مریم نواز کامری سے واپسی پر فیلڈ ہسپتال کا اچانک معائنہ، مریضوں سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 2nd, July 2025 GMT
مری: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ملکہ کوہسار سے واپسی کے دوران مغل آباد کے قریب ایکسپریس وے پر قائم فیلڈ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے فیلڈ ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ نے موقع پر تعینات ڈاکٹرز اور طبی عملے سے ملاقات کی اور ان سے فیلڈ ہسپتال کی ورکنگ اور سہولتوں کی دستیابی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ مریم نواز شریف نے مریضوں اور ان کے ہمراہ موجود اہل خانہ سے بھی گفتگو کی اور ان کے تاثرات سنے۔
ایک مریض نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ دشوار گزار راستوں سے گزرے بغیر علاج کی سہولتیں گھر کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔ یہ ایک شاندار اقدام ہے، خاص طور پر ضعیف خواتین اور بزرگ مریضوں کے لیے۔
وزیراعلیٰ نے مریضوں کو دی جانے والی مفت ادویات اور میڈیکل ٹیسٹ کی سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے فیلڈ ہسپتال اب خود چل کر ان کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل سے اب تک سوا کروڑ سے زائد مریض استفادہ کر چکے ہیں۔
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا علی امین گنڈاپور کو ٹیلیفون، تعاون کی یقین دہانی
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو ٹیلی فون کرکے سیلاب سے صوبے میں ہونے والے مالی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور عوام کی مدد کے لیے تعاون کا یقین دلایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران خیبرپختونخوا میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور ریسکیو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہادتوں پر تعزیت بھی کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب کے تمام وسائل خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کے ڈسپوزل پر ہیں، اہل پنجاب اپنے خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے غم میں شریک ہیں۔
انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے بھی شہادتوں پر تعزیت کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیراعلی پنجاب کا فون کرنے اور تعزیت پر شکریہ ادا کیا۔
علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے خیبرپختونخوا کے عوام کی بھرپور مدد کی یقین دہانی پر بھی شکریہ ادا کیا۔