ طبی سہولتوں کے بارے میں بتایا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے طبی ٹیسٹ اور ادویات کی مفت فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ شہری نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ ہسپتال شاندار اقدام ہے، ضعیف خواتین اور مریضوں کو بہت فائدہ ہورہا ہے۔ کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ دشوارگزار راستوں سے گزر کر ہسپتال جانے کی صعوبت برداشت کیے بغیر علاج کی سہولتیں گھر کی دہلیز پر ہی ملیں گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لئے اب فیلڈ ہسپتال خود چل کر ان کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔صحت کی سہولتیں عوام کا بنیادی حق ہے،عوامی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔دوسری طرف مریم نوازشریف کے پیشگی حفاظتی اقدامات کی بدولت دریا میں ڈوبتے شخص کو بچا لیاگیا۔اٹک کے نواحی علاقے ماڑی کنجور کے قریب دریائے ہرو میں چرواہا اچانک آنے والے سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آگیا۔اطلاع ملنے پر ریسکیو1122 کی تیار ٹیم فوراً ماڑی کنجور میں دریا ہرو پہنچ گئی۔ ریسکیو1122 ایمرجنسی سروس کے ماہراور مشتاق ریسکیورز نے فوری امدادی کارروائی کا آغاز کردیا۔ریسکیورز نے سینکڑوں فٹ نیچے جا کر مدد کے منتظر چرواہے کو دریا سے بحفاظت نکال لیا۔ریسکیوٹیم نے 45سالہ شہری کو دریائے ہروکے سیلابی ریلے سے نکال کر محفوظ مقام پرمنتقل کیامتاثرہ شخص نے وزیراعلی مریم نوازشریف اورریسکیورز کاشکریہ اداکیا وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اٹک کے انتظامیہ اورریسکیو ٹیم کو شاباش دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خود ریسکیو آپریشن کی ورچوئل مانیٹرنگ کی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مریم نواز شریف نے کہا کہ پراجیکٹ کے تحت اپنی چھت کی تعمیر اپنا گھر کے لئے
پڑھیں:
تلہ گنگ: مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت یادگارِ شہدا تعمیر کردی
تلہ گنگ کے گاؤں سگھر میں مقامی افراد کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت یادگارِ شہداء تعمیر کی گئی۔ یادگارِ شہداء پر 14 نومبر کو ایک شاندار اور جذبۂ حب الوطنی سے سرشار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقہ کے معززین کے علاوہ مختلف طبقات سے بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔
شرکاء نے مادرِ وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ گاؤں سگھر کو شہداء اور غازیوں کی سرزمین کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس کے 30 بہادر سپوتوں نے مادرِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جن میں 25 پاک آرمی اور 5 پاک فضائیہ کے شہداء شامل ہیں۔
گاؤں سگھر کی پہچان اس کے 766 غازی بھی ہیں جو پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ میں مختلف ادوار میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ تقریب کے دوران ورثائے شہداء میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔
چیف وارنٹ آفیسر (ر) ملک ملازم حسین نے کہا کہ ہم نے گاؤں کی عوام کے تعاون سے اپنے گاؤں میں یادگارِ شہداء تعمیر کی ہے۔ ہمارا گاؤں شہیدوں اور غازیوں کا گاؤں ہے۔ صوبیدار (ر) اعجاز حسین نے کہا کہ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت یادگار شہداء بنائی ہے اور ہمارے آج بھی 700 کے قریب غازی افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم اپنے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
نائیک (ر) غلام محمد نے کہا، میں نے اکہتر کی جنگ لڑی ہے اور آج بھی اس ملک کے لیے جان دینے کے لیے تیار ہوں۔یہ تقریب نہ صرف شہداء کی عظیم قربانیوں کا اعتراف تھا بلکہ سگھر کے باسیوں کی حب الوطنی، اتحاد اور پختہ عزم کا روشن ثبوت بھی ہے۔