اقوام متحدہ ہو یا آسیان مودی مُنہ چھپا رہا، سات، صفر کی شکست یاد دلائی جاتی رہے گی: بلاول
اشاعت کی تاریخ: 19th, November 2025 GMT
اسلام آباد،مظفرآباد،لاہور(نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت سے جنگ کے بعد پاکستان کا سٹینڈرڈ سب کے سامنے ہے اور مودی دنیا سے منہ چھپا رہا ہے۔ مظفر آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ امریکا اور دیگر ممالک انہیں یاد دلائیں گے کہ 7 جہازگرے تھے۔ اقوام متحدہ ہو یا آسیان، دنیا کا کوئی بھی فورم ہو بھارت وہاں سے بھاگ رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر عمران کو اقتدار دیاگیا تھا۔ میں خود انتخابات میں آپ کے پاس آیا تھا۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان نے مایوس نہیں کیا۔ جتنا سیاسی شعور کشمیر میں ہے اتنا کہیں نہیں ہے۔ بھارت پاکستان اور کشمیر کے بھائی چارے کونقصان پہنچاتا ہے۔ مودی سرکار کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ جنگیں بھی ہارے اور اب سازش بھی ہارو گے۔ جب آپ کا نمائندہ آپ کی نمائندگی نہیں کرسکتا تو عوام کو خود جدوجہدکرنا پڑتی ہے۔ کشمیرکے عوام جب سراپا احتجاج تھے تو فیصل راٹھور اس کو بھی دیکھ رہے تھے۔ اب مظفرآباد میں آپ کا نمائندہ فیصل راٹھور ہے۔ فیصل راٹھور نے عوام سے جو وعدے کیے وہ میرے پاس آپ کی امانت ہیں۔ ہم بند کمروں میں بیٹھ کر آزاد کشمیر کی حکومت نہیں چلائیں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو نے گورنر پنجاب کی صوبے کے عوام کیلئے جاری خدمات کو سراہا۔ گورنر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں نئے جذبے اور ولولے سے متحرک کر دیا ہے۔ قبل ازیںگورنر نے لارنس کالج گھوڑا گلی مری کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ پرنسپل نے ان کو ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بحیثیت گورنر ادارے کی ترقی کیلئے جو بھی ضرورت ہو پوری کروں گا۔ جامعات میں گڈ گورننس کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: بلاول بھٹو نے کہا
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔